
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے پیر کے روز لارڈس کے تاریخی میدان پر انگلینڈ کے خلاف 270 رنز سے شاندار جیت درج کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔ ہندوستان ایسا پہلا ملک بن گیا ہے، جس نے لارڈس میں خواتین کا ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔ لارڈس کے میدان پر خواتین کا یہ پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگ میں 285 رنز بنائے۔ اس اننگ میں اسمرتی مندھانا نے 83 رنز، جبکہ کپتان ہرمن پریت کور نے 58 رنز کی اننگ کھیلی۔ ان کے علاوہ، دیپتی شرما نے 57 رنز ٹیم کے کھاتے میں جوڑے۔ حریف ٹیم کی جانب سے صوفی ایکلسٹن نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔
285 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی پہلی اننگ صرف 170 رنز پر سمٹ گئی۔ محض 47 کے اسکور پر ٹیم نے اپنے 4 وکٹ کھو دیے تھے۔ یہاں سے کپتان نیٹ اسکائیور برنٹ نے ایمی جونز کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 84 رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن اس شراکت داری کے ٹوٹنے کے بعد میزبان ٹیم دوبارہ لڑکھڑا گئی۔ برنٹ 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ جونز نے 52 رنز کا تعاون ٹیم کے کھاتے میں دیا۔ ہندوستان کی طرف سے کرانتی گوڑ نے 37 رنز دے کر سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔
مہمان ٹیم کے پاس پہلی اننگ کی بنیاد پر 115 رنز کی برتری حاصل تھی۔ اس کے بعد ہندوستان نے اپنی دوسری اننگ 7 وکٹوں پر 341 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔ اس اننگ میں یاستیکا بھاٹیا نے 14 چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے۔ وہ لارڈس کے میدان پر ٹیسٹ سنچری بنانے والی پہلی خاتون بلے باز بن گئیں۔ ان کے علاوہ، اسمرتی مندھانا نے 70 رنز اور رچا گھوش نے ناٹ آؤٹ 50 رنز کی اننگ کھیلی۔ انگلینڈ کی طرف سے صوفی ایکلسٹن نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
جیت کے لیے 457 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری میزبان ٹیم اپنی دوسری اننگ میں صرف 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ انگلینڈ نے 59 رنز تک اپنے 5 وکٹ گنوا دیے تھے۔ اس کے بعد میڈی ویلیئرز نے ایمی جونز کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 67 رنز جوڑے، لیکن اس شراکت داری کے ٹوٹنے کے ساتھ ہی ٹیم دوبارہ بکھر گئی۔ اس اننگ میں ایمی جونز نے 54 رنز، جبکہ صوفی ایکلسٹن نے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگ کھیلی۔ اس اننگ میں ہندوستان کے لیے اسنیہا رانا نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سیالی ستگھارے، کرانتی گوڑ اور دیپتی شرما نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔