فلم اور تفریح

امیتابھ بچن کے بنگلے پر کار بم حملے کی دھمکی، دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ

ممبئی میئر کے دفتر کو دوبارہ بم سے اڑانے کی دھمکی دیتے ہوئے امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ پر کار بم حملے اور دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں آئی فون بم دھماکے کا دعویٰ کیا گیا

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / اے آئی</p></div>

علامتی تصویر / اے آئی

 

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ کو کار بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے ممبئی میں ہونے والے کنسرٹ کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔ اس ای میل میں کنسرٹ کے مقام پر آئی فون بم سے حملہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دھمکی آمیز ای میل سامنے آنے کے بعد ممبئی پولیس اور بم اسکواڈ نے متعلقہ مقامات پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ممبئی میئر کے دفتر کو ایک بار پھر بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والی ای میل موصول ہوئی ہے۔ اسی ای میل میں امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ پر کار بم حملے اور دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں آئی فون بم دھماکے کی بات کہی گئی ہے۔ پولیس ای میل بھیجنے والے کی شناخت اور دھمکی کی حقیقت جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔ فی الحال اس معاملے میں کسی حملے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بالی ووڈ کی کئی اہم شخصیات کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔ 18 اکتوبر 2026 کو اداکار ٹائیگر شراف کی گاڑی پر ممبئی کے جوہو علاقے میں فائرنگ کی گئی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹائیگر فٹ بال کھیلنے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔ حملے کے دوران تین افراد نے ان کی گاڑی پر گولیاں چلائیں۔ اس واقعے میں ٹائیگر شراف محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور اور سڑک پر کھڑے ایک مداح کو گولی لگی تھی۔ دونوں زخمیوں کی حالت اب بہتر بتائی گئی ہے۔

اس حملے کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔ گینگ کے ارکان انیل پنڈت اور ہرمن سندھو نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹائیگر شراف کو پہلے فون کر کے خبردار کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے بات نہیں مانی۔ گینگ کی جانب سے یہ دھمکی بھی دی گئی تھی کہ جو بھی سلمان خان کے ساتھ کام کرے گا، اگلا نشانہ وہ ہوگا۔

ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے معاملے میں ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے 20 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ پولیس اب تک اس معاملے میں 13 ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے۔ ان میں سے پانچ ملزمان کی پولیس تحویل میں توسیع کی گئی ہے، جب کہ سات ملزمان کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔

اس سے قبل اپریل 2024 میں سلمان خان کے باندرہ واقع گھر ’گیلیکسی اپارٹمنٹ‘ کے باہر بھی فائرنگ کی گئی تھی۔ حملہ آوروں نے ان کے گھر کے باہر پانچ گولیاں چلائی تھیں۔ اس کے علاوہ فلم ساز روہت شیٹی کے گھر کے باہر بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آ چکا ہے۔ کامیڈین کپل شرما کے کینیڈا میں واقع ریسٹورنٹ ’کیپس کیفے‘ پر بھی گولیاں چلائی جا چکی ہیں۔