
ہندوستانی ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس
ایشین گیمز 2026 کے چاروں کوارٹر فائنل مقابلے بارش کی نذر ہو گئے ہیں۔ اس وجہ سے ہندوستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اورپاکستان نے بہتر رینک کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ایشین گیمز 2026 میں پیر (28 ستمبر) کو نیشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں 2 کوارٹر فائنل ہونے تھے۔ پہلا کوارٹر فائنل پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ہونا تھا اور دوسرا کوارٹر فائنل ہندوستان اور افغانستان کے درمیان ہونا تھا۔ دونوں ہی میچ بارش کی نذر ہو گئے اور ٹاس کے بغیر ہی منسوخ کر دیے گئے۔ پہلے کوارٹر فائنل سے پاکستان اور دوسرے کوارٹر فائنل سے ہندوستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
منگل (29 ستمبر) کو ایونٹ کے تیسرے اور چوتھے کوارٹر فائنل کوروگی اسپورٹس پارک میں ہی کھیلے جانے تھے۔ تیسرا کوارٹر فائنل سری کوارٹر فائنل سری لنکا اور نیپال کے درمیان ہونا تھا، جبکہ چوتھا کوارٹر فائنل بنگلہ دیش اور ملیشیا کے درمیان ہونا تھا۔ یہ دونوں کوارٹر فائنل بھی بارش کی وجہ سے ٹاس کے بغیر منسوخ کر دیے گئے۔ تیسرے کوارٹر فائنل سے سری لنکا اور چوتھے کوراٹر فائنل سے بنگلہ دیش کو سیمی فائنل میں بھیجا گیا ہے۔
کوارٹر فائنل مرحلے کے اختتام کے بعد سیمی فائنل کی تصویر واضح ہو گئی ہے۔ پہلا سیمی فائنل جمعرات (یکم اکتوبر) کو بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 5:30 سے کھیلا جائے گا۔ اسی روز دوسرا سیمی فائنل سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان صبح 10:30 سے کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں میچ بھی نیشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں ہونے ہیں۔ کوارٹر فائنل مرحلہ مکمل طور سے بارش کی نذر ہونے کے بعد سیمی فائنل کو لے کر ٹیموں، منتظمین اور کرکٹ شائقین میں تشویش برقرار ہے۔ کوارٹر فائنل کی طرح اگر سیمی فائنل بھی بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا تو یہ انتہائی تشویشناک ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ فائنل اور تیسری پوزیشن کے لیے بھی میچ نیشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں ہی کھیلے جانے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جاپان کے آئیچی ناگویا میں بارش کا امکان مسلسل برقرار ہے۔ ایسے میں ٹورنامنٹ کے قوانین کے مطابق اگر آئندہ سیمی فائنل مقابلے بھی بارش کی وجہ سے منسوخ ہوتے ہیں تو بہتر رینکنگ کی بنیاد پر ہندوستان اور پاکستان براہ راست فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دفاعی چمپئن ہندوستان کا فائنل مقابلہ بھی اگر بارش کی وجہ سے منسوخ ہو جاتا ہے تو وہ اپنی ٹاپ رینکنگ کی بنیاد پر ایک بار پھر طلائی تمغہ اپنے نام کر سکتا ہے۔
ایشین گیمز کے تکنیکی قوانین کے مطابق ناک آؤٹ مرحلوں (کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل) میں اگر بارش یا خراب موسم کے باعث میچ مکمل نہیں ہو پاتا اور ڈک ورتھ لوئس اصول نافذ کرنے کی صورتحال بھی نہیں بنتی تو فاتح کا فیصلہ پری ٹورنامنٹ سیڈنگ یعنی آئی سی سی ٹی-20 رینکنگ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز میں تمام ٹیموں کو ان کی موجودہ آئی سی سی ٹی-20 رینکنگ کی بنیاد پر سیڈ دی جاتی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔