کرکٹ

ڈبلیو پی ایل کے پانچویں سیزن کا آغاز 14 جنوری 2027 سے، 28 اکتوبر کو کوچی میں کھلاڑیوں کی نیلامی

ڈبلیو پی ایل 2027 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 28 اکتوبر 2026 کو کوچی کے گرینڈ حیات ہوٹل میں ہوگی۔ کھلاڑیوں کو ریٹین کرنے کی آخری تاریخ 28 ستمبر رکھی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ڈبلیو پی ایل، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@wplt20</p></div>

ڈبلیو پی ایل، تصویر سوشل میڈیا @wplt20

 

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2027 کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈبلیو پی ایل کے پانچویں سیزن کا آغاز 14 جنوری سے ہوگا، جبکہ فائنل مقابلہ 7 فروری کو کھیلا جائے گا۔ ڈبلیو پی ایل 2027 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 28 اکتوبر 2026 کو کوچی میں ہوگی۔ کھلاڑیوں کو ریٹین کرنے کی آخری تاریخ 28 ستمبر رکھی گئی ہے۔ اس سے قبل تمام 5 ٹیموں کو موجودہ اسکواڈ میں برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست بی سی سی آئی کو سونپنی ہوگی۔ ڈبلیو پی ایل 2027 کی نیلامی کوچی کے گرینڈ حیات ہوٹل میں ہوگی۔

واضح رہے کہ ڈبلیو پی ایل 2026 میں اسمرتی مندھانا کی کپتانی میں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطاب اپنے نام کیا تھا۔ ٹیم نے فائنل مقابلے میں دہلی کیپیٹلز (ڈی سی) کو شکست دے کر دوسری بار خطاب اپنے نام کیا تھا۔ اس لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلورو، دہلی کیپیٹلز، ممبئی انڈینز، گجرات جائنٹس اور یوپی واریئرز کے طور پر 5 فرنچائزز حصہ لیتی ہیں۔

ریٹینشن ونڈو خاص طور پر اہم ہوگی کیونکہ فرنچائزز نیلامی سے قبل اپنی ٹیموں کا جائزہ لیں گی۔ پانچوں ٹیموں کو بلے بازی، گیند بازی اور آل راؤنڈر کے اختیارات میں متوازن کمبنیشن بنانا ہوگا، اس لیے ستمبر میں کیے گئے فیصلے کوچی میں ایک ماہ بعد ان کی حکمت عملی طے کریں گے۔ ڈبلیو پی ایل کے گزشتہ چند سیزن شاندار رہے ہیں، جہاں صرف تجربہ کار اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے ہی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ ہندوستان کی نوجوان کھلاڑیوں نے بھی شاندار کارکردگی سے خوب سرخیاں بٹوری ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی کیپیٹلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے تیز گیند باز نندنی شرما نے اپنی گیند بازی سے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچی تھی۔ انہوں نے 10 مقابلوں میں مجموعی طور پر 17 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ڈبلیو پی ایل 2026 میں شاندار کارکردگی کی بدولت انہیں ہندوستانی ٹیم میں بھی شامل کیا گیا اور انہوں نے ویمنز ایشیا کپ 2026 میں بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ شری چرنی نے بھی اپنی گھومتی گیندوں سے خوب واہ واہی لوٹی تھی۔ ایسے میں ڈبلیو پی ایل 2027 کے لیے ہونے والی نیلامی میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں پر بھی ہر فرنچائز کی نظریں ہوں گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔