کرکٹ

’وَنڈے عالمی کپ 2027‘ کے لیے وینیو کا اعلان، افریقہ کے 12 شہروں میں کھیلے جائیں گے مقابلے

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ ’’24 سال بعد اس باوقار ٹورنامنٹ کا افریقہ واپس آنا کرکٹ کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا اچھی مہمان نوازی کریں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>یک روزہ عالمی کپ 2027، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/ICC">@ICC</a></p></div>

یک روزہ عالمی کپ 2027، تصویر ’ایکس‘ @ICC

 

’انٹرنیشنل کرکٹ کونسل‘ (آئی سی سی) نے ’ونڈے عالمی کپ 2027‘ کے لیے میزبان شہروں اور اسٹیڈیمز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کرکٹ کا سب سے باوقار ٹورنامنٹ اس بار جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ 24 سال بعد ونڈے عالمی کپ کی میزبانی ایک بار پھر افریقی براعظم کو ملی ہے۔ اس سے قبل 2003 میں عالمی کپ کا انعقاد جنوبی افریقہ، زمبابوے اور کینیا نے مل کر کیا تھا۔ اب 2027 میں افریقہ ایک بار پھر دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے۔

30 جولائی کو جوہانسبرگ میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں آئی سی سی نے عالمی کپ کے لیے 12 وینیوز کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس موقع پر جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ، سابق تیز گیندباز مکایا اینٹینی، سابق بلے باز ہاشم آملہ، موجودہ کپتان ٹیمبا بووما، مایہ ناز تیز گیندباز کگیسو رباڈا، زمبابوے کے سابق کپتان ہیملٹن مساکادزا اور نمیبیا کے سابق کھلاڑی روڈولف جانسن وین وورین بھی موجود تھے۔

عالمی کپ 2027 میں سب سے زیادہ مقابلے جنوبی افریقہ کے 8 اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق وانڈررز اسٹیڈیم (جوہانسبرگ)، سپر اسپورٹ پارک (سینچورین)، نیولینڈز (کیپ ٹاؤن)، کنگزمیڈ (ڈربن)، سینٹ جارج پارک (گکیبرہا)، مانگاونگ اوول (بلوم فونٹین)، بولینڈ پارک (پرل) اور بفیلو پارک (کوگومپو سٹی) عالمی کپ میچوں کی میزبانی کریں گے۔ زمبابوے میں 3 میدانوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان میں ہرارے اسپورٹس کلب (ہرارے)، کوئنز اسپورٹس کلب (بلاوایو) اور فالو موسی-اواتونیا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم (وکٹوریا فالز) شامل ہیں۔ نمیبیا میں ہونے والے مقابلے ونڈہوک میں واقع نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔

اس موقع پر آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ عالمی کپ کا افریقہ واپس آنا عالمی کرکٹ کے لیے انتہائی خاص لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’24 سال بعد اس باوقار ٹورنامنٹ کا افریقہ واپس آنا کرکٹ کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا اپنی مہمان نوازی، جذبے اور متنوع ثقافت کے ذریعے دنیا کو یادگار عالمی کپ دیں گے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی نے اس بار عالمی کپ کے فارمیٹ میں بھی بڑی تبدیلی کی ہے۔ اس عالمی کپ میں مجموعی طور پر 57 مقابلے کھیلے جائیں گے اور ٹورنامنٹ 3 مراحل میں منعقد ہوگا۔ سب سے پہلے سپر سیریز ہوگی، جس میں آئی سی سی رینکنگ میں 12ویں، 13ویں اور 14ویں مقام پر رہنے والی 3 ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلیں گی۔ ان میں سے صرف ایک ٹیم مرکزی ٹورنامنٹ میں جگہ بنائے گی۔ اس کے بعد 12 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں گروپوں میں 6-6 ٹیمیں ہوں گی اور ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے خلاف کھیلے گی۔

گروپ مرحلے کے بعد دونوں گروپوں کی سرفہرست 3-3 ٹیمیں اور ساتویں نمبر پر رہنے والی ٹیم سپر-7 مرحلے میں پہنچیں گی۔ یہاں 21 مقابلے کھیلے جائیں گے۔ سپر-7 کی پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست 4 ٹیموں کو سیمی فائنل کا ٹکٹ ملے گا۔ پہلے مقام پر رہنے والی ٹیم چوتھے مقام پر رہنے والی ٹیم سے مقابلہ کرے گی، جبکہ دوسرے اور تیسرے مقام پر رہنے والی ٹیمیں دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔