فٹبال

فیفا ورلڈ کپ 2026: مصر نے درج کی تاریخی جیت، پینلٹی شوٹ آؤٹ میں آسٹریلیا کو 4-2 سے دی شکست

پینلٹی شوٹ آؤٹ میں مصر نے اپنی چاروں کوششوں پر گیند کو گول میں پہنچا دیا، اس طرح مصر نے پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی بار راؤنڈ آف 16 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

تصویر/آئی اے این ایس

 

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں مصر نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ مصر نے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی پہلی فتح حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی مصر نے راؤنڈ آف 16 میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ دوسری جانب اس شکست کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا سفر ختم ہو گیا ہے۔ اس سنسنی خیز مقابلے میں 90 منٹ تک دونوں ٹیموں کی طرف سے 1-1 گول کیا گیا۔ اس کے بعد اضافی وقت میں بھی اسکور 1-1 رہا، جس کی وجہ سے میچ کے نتیجے کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ سے ہوا۔ شوٹ آؤٹ میں آسٹریلیا کی 2 کوششیں ناکام رہیں، جبکہ مصر نے 4 بار گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر پہلی بار راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔

Published: undefined

واضح رہے کہ مقابلے کے آغاز میں آسٹریلیا کی ٹیم حاوی نظر آئی۔ کرسچن وولپاٹو کا ایک بہترین شاٹ کراس بار سے ٹکرایا۔ اس کے باوجود میچ کے 13ویں منٹ میں ہی مصر 1-0 کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ کریم حافظ کے کراس کو امام عاشور نے بہترین ہیڈر کی مدد سے گول میں تبدیل کیا۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں یہ عاشور کا دوسرا گول تھا۔ دوسری جانب کئی کوششوں کے بعد بھی پہلے ہاف میں آسٹریلیا برابری حاصل نہ کر سکا اور ابتدائی 45 منٹوں تک مصر 1-0 کی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔

Published: undefined

دوسرے ہاف میں آسٹریلیا نے شاندار واپسی کی۔ میچ کے 55ویں منٹ میں ایڈن او نیل کی فری کک کو کلیئر کرنے کی کوشش میں مصر کے ڈیفنڈر محمد ہانی نے غلطی سے اپنے ہی گول میں گیند پہنچا دی۔ ہانی کی اس غلطی کے باعث اسکور 1-1 سے برابر ہو گیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کا دفاع بے حد مضبوط رہا اور 90 منٹ تک کوئی اور گول نہ ہو سکا۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ اضافی وقت میں بھی آسٹریلیا اور مصر دونوں نے گول کرنے کی کئی کوششیں کیں، لیکن کسی بھی ٹیم کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ پینلٹی شوٹ آؤٹ میں مصر نے اپنی چاروں کوششوں پر گیند کو گول میں پہنچا دیا، جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے ہیری ساؤٹر اور لوکاس ہیرنگٹن اپنے مواقع ضائع کر بیٹھے۔ اس طرح مصر نے پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی بار راؤنڈ آف 16 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

Published: undefined

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined