کرکٹ

تاریخی جیت کی طرف گامزن بنگلہ دیش، 228 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگ میں آسٹریلیا کی 4 وکٹیں گرا دیں

پہلی اننگ میں 6 وکٹ لینے والے بنگلہ دیش کے تیز گیند باز حسن محمود نے دوسری اننگ میں بھی نئی گیند سے آسٹریلیا کے دونوں سلامی بلے باز جیک ویدرالڈ (0) اور ٹریوس ہیڈ (17) کو کلین بولڈ کر دیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ&nbsp;@ICC</p></div>

تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ @ICC

 

ڈارون میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا پر بنگلہ دیش نے اپنا شکنجہ کس لیا ہے۔ بلے بازی کے لیے سازگار مانی جانی والی پچ پر آسٹریلیائی بلے باز اب تک اپنا اثر نہیں چھوڑ پائے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا کی دوسری اننگ کے دوران ٹاپ آرڈر پوری طرح سے بکھر گیا۔ تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک میزبان آسٹریلیا اب بھی بنگلہ دیش سے 67 رن پیچھے ہے اور اس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (27-2025) کے لحاظ سے یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہے اور فی الحال بنگلہ دیش کا پلڑا بھاری نظر آ رہا ہے۔ پہلی اننگ میں 6 وکٹ لینے والے بنگلہ دیش کے تیز گیند باز حسن محمود نے دوسری اننگ میں بھی تباہی مچا دی۔ حسن محمود نے نئی گیند سے آسٹریلیا کے دونوں سلامی بلے باز جیک ویدرالڈ (0) اور ٹریوس ہیڈ (17) کو کلین بولڈ کر کے کنگارو خیمے میں کھلبلی مچا دی۔ اس کے بعد مارنس لابوشین (31) اور اسٹیو اسمتھ (44) نے ٹک کر کھیلنے کی کوشش کی اور اننگز کو سنبھالا۔ بنگلہ دیشی اسپنر تیج الاسلام اور مہدی حسن معراج نے دونوں کو پویلین بھیج کر آسٹریلیا کو پھر سے بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ فی الحال کیمرون گرین (43) اور ایلکس کیری (19) کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

چوتھے روز آسٹریلیا کی کوشش ہوگی کہ وہ بنگلہ دیش کی 67 رنز کی برتری  کو جلد از جلد ختم کرے اور ایک ایسا اسکور کھڑا کرے جس کا دفاع چوتھی اننگز میں کیا جا سکے۔ جیسے جیسے کھیل آگے بڑھے گا پچ ٹوٹے گی اور بیٹنگ کرنا مشکل ہوتا جائے گا۔ کیمرون گرین اور ایلکس کیری سے آسٹریلیائی ٹیم کو بڑی اننگز کی امید ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کے لوئر آرڈر نے آسٹریلوی گیند بازوں کو خوب پریشان کیا۔ مہدی حسن معراج کی 65 رنز کی زبردست اننگ کی بدولت بنگلہ دیش نے اپنی برتری 228 رنز تک پہنچا دی۔ آسٹریلیا کے لیے جوش ہیزل ووڈ نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 89 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 300 وکٹیں مکمل کر لیں۔ ہیزل ووڈ یہ مقام حاصل کرنے والے نویں (9ویں) آسٹریلوی گیند باز بن گئے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔