فکر و خیالات

کتوں کی انوکھی جوڑی اور بابوگیری کے داؤ پیچ...ابھے شکلا

نوکر شاہی کی زندگی تبادلوں، گھپلوں اور سیاسی آقاؤں کی خوشامد سے عبارت ہے، لیکن اصل کمانڈو سیاست دان ہوتے ہیں، جو قواعد کی پابندی کرنے والے افسر کو بھی ایک حکم سے ٹھکانے لگا سکتے ہیں

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / اے آئی</p></div>

علامتی تصویر / اے آئی

 

عام طور پر یہ تصور کیا جاتا ہے کہ نوکر شاہوں کی زندگی ایک مقررہ ڈگر پر چلتی ہے۔ مکھی کی طرح ایک فائل سے دوسری فائل پر منڈلانا، ٹڈّی کی طرح ایک پوسٹنگ سے دوسری پر جا بیٹھنا، اپنے وقت کے سیاسی آقاؤں کی آرتی اتارنا اور بالآخر موٹی پنشن اور پروسٹیٹ کی بیماری کے ساتھ ریٹائر ہو جانا! یہ تصور مکمل طور پر غلط نہیں، سوائے پنشن اور پروسٹیٹ والے حصے کے۔ ہماری زندگی دراصل کافی دلچسپ اور سنسنی خیز ہوتی ہے، جس میں گھپلے، گھوٹالے، ہنی ٹریپ، سردیوں کے لیے بادام جمع کرنے والی گلہریوں کی طرح بین الاقوامی کانفرنسوں میں کاجو اور مونگ پھلی پر جھپٹنا، ساتھیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنا اور ریٹائرمنٹ کے بعد ملائیدار عہدے حاصل کرنے کے لیے جوڑ توڑ کرنا شامل ہوتا ہے۔

جس چیز کو ہماری سروس کی سب سے بڑی خامی سمجھا جاتا ہے، یعنی بار بار ہونے والے تبادلے، درحقیقت وہ ہماری زندگی کا سب سے بڑا رومانس اور سنسنی ہے۔ ہر تبادلے کے ساتھ ہمارا سامنا نئے کرداروں اور عجیب و غریب حالات سے ہوتا ہے۔ مجھے ذرا بھی شک نہیں کہ ہریانہ کیڈر کے جفاکش افسر کھیمکا صاحب، جن کے تبادلوں کی تعداد سوریاکانت یادو کے بنائے گئے رنز سے بھی زیادہ رہی ہے، نے بلی دی کڈ جیسی سنسنی خیز زندگی گزاری ہے۔ (اگرچہ بلی کو تو پیٹ گیریٹ نے کسی محکمہ جاتی تحقیقات یا قواعد کی پروا کیے بغیر سیدھی گولی مار دی تھی، جبکہ کھیمکا صاحب کو سروس کے ضابطوں کا تحفظ حاصل رہا۔) مختصر یہ کہ ہم کافی تیز رفتار زندگی گزارتے ہیں اور میں اسی زندگی کے چند واقعات آپ سے شیئر کرنا چاہتا ہوں۔

مسلح افواج اور آئی اے ایس برادری کے درمیان تعلق ہمیشہ پیچیدہ اور کھٹا میٹھا رہا ہے۔ فوجی افسران آئی اے ایس کی اقتدار پر گرفت، عوامی اثر و رسوخ اور اعلیٰ تنخواہوں سے قدرے بے چین رہتے ہیں۔ دوسری جانب آئی اے ایس برادری فوج کی سستی شراب اور دوپہر میں گالف کھیل کر اسے ’آؤٹ ڈور ٹریننگ‘ قرار دینے کی سہولت سے اندر ہی اندر حسد کرتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم آئی اے ایس افسران میں وہ قدیم تہذیب، سلیقہ اور خواتین کے احترام کا خاص انداز اکثر نہیں پایا جاتا جو فوجی افسران میں بھرپور ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر فوجی افسر اپنے ساتھی افسران کی بیویوں کے ساتھ ’افیر‘ نہیں کرتے بلکہ ’ان کا پیار چرا لیتے ہیں‘، چاہے وہ پیار انہیں تھالی میں سجا کر پیش ہی کیوں نہ کیا گیا ہو۔ رڈیارڈ کپلنگ کے زمانے کی یہ درباری شائستگی فوجی افسران کو سماجی آداب کے معاملے میں آئی اے ایس برادری سے برتر سمجھنے کی وجہ فراہم کرتی ہے۔

شملہ ایسا شہر ہے جہاں فوج اور آئی اے ایس ایک دوسرے سے بچ کر نہیں نکل سکتے۔ چاہے مال روڈ ہو، امیچور ڈرامیٹک کلب (اے ڈی سی)، جس کا نام گمراہ کن ہے کیونکہ یہ کوئی تھیٹر نہیں بلکہ بار ہے، یا فوج کا انادیل گالف کلب، جہاں پروٹوکول کے مطابق آئی اے ایس گالف کھلاڑیوں کی حیثیت کیڈیوں سے بھی کم سمجھی جاتی ہے، یا پھر بشپ کاٹن اسکول (بی سی ایس)، جہاں آئی اے ایس اور فوجی افسران کی بیویاں اپنی کٹی پارٹیوں کے درمیان وقت نکال کر پڑھاتی ہیں۔

اسی سلسلے میں میری بیوی نیرجا، جو کئی برس تک بی سی ایس میں پڑھاتی رہی تھیں، وہاں کرنل صاحب کی بیوی آشا (ہتک عزت سے بچنے کے لیے فرضی نام) کی اچھی دوست بن گئیں۔ وہ بھی اسی اسکول میں پڑھاتی تھیں۔ اس دوستی کے نتیجے میں جلد ہی کرنل صاحب اور میرے درمیان بھی گہری دوستی ہوگئی۔ ہم ساتھ گالف کھیلتے، پکنک پر جاتے اور ون رینک ون پنشن کے متنازع مسئلے کو بھی بھول جاتے۔ ہم ایک خوش حال مشترکہ خاندان کی طرح تھے، یا کم از کم مجھے تو ایسا ہی لگتا تھا۔

کرنل صاحب اور آشا کے پاس ’بسکٹ‘ نام کی ایک انتہائی خوبصورت لیبراڈور کتیا تھی اور وہ اس کے لیے کسی اچھے نر کتے کی تلاش میں تھے۔ میرے پاس بھی ’برٹس‘ نام کا ایک شاندار گولڈن ریٹریور تھا، جو جوان ہو چکا تھا۔ یہ رشتہ بالکل فطری معلوم ہوتا تھا۔ اس لیے نیرجا اور میں نے اس موضوع پر بات شروع کرنے کا فیصلہ کیا، حالانکہ عام طور پر اس طرح کے معاملے میں پہل لڑکی والوں کی طرف سے ہوتی ہے۔ لیکن میں نے سوچا کہ جب ہم ایک خاندان کی طرح ہیں تو پھر رسمی کارروائیوں کی کیا ضرورت؟

ایک شام جب ہم ہیڈ ماسٹر کی رہائش گاہ پر مشروب سے لطف اندوز ہو رہے تھے، میں نے بے تکلفی سے کہا، ’’آشا، کیوں نہ ہم بسکٹ اور برٹس کا ملاپ کرا دیں؟ دونوں کے بچے بہت خوبصورت ہوں گے۔‘‘

چھن کی آواز کے ساتھ آشا کے ہاتھ سے بکارڈی کا گلاس چھوٹ کر زمین پر گر پڑا۔ کمرے میں ایسا سناٹا چھا گیا جسے گالف کی بھاری اسٹک سے بھی توڑا نہیں جا سکتا تھا۔ کرنل صاحب ایک حکمت عملی کے تحت بیت الخلا جانے کا بہانہ بنا کر خاموشی سے کمرے سے نکل گئے۔ آشا اپنی جگہ سے اٹھیں، مجھے اس طرح گھورا جیسے کوئی میجر جنرل کسی حوالدار کو دیکھ رہا ہو، اور پریڈ گراؤنڈ کے سخت لہجے میں بولیں، ’’لیکن یہ ناممکن ہے! بسکٹ فوج کی ہے، ہم اس کا ملاپ کسی سویلین کتے سے کیسے کرا سکتے ہیں؟‘‘

اپنی حیثیت کا احساس ہوتے ہی میں دبے پاؤں اپنے ’سویلین‘ کتے کے پاس واپس آگیا۔ ہم آج بھی اچھے دوست ہیں، شاید پہلے سے بھی زیادہ۔ لیکن سمجھداری اسی میں سمجھی گئی کہ سوئے ہوئے کتوں کو نہ چھیڑا جائے۔ یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ برٹس پوری زندگی غیر شادی شدہ رہا، بالکل ایفل ٹاور پر نظر آنے والے ’بیپس‘ نامی سنسیاسیوں کی طرح۔

حکومت میں پینتیس سال سے زیادہ وقت گزارنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اصل کمانڈو تو سیاست دان ہوتے ہیں۔ وہ ’یس منسٹر‘ کے سر ہمفری کی تمام چالاکیوں کے باوجود کسی بھی وقت نوکر شاہوں کو مات دے سکتے ہیں۔ بلی کی کھال اتارنے کے کئی طریقے ہوتے ہیں اور سیاست دان ان تمام طریقوں سے بخوبی واقف ہوتے ہیں۔ مجھے اس کا سبق ایک تلخ تجربے سے ملا۔

اسی کی دہائی کے اواخر میں، میں ہماچل روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کا منیجنگ ڈائریکٹر تھا۔ میرے محکمہ جاتی وزیر سیاسی میدان میں چالیس سال سے زیادہ تجربہ رکھنے والے ایک منجھے ہوئے رکن اسمبلی تھے۔ وہ ایک شاندار انسان تھے اور ان میں وہ دوغلا پن بالکل نہیں تھا جسے ہندوستانی سیاست دانوں کی فطرت سمجھا جاتا ہے۔ شراب پینے اور پلانے میں وہ بس ڈرائیوروں کو بھی مات دینے کی صلاحیت رکھتے تھے، اور انہوں نے ایسا کرکے بھی دکھایا۔ ان کی شراب نوشی کا یہ عالم تھا کہ ڈرائیور نشے میں میز یا ڈیش بورڈ کے نیچے لڑھک جاتے، مگر وزیر صاحب پر کوئی اثر نہیں ہوتا تھا۔ وہ موسیقی اور شاعری کے شوقین اور بہترین قصہ گو بھی تھے۔

میرے تقریباً ایک سال کے دورِ کار میں ہمارے تعلقات بہت اچھے رہے، یہاں تک کہ میں نے شراب پی کر بس چلانے والے دس ڈرائیوروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔ ان میں سے بیشتر وزیر صاحب کے اپنے انتخابی حلقے کے تھے۔ مجھے فوری طور پر انہیں بحال کرنے کا زبانی حکم دیا گیا۔ میری رگوں میں منگل پانڈے کا کچھ خون ہے، جیسا کہ مجھے بتایا گیا ہے، اس لیے میں نے صاف انکار کردیا۔

وزیر صاحب نے ان ڈرائیوروں سے برطرفی کے خلاف اپیل دائر کرنے کو کہا۔ ایچ آر ٹی سی بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے انہوں نے ان اپیلوں کو قبول کرتے ہوئے بحالی کا حکم جاری کردیا۔ میں نے انہیں بتایا کہ ان کا حکم قانونی طور پر درست نہیں، کیونکہ اپیلیں پورے بورڈ کے سامنے پیش کی جانی چاہئیں، نہ کہ صرف چیئرمین کے سامنے۔

وزیر صاحب نے مجھے دفتر بلایا، چائے اور بسکٹ پیش کیے اور انتہائی شائستگی سے معاملے کو بورڈ کے سامنے رکھنے کو کہا۔ میں نے انہیں ایسا نہ کرنے کا مشورہ دیا اور بتایا کہ سرکاری نوٹ میں مجھے برطرفی کی وجوہات تفصیل سے لکھنی ہوں گی (تمام ڈرائیور عادی شرابی تھے) اور یہ سفارش بھی درج کرنا ہوگی کہ انہیں بحال کرنے سے مسافروں کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

انہوں نے میری طرف دیکھا اور پرسکون لہجے میں پوچھا، ’’ابھے، تم اپیلوں پر میرے اصل حکم کے مطابق انہیں بحال کیوں نہیں کردیتے؟‘‘

میں نے جواب دیا، ’’ایسا نہیں کر سکتا، سر۔ قواعد آپ کو میرے حکم کے خلاف اپیل قبول کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔‘‘

’’کون سے قواعد؟‘‘

’’کارپوریشن کے ضمنی قواعد، سر۔‘‘

’’ٹھیک ہے، تو میں ضمنی قواعد ہی بدل دیتا ہوں۔‘‘

میں نے کہا، ’’یہ صرف مالیاتی محکمہ اور کابینہ ہی کر سکتے ہیں۔‘‘

وزیر صاحب نے چائے کا ایک لمبا گھونٹ لیا اور میری طرف بسکٹ بڑھاتے ہوئے آہستہ سے پوچھا، ’’تو کیا میں ضمنی قواعد نہیں بدل سکتا؟‘‘

’’جی نہیں، سر،‘‘ میں نے یہ سوچتے ہوئے جواب دیا کہ میں انہیں مکمل طور پر مات دے چکا ہوں۔

’’لیکن میں منیجنگ ڈائریکٹر کو تو بدل سکتا ہوں، کیوں؟‘‘

وہ اپنی میز کی طرف بڑھے اور فون کا ریسیور اٹھا لیا۔

اگلے ہی دن مجھے محکمہ حیوانات میں منتقل کر دیا گیا۔ میرے عہدہ چھوڑنے کے چند گھنٹے بعد ہی میرے جانشین، ایک پولیس افسر جو سیاست دانوں سے معاملہ کرنے میں زیادہ چالاک تھے، نے ان تمام ڈرائیوروں کو بحال کر دیا۔

چند برس بعد وزیر صاحب کے انتقال تک ہماری دوستی برقرار رہی۔ انہوں نے مجھے زندگی کا ایک بڑا سبق دیا: کسی سیاست دان کو کبھی کم نہ سمجھو اور نہ ہی اسے مات دینے کی کوشش کرو۔

مضمون نگار ابھے شکلا ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر اور مصنف ہیں)

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔