
ویسٹ انڈیز دورہ پر روانہ ہونے سے قبل ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے روہت شرما کے ساتھ کسی بھی تلخی کی خبروں کو سرے سے خارج کر دیا تھا اور ٹیم کے چیف کوچ روی شاستری نے کہا تھا کہ کوئی بھی کھلاڑی ٹیم سے بڑا نہیں ہے۔ اب ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں لکھا ہے ’’میں صرف اپنی ٹیم کے لیے نہیں اپنے ملک کے لیے کھیلتا ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز دورہ پر روانہ ہونے سے قبل شاستری نے کہا تھا کہ ’’ٹیم جس طرح سے کھیلتی ہے، اس میں کوئی بھی کھلاڑی ٹیم سے بڑا نہیں ہے۔ جس طرح سے کھلاڑی کھیلتے ہیں وہ ٹیم کے مفاد میں کھیلتے ہیں۔ اگر تنازعہ ہوتا تو اچھی کارکردگی لگاتار دیکھنے کو نہیں ملتی۔‘‘
پریس کانفرنس میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے کہا تھا کہ ’’میں ایمانداری سے کہوں تو یہ بے حد خراب ہے۔ اس طرح کی باتیں پڑھنا مایوس کن ہے۔ ہمارے سامنے جھوٹ پیش کیا جا رہا ہے۔ ہم اچھی چیزوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ ہم اپنے دماغ میں چیزیں بنا رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ انھیں سچ مانا جائے۔‘‘ کوہلی نے مزید کہا تھا کہ ’’اگر مجھے کوئی پسند نہیں آتا تو یہ میرے چہرے اور میرے رویہ سے پتہ چل جاتا ہے۔ اگر ٹیم میں چیزیں اچھی نہیں ہوتیں تو ہم اچھا نہیں کھیل پاتے۔‘‘
قابل غور ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے روہت شرما اور کپتان کوہلی کے درمیان تلخیوں کی خبر آ رہی ہے۔ حال ہی میں ٹیم انڈیا کے بلے باز روہت شرما نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی بیوی انوشکا شرما کو بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اَن فالو کر دیا تھا۔ اس سے پہلے روہت شرما نے وراٹ کوہلی کو اَن فالو کیا تھا۔ حالانکہ وراٹ کوہلی ابھی بھی روہت شرما اور ان کی بیوی ریتیکا سچدیو کو فالو کر رہے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Aug 2019, 11:10 AM IST