
گرافکس ’ایکس‘ @MOMAIndia
26 نومبر کو ہمارے ملک میں یومِ آئین منایا جاتا ہے، کیونکہ آئین ہی نے ہندوستان کو جمہوری ملک بنایا۔ اس نے ہر بالغ شہری کو ووٹ دینے کا حق دے کر اسے اقتدار کا فیصلہ کرنے والے کی حیثیت و وقار عطا کیا۔ اسی آئین کی تشکیل کے لیے آزادی کے بعد ایک منتخب دستور ساز اسمبلی قائم کی گئی تھی۔ پہلی بار دستور ساز اسمبلی کے قیام کا مطالبہ 1895 میں بال گنگا دھر تلک نے کیا تھا اور پانچویں اور آخری بار 1938 میں جواہر لعل نہرو نے نہ صرف اس مطالبے کو دہرایا تھا بلکہ دستور ساز اسمبلی بنانے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔ اس کے اراکین کے انتخاب کے لیے جولائی 1946 میں انتخابات ہوئے اور دستور ساز اسمبلی کے اراکین بالغ رائے دہی کی بنیاد پر بالواسطہ طور پر منتخب کیے گئے تھے۔ تقسیم ہند کے بعد 389 اراکین میں سے ہندوستان میں صرف 299 اراکین رہ گئے تھے۔ ان میں 229 منتخب اور 70 نامزد اراکین تھے۔ خواتین اراکین کی مجموعی تعداد 15 تھی، درج فہرست ذاتوں کے 26 اور درج فہرست قبائل کے 33 اراکین تھے۔
دستور ساز اسمبلی کی تشکیل کا ایک تاریخی پہلو بھی ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے خاتمہ کے بعد جولائی 1945 میں برطانیہ میں جیمز ایٹلی کی قیادت میں نئی حکومت بنی تھی۔ اس حکومت نے ہندوستان کے تعلق سے اپنی نئی پالیسی کا اعلان کیا اور آئین بنانے والی ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی آزادی کے مسئلہ کا حل نکالنے کے لیے برطانوی وزیر اعظم نے کابینہ کے 3 وزیروں لارنس، کرپس اور الیگزینڈر پر مشتمل ایک وفد کیبنٹ مشن کے نام سے ہندوستان بھیجا تھا۔
دستور ساز اسمبلی نے اپنا کام یکم دسمبر 1946 سے شروع کیا۔ جواہر لعل نہرو، ڈاکٹر راجندر پرساد، بھیم راؤ امبیڈکر، سردار ولبھ بھائی پٹیل، شیاما پرساد مکھرجی اور مولانا ابوالکلام آزاد جیسے مجاہدین آزادی اس کے اہم اراکین میں شامل تھے۔ سچدانند سنہا اس اسمبلی کے پہلے صدر بنے، لیکن بعد میں ڈاکٹر راجندر پرساد کو صدر منتخب کیا گیا اور بھیم راؤ امبیڈکر کو دستور ساز کمیٹی کا صدر بنایا گیا تھا۔ دستور ساز اسمبلی نے 2 سال، 11 ماہ اور 18 دن کے دوران 114 دن اجلاس منعقد کیے تھے۔ اس کے اجلاس میں پریس اور عوام کو شرکت کی مکمل آزادی دی گئی تھی۔ دستور ساز اسمبلی کے اراکین ہی ہندوستان کی پہلی پارلیمنٹ کے اراکین بنے۔
ہندوستان کو جمہوریہ بنانے والے عظیم آئین کے تئیں عقیدت اور تشکر کا اظہار کرنے کے لیے ہی یومِ آئین منایا جاتا ہے۔ لیکن اس بار شہریوں کے دلوں میں اپنے آئین کے تئیں عقیدت اور تشکر کے ساتھ اندیشے بھی وابستہ ہیں۔ آئینی اداروں کے ساتھ موجودہ حکومت کے رویے نے بہت سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ جمہوریت میں عوام کے ذریعہ منتخب کیے گئے اراکین پارلیمنٹ ہی اکثریت کی بنیاد پر حکومت بناتے ہیں۔ آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے انتخابات کرانے کے لیے آئین کے آرٹیکل 324 کے تحت 25 جنوری 1950 کو ہندوستانی الیکشن کمیشن قائم کیا گیا تھا۔ یہ ایک خود مختار اور نیم عدالتی ادارہ ہے۔ ابتدا میں 15 اکتوبر 1989 تک یہ صرف چیف الیکشن کمشنر پر مشتمل ایک رکنی ادارہ تھا، لیکن الیکشن کمشنر ترمیمی ایکٹ 1989 کے بعد اسے کثیر رکنی ادارہ بنا دیا گیا۔ 16 اکتوبر 1989 سے یکم جنوری 1990 تک یہ 3 رکنی کمیشن رہا۔ اس کے بعد 2 جنوری 1990 سے 30 ستمبر 1993 تک یہ دوبارہ ایک رکنی کمیشن بن گیا اور یکم اکتوبر 1993 سے اسے پھر 3 رکنی کمیشن بنا دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز کی تقرری ہندوستان کے صدر کرتے ہیں۔ ان کا اعزاز اور تنخواہ سپریم کورٹ کے ججوں کے برابر ہوتی ہے اور چیف الیکشن کمشنر کو پارلیمنٹ کے ذریعہ صرف مواخذے کے عمل سے ہی عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔
مودی حکومت چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کمشنرز کے انتخاب کے لیے 2023 میں ’دی چیف الیکشن کمشنر اینڈ اَدر الیکشن کمشنر ایکٹ‘ لے کر آئی تھی۔ انتخاب کرنے والی کمیٹی کے صدر وزیر اعظم تھے، جبکہ اس کے ایک رکن وزیر داخلہ امت شاہ اور دوسرے رکن قائد حزب اختلاف راہل گاندھی تھے۔ اس طرح اس کمیٹی میں حکومت کو اکثریت حاصل تھی اور وہ اپنی مرضی کا چیف الیکشن کمشنر منتخب کر سکتی تھی۔ پہلے اس کمیٹی میں کسی وزیر کے بجائے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ہوا کرتے تھے، لیکن نئے ضابطے کے تحت انہیں ہٹا دیا گیا تھا۔ راہل گاندھی نے ایسی کمیٹی پر ہی اپنا اعتراض درج کرا دیا تھا، لیکن اسے نظر انداز کرتے ہوئے گیانیش کمار کو موجودہ چیف الیکشن کمشنر بنانے کا فیصلہ نصف شب کو کیا گیا تھا، جبکہ نئے قانون کے خلاف سماعت سپریم کورٹ میں زیر غور تھی۔
ہندوستانی آئین کو نقصان پہنچانے کا یہ کوئی پہلا اور آخری معاملہ نہیں ہے۔ اس کے بعد تو جیسے آئین اور آئینی اداروں کو تباہ کرنے کا کھیل ہی شروع ہو گیا۔ برسر اقتدار لوگوں کے ذریعہ انتخابی عمل کو تباہ کیا جا رہا ہے، اپنے مفادات کے لیے ضابطوں کو توڑا مروڑا جا رہا ہے۔ اس کے لیے فرضی ووٹر لسٹس تیار کی گئیں، کروڑوں ووٹرز کو ووٹر لسٹ سے باہر کر کے ان کی شہریت ہی کو شک کے دائرے میں ڈال دیا گیا۔ ای وی ایم جلانے اور ان کے غلط استعمال کی خبریں بھی سامنے آئیں۔
ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے، جہاں اقتدار کا جمہوری ارتکاز ہمارے گاؤں تک ہے۔ ہمارے ملک میں کثیر جماعتی نظام ہے اور پنچایتی راج نظام کے تحت گاؤں، ترقیاتی بلاکوں، اضلاع اور شہروں کی اپنی منتخب انتظامیہ ہے۔ جمہوریت اسی وقت زندہ اور دیرپا ہو سکتی ہے، جب اس میں شفافیت اور عوام کے تئیں جواب دہی کا اعلیٰ ترین جذبہ بھی موجود ہو۔
آج دنیا بھر میں ہمارے آئین اور جمہوریت کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ امریکہ میں قائم فریڈم ہاؤس نے 2021 میں شائع ہونے والی اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ہندوستان ایک آزاد ملک ہونے کا درجہ گنوا چکا ہے۔ سویڈن کی گوتھن برگ یونیورسٹی کے ادارے ’ورائٹیز آف ڈیموکریسی‘ (وی-ڈیم) نے ہندوستان کو ان ملکوں کی فہرست میں شامل کیا ہے جو مسلسل زوال پذیر آمرانہ نظام بن گئے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ ہندوستان کا جمہوری عمل ملک کو ’انتخابی آمریت‘ میں تبدیل کرنے کی خاطر ’تیزی سے زوال کے راستے‘ پر گامزن ہے۔ اس رپورٹ میں پاکستان کے ساتھ ہندوستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’ہندوستان اب اتنا ہی آمرانہ ہے جتنا پاکستان۔ ہندوستان کی حالت اس کے پڑوسی ملکوں نیپال اور بنگلہ دیش سے بھی بدتر ہے۔ عام طور پر ہندوستان میں حکومت نے ناقدین کو خاموش کرانے کے لیے بغاوت، ہتک عزت اور دہشت گردی مخالف قوانین کا استعمال کیا ہے۔‘‘
اسٹیون لیوٹسکی اور ڈینیئل زبلٹ نے اپنی کتاب ’ہاؤ ڈیموکریسیز ڈائی‘ میں بتایا ہے کہ ’’منتخب آمر کس طرح انہی جمہوری اداروں کو توڑ پھوڑ کر تباہ کرتے ہیں، جنہیں حدود میں رکھنے کی ذمہ داری خود انہی پر ہوتی ہے۔ کچھ سیاست داں تو یہ کام ایک ہی جھٹکے میں کر دیتے ہیں، لیکن بیشتر جمہوریت پر حملہ آہستہ آہستہ اور مرحلہ وار ہوتا ہے۔ اکثر اس کے ابتدائی مرحلوں میں تو یہ دکھائی بھی نہیں دیتا۔ انتخابات ہوتے رہتے ہیں۔ حزب اختلاف کے سیاست داں پارلیمنٹوں میں بیٹھتے ہیں۔ اخبارات شائع ہوتے رہتے ہیں۔ ہر قدم معمول کے مطابق ہی محسوس ہوتا ہے اور جمہوریت کو تباہ کرنے والے حکومتی اقدامات قانونی جواز کا نقاب اوڑھے رہتے ہیں۔‘‘
ذرا سوچ کر دیکھیے کہ کیا ہمارے ملک میں بھی یہی نہیں ہو رہا ہے۔ آئین کو بتدریج بے اثر بنایا جا رہا ہے۔ ایسی کوششیں جاری ہیں جو اسے بالکل بے وقعت کر دیں۔ خاص طور پر آئین کا حصہ 3، یعنی بنیادی حقوق، اور حصہ 4، یعنی ریاستی پالیسی کے رہنما اصول، جو ہندوستان کو ایک فلاحی ریاست ہونے کا وقار عطا کرتے ہیں۔ وزیر اعظم کا دفتر الیکشن کمشنرز کی میٹنگ بلانے کی جسارت کرتا ہے اور الیکشن کمشنر آئینی بالادستی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سر جھکا کر حاضری دینے کے لیے آمادہ نظر آتے ہیں۔ اپنے مفادات کی تکمیل اور مفادات کے تحفظ کے لیے فوجی درجے کے جاسوسی سافٹ ویئر پیگاسس کا استعمال کرتے ہوئے پکڑے جانے پر حکومت بے شرمی سے جھوٹ بولنے سے بھی گریز نہیں کرتی۔
ہندوستان کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر ایسی رائے قائم ہو چکی ہے کہ ہندوستان تیزی سے ایک ’نسلی جمہوریت‘ میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے، جہاں اکثریتی طبقے کی شناخت کو قوم کے ساتھ جوڑ کر دیکھا جاتا ہے اور مذہبی اقلیتوں کو ان کی شہری حیثیت سے محروم کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ انہیں نگرانی کرنے والے گروہوں کے ذریعہ پریشان کیا جاتا ہے۔ ووٹر لسٹ سے بڑی تعداد میں ووٹرز کو ہٹانے جیسے اقدامات کے ساتھ ای وی ایم کے ذریعہ ہونے والے انتخابات بھی شک کے دائرے میں ہیں۔ اس میں تکنیکی طریقوں سے چھیڑ چھاڑ کیے جانے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
اس بار یومِ آئین محض ایک ’غیر محسوس یادگار‘ نہیں، بلکہ اس کے انعقاد کے ساتھ گزشتہ کئی برسوں سے ملک میں پیش آنے والے ایسے واقعات کی چھاپ بھی ہے، جنہوں نے ہمارے آئین کو لہولہان کیا ہے۔ اس کی حرمت اور بالادستی کو خاک میں ملانے کے شعوری اور مجرمانہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
ویڈیو گریب