کرکٹ

رنوں کی ریکارڈ بارش کے درمیان ہندوستان نے انگلینڈ کو 7 رنوں سے دی شکست، فائنل میں نیوزی لینڈ سے ہوگا مقابلہ

ہندوستان نے 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 253 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا۔ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ مقابلہ سانسیں روکنے والا ثابت ہوگا۔ انگلینڈ یہ میچ محض 7 رنوں سے ہارا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

تصویر ’ایکس‘ @BCCI

 

ہندوستانی ٹیم نے ’ٹی-20 عالمی کپ 2026‘ کے دوسرے سیمی فائنل مقابلہ میں انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں انٹری حاصل کر لی ہے، جو کہ 8 مارچ کو احمد آباد واقع نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ لیکن انگلینڈ پر یہ جیت آسان نہیں رہی، کیونکہ 253 رنوں کا پہاڑ کھڑا کرنے کے باوجود ہندوستان کو محض 7 رنوں سے فتح ملی۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں رنوں کی آج ایسی بارش ہوئی، جس نے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے اور سبھی کو حیران و ششدر کر دیا۔

آج ٹاس انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے سے ہی اندازہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پچ رنوں سے بھرپور ہے، اسی لیے انگلینڈ نے رنوں کا پیچھا کرنے کو ترجیح دی۔ سوریہ کمار کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم کو اس سے کوئی فرق نہیں، پڑا کیونکہ پہلے ہی اوور سے سلامی بلے بازوں سنجو سیمسن اور ابھشیک شرما نے اپنی ارادہ ظاہر کر دیا تھا۔ حالانکہ ابھشیک (9 رن) ایک بار پھر 2 شاندار چوکا لگا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے، لیکن ایشان کشن (18 گیندوں پر 39 رن) نے آتے ہی تیزی سے رن بٹورنا شروع کر دیا۔ ان کے بعد شیوم دوبے میدان پر آئے جنھوں نے انگلش اسپن گیندبازوں کی بخیا ادھیڑی۔ سنجو-دوبے کی شراکت داری تیزی سے آگے بڑھ رہی تھی، لیکن سنجو 42 گیندوں پر 89 رنوں کی شاندار اننگ کھیل کر وِل جیکس کا شکار بن گئے۔

سنجو جب آؤٹ ہوئے تو ہندوستان کا اسکور 13.1 اوورس میں 3 وکٹ کے نقصان پر 160 رن تھا۔ یہاں سے دوبے اور کپتان سوریہ کمار یادو نے ذمہ داری سنبھالی، لیکن سوریہ 6 گیندوں پر 11 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پھر ہاردک پانڈیا کا طوفان آیا، لیکن غلط کالنگ کی وجہ سے دوبے رَن آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 25 گیندوں پر 43 رن بنائے۔ تلک ورما نے تو محض 7 گیندوں پر 21 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔ ہندوستان کی طرف سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز پانڈیا رہے، جنھوں نے 12 گیندوں پر 27 رن بنائے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined