
گرافکس ’ایکس‘ @FIFAWorldCup
’راؤنڈ آف 32‘ میں بدھ کا دن سنسنی، ڈرامہ اور تاریخی واپسیوں کے نام رہا۔ انگلینڈ اور بلجیم دونوں ایک وقت ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر تھے، لیکن آخری لمحات میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے شکست کو فتح میں بدل دیا۔ انگلینڈ نے کانگو ڈی آر کو 1-2 سے شکست دی، جبکہ بلجیم نے اضافی وقت میں سنیگال کو 2-3 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل، یعنی ’راؤنڈ آف 16‘ میں جگہ پختہ کر لی۔ دونوں مقابلوں میں اسٹار کھلاڑیوں نے دباؤ کے باوجود بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی ٹیموں کو بحران سے باہر نکالا۔ دوسری جانب امریکہ نے بوسنیا و ہرزیگووینا کو شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنائی۔ آئیے تینوں میچوں پر ایک سرسری نظر ڈالیں۔
Published: undefined
اٹلانٹا میں کھیلے گئے مقابلہ میں کانگو ڈی آر نے آغاز ہی سے انگلینڈ کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔ ساتویں منٹ میں برائن سیپینگا نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا پہلا گول کرتے ہوئے کانگو ڈی آر کو برتری دلا دی۔ اس کے بعد انگلینڈ نے مسلسل حملے کیے، لیکن کانگو کے گول کیپر لیونیل مپاسی نے کئی شاندار دفاع کیے۔ پہلے ہاف میں جوڈ بیلنگھم کے 2 زبردست ہیڈر گول میں تبدیل نہ ہو سکے۔ مارکس ریشفورڈ کا شاٹ بھی گول لائن سے کلیئر کر دیا گیا، جبکہ ہاف ٹائم سے عین قبل ہیری کین کی قریب سے لگائی گئی والی کو بھی گول کیپر نے روک لیا۔
Published: undefined
دوسری جانب کانگو ڈی آر کے پاس برتری دگنی کرنے کا بھی موقع تھا، لیکن یوآنے ویسا کی کوشش پوسٹ سے ٹکرا گئی۔ دوسرے ہاف میں انگلینڈ کے کوچ تھامس ٹوخیل کی تبدیلیاں فیصلہ کن ثابت ہوئیں۔ متبادل کھلاڑی انتھونی گورڈن کے کراس پر 75ویں منٹ میں ہیری کین نے ہیڈر کے ذریعہ برابری کا گول کر دیا۔ اس کے 11 منٹ بعد کین نے ڈیفنڈر کو چکمہ دیتے ہوئے زبردست شاٹ لگایا، جسے روکنا گول کیپر کے لیے ناممکن تھا۔ اس گول نے انگلینڈ کو 1-2 کی یادگار فتح دلائی۔
Published: undefined
اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار ہاف ٹائم تک پیچھے رہنے کے بعد کوئی مقابلہ جیتا۔ اس سے قبل عالمی کپ میں ایسے 9 میچ ہوئے تھے جن میں انگلینڈ پہلے ہاف کے بعد خسارے میں تھا۔ ان میں اسے 7 میں شکست ہوئی تھی، جبکہ 2 مقابلے برابر رہے تھے۔ اس طرح ٹیم نے برسوں پرانا ریکارڈ بدلتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ اس کے علاوہ ہیری کین نے عالمی کپ میں اپنا 13واں گول داغ کر ایک بار پھر بڑے اسٹیج پر اپنی اہمیت ثابت کی۔ انگلینڈ مسلسل تیسرے عالمی کپ میں راؤنڈ آف 16 تک پہنچنے میں بھی کامیاب رہا۔ اب اس کا مقابلہ میزبان میکسیکو سے ہوگا۔
Published: undefined
سیٹل میں کھیلے گئے دوسرے مقابلہ میں بلجیم کی حالت بھی انگلینڈ سے مختلف نہیں تھی۔ سنیگال نے شروع ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 25ویں منٹ میں حبیب دیارا نے ٹیم کو برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں اسماعیلہ سار نے شاندار گول کر کے اسکور 2-0 کر دیا۔ 85 منٹ تک ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ سنیگال آسانی سے اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گا، لیکن اس کے بعد میچ نے ایسا رخ اختیار کیا جس کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ 86ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی تھامس میونیئر کے پاس پر رومیلو لوکاکو نے گول کر کے بلجیم کی امیدیں زندہ رکھیں۔ 3 منٹ بعد لیانڈرو ٹروسارڈ کے کراس پر یوری تیلیمانس نے ہیڈر کے ذریعہ اسکور 2-2 کر دیا اور مقابلہ اضافی وقت میں پہنچ گیا۔
Published: undefined
اضافی وقت میں دونوں ٹیموں نے کئی مواقع پیدا کیے، لیکن فیصلہ کن لمحہ بالکل آخر میں آیا۔ اضافی وقت کے انجری ٹائم میں وی اے آر جائزے کے بعد بلجیم کو پنالٹی ملی۔ یوری تیلیمانس نے شدید دباؤ کے باوجود بہترین پنالٹی کو گول میں بدلتے ہوئے 120+5ویں منٹ میں ٹیم کو 2-3 کی ناقابل یقین فتح دلا دی۔ جب کوئی ٹیم 85 منٹ تک 2 گول سے پیچھے رہنے کے باوجود میچ جیت جائے تو اسے عالمی کپ کے یادگار ناک آؤٹ مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ تیلیمانس نے 2 گول کر کے بلجیم کی فتح میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔
Published: undefined
عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلہ کی تاریخ میں یہ صرف دوسری مرتبہ ہے جب بلجیم نے 2 گول سے پیچھے رہنے کے بعد میچ جیتا ہے۔ اس سے قبل 2018 کے عالمی کپ کے ’راؤنڈ آف 16‘ میں بلجیم نے جاپان کے خلاف 0-2 سے پیچھے ہونے کے باوجود 2-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 8 برس بعد ٹیم نے ایک بار پھر ویسی ہی یادگار واپسی کرتے ہوئے اپنی محنت و جدوجہد کا ثبوت دیا۔ اب بلجیم کی نظریں پری کوارٹر فائنل میں بھی اسی فارم کو برقرار رکھنے پر ہوں گی۔
Published: undefined
موریسیو پوچیٹینو کی قیادت میں امریکی ٹیم نے 2002 کے عالمی کپ کے ’راؤنڈ آف 16‘ میں بروس ایرینا کی کوچنگ میں میکسیکو کو 2-0 سے شکست دینے کے بعد پہلی بار عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلہ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ امریکی مڈفیلڈر مالک ٹلمن کو مشیلوب الٹرا سپیریئر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے پورے میچ میں شاندار کھیل پیش کیا اور فری کک پر ایسا گول کیا جسے امریکی فٹ بال طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔
Published: undefined
شریک میزبان امریکہ نے 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے بھی بوسنیا و ہرزیگووینا کو 0-2 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنائی۔ فولارین بالوگن اور مالک ٹلمن نے گول کیے۔ تاہم 64ویں منٹ میں بالوگن کو ریڈ کارڈ ملنے کے بعد امریکہ کو تقریباً 30 منٹ تک ایک کھلاڑی کے بغیر کھیلنا پڑا، لیکن ٹیم نے شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کر لی۔ اب ’راؤنڈ آف 16‘ میں امریکہ کا مقابلہ بلجیم سے ہوگا۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined