
روہت شرما اور وراٹ کوہلی/ تصویر: آئی اے این ایس
ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچوں کی یک روزہ سیریز سے قبل ہندوستانی ٹیم کے پہلے پریکٹس سیشن میں کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی ایک بار پھر ساتھ میں پسینہ بہاتے نظر آئے۔ ترووننت پورم کے گرین فیلڈ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں نے میدان پر خوب محنت کی اور کئی اچھے شاٹس لگاتے دکھائی دیے۔ روہت اور کوہلی اس سے قبل جولائی میں انگلینڈ کے خلاف یک روزہ سیریز کے دورے میں آخری بار ایک ساتھ کھیلے تھے۔ ان کا آخری یک روزہ مقابلہ 14 جولائی کو لارڈز میں ہوا تھا، جس کے بعد 2 ماہ سے زیادہ کے وقفہ کے بعد دونوں کھلاڑی ایک بار پھر قومی ٹیم کے نیٹس میں ایک ساتھ لوٹے ہیں۔
انگلینڈ دورہ کے بعد اب روہت اور کوہلی ویسٹ انڈیز کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ پہلے پریکٹس سیشن میں دونوں بلے بازوں نے آئندہ یک روزہ مہم کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کیا۔ نیٹس میں بلے بازی کے دوران کوہلی بہت اچھے نظر آئے اور انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں شاندار شاٹس کھیلے۔ ایک موقع پر انہوں نے آگے بڑھ کر کلدیپ یادو کی گیند کو مڈ وکٹ کے اوپر سے مارا اور پھر نمن دھیر کی گیند پر سامنے کی جانب ایک لمبا چھکا لگایا۔
بارش کے باعث کچھ دیر کی رکاوٹ کے بعد روہت شرما نے دوسرے گروپ میں بلے بازی کی۔ انہوں نے اپنے اسٹروک پلے پر کام کیا اور پرسدھ کرشنا سے شارٹ گیندیں پھینکنے کو کہا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تیز گیند بازوں کے چیلنج اور وہاں کے حالات کے لیے پوری طرح تیاری کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اس سیریز کا آغاز 27 ستمبر کو تروونت پورم کے گرین فیلڈ انٹرنیشنل اسٹیڈیم سے ہوگا۔ اس کے بعد دوسرا یک روزہ مقابلہ 30 ستمبر کو گوہاٹی میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا اور آخری میچ 3 اکتوبر کو نیو چنڈی گڑھ میں منعقد ہوگا۔ روہت اور کوہلی کے لیے یہ سیریز ان کے یک روزہ کریئر کا ایک نیا باب ہے۔ شبھمن گل کی قیادت میں کھیلنے والی اس ٹیم میں دونوں سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی سے تجربے میں اضافہ ہوتا ہے، کیونکہ ٹیم 2027 کے یک روزہ عالمی کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔