
ویبھو سوریہ ونشی، تصویر/آئی اے این ایس
ہندوستانی کرکٹ کو ایک اور روشن ستارہ مل گیا ہے۔ محض 15 سال کے ویبھو سوریہ ونشی نے زمبابوے دورے پر اپنی بلے بازی سے ایسا اثر چھوڑا ہے کہ کرکٹ کی دنیا میں ان کے تعلق سے بات ہونے لگی ہے۔ تیسرے ٹی-20 مقابلے میں 49 گیندوں پر شاندار 81 رن بنانے کے بعد انہیں ’پلیئر آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ پوری سیریز میں 151 رنز بنانے کے لیے انہوں نے ’پلیئر آف دی سریز‘ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ میچ کے بعد پریزنٹیشن کی تقریب میں ویبھو کافی خوش نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بہت اچھا لگ رہا ہے، یہ میرے لیے خواب سچ ہونے جیسا ہے۔ پہلی بار ’پلیئر آف دی میچ‘ اور ’پلیئر آف دی سریز‘ بنا۔‘‘ اتنی کم عمر میں انٹرنیشنل اسٹیج پر یہ کامیابی ان کے لیے بہت خاص تھی۔
نوجوان بلے باز نے اپنی کامیابی کا سہرا کوچنگ اسٹاف اور کپتان شریئس ایر کو دیا۔ ویبھو نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ نے انہیں بغیر دباؤ کے اپنا ٹی-20 کھیل کھیلنے کی مکمل آزادی دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’کوچ اور کپتان نے مکمل طور پر میری حمایت کی۔ میں ٹی-20 کرکٹ عام طور پر جیسا کھیلتا ہوں، اسی طرح کھیلنے کی کوشش کی۔ ٹیم کی اچھی شروعات میرا مقصد تھا اور پھر ایک بار سیٹ ہونے کے بعد بڑی اننگ کھیلنا تھا۔‘‘ ویبھو نے یہ بھی بتایا کہ ہرارے ان کے لیے کوئی نئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے یہاں پہلے انڈر-19 عالمی کپ کھیلا تھا اور اس میدان میں بلے بازی کرنا انہیں پسند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مشق میں جو کرتے ہیں، وہی میچ میں دہرانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ہندوستان کے کپتان شریئس ایئر نے سریز کی کامیابی کے بعد نوجوان کھلاڑیوں کی کھل کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ٹیم میں جو توانائی اور خود اعتمادی نظر آ رہی ہے، وہی اس 3-0 کی کلین سویپ فتح کی سب سے بڑی وجہ تھی۔ شریئس ایئر کے مطابق کپتان کے طور پر ان کی کوشش رہتی ہے کہ کھلاڑی پرسکون رہے، تاکہ وہ اپنا بہتر مظاہرہ کر سکے۔ انگلینڈ اور آئرلینڈ دورے پر خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ہندوستان کے لیے یہ سریز بے حد اہم تھی۔ شریئس کہتے ہیں کہ ’’ویبھو سوریہ ونشی کی بے خوف بلے بازی نے یہ اشارے دے دیے ہیں کہ ہندوستانی کرکٹ کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ محض 15 سال کی عمر میں جس خوداعتمادی کے ساتھ انہوں نے انٹرنیشنل گیند بازوں کا سامنا کیا ہے، اس نے انہیں ہندوستانی کرکٹ کا روشن ستارہ بنا دیا ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔