
علامتی تصویر / اے آئی
محض دو ملاقاتیں اور دو ماہ سے بھی کم کا وقت۔ اڈیشہ کی بی جے پی حکومت کو اڈانی گروپ کی جانب سے تجویز کردہ دو بڑے جوہری بجلی منصوبوں کی منظوری دینے میں بس اتنا ہی وقت لگا۔ داخلی اختلافات کے باعث تقریباً مفلوج ہوچکے انتظامی نظام نے جس غیرمعمولی تیزی سے یہ فیصلہ کیا، وہ سیاسی مبصرین کی نظروں سے پوشیدہ نہیں رہا۔ 30 جولائی کو وزیر توانائی کے وی سنگھ دیو اور کرن اڈانی کے درمیان پہلی رسمی ملاقات ہوئی۔ 13 اگست کو دوسری ملاقات ہوئی، جس میں اڈانی گروپ کے جانشین نے وزیر اعلیٰ سے بھی ملاقات کی۔ اور 23 ستمبر کو دونوں منصوبوں کو منظوری دے دی گئی۔
موہن ماجھی حکومت نے کسی دوسرے صنعتی گروپ کی تجویز پر ایسی تیزی نہیں دکھائی۔ ریاست کے توانائی سکریٹری وشال کمار دیو نے اعتراف کیا کہ دسمبر 2025 میں مودی حکومت کی جانب سے ’شانتی‘ (سسٹین ایبل ہارنسنگ اینڈ ایڈوانسمنٹ آف نیوکلیئر انرجی فار ٹرانسفارمنگ انڈیا) قانون منظور کیے جانے کے فوراً بعد اڈانی اور ٹاٹا دونوں گروپوں نے اپنے منصوبے پیش کیے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ اس نئے قانون کے تحت نجی شعبے کو جوہری بجلی گھروں کی ملکیت رکھنے اور انہیں چلانے کی قانونی اجازت دی گئی ہے۔
پورے اڈیشہ میں بجلی کی تقسیم کا ذمہ سنبھالنے والی ٹاٹا پاور نے ملکانگیری ضلع میں 200-200 میگاواٹ کی چار چھوٹی جوہری اکائیاں قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ یہ ’اسمال ماڈیولر ری ایکٹر‘ (ایس ایم آر) روایتی جوہری بجلی گھروں کی نسبت چھوٹے اور جدید شکل ہیں۔ جوہری توانائی کے ماہرین کی واضح رائے رہی ہے کہ ہندوستان جیسے گنجان آبادی والے ملک میں ایس ایم آر ٹیکنالوجی زیادہ موزوں ہے، کیونکہ اس میں مقامی آبادی کی بے دخلی اور ماحول کو نقصان پہنچنے کے امکانات نسبتاً کم ہوتے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ اڈیشہ حکومت کے اپنے حکمت عملی سے متعلق دستاویزات، ’ویژن 2036‘ اور ’ویژن 2047‘ میں بھی ایس ایم آر کو ایسی موزوں ٹیکنالوجی قرار دیا گیا ہے، جو اگلے دو دہائیوں میں ریاست کو صاف توانائی کا بڑا مرکز بنا سکتی ہے۔ اس کے برعکس اڈانی گروپ نے 2800 سے 3000 میگاواٹ کی دو بڑی جوہری منصوبوں کی تجویز پیش کی تھی۔ ان میں ایک ملکانگیری ضلع میں بالیمیلہ ڈیم کے قریب اور دوسرا انگول ضلع میں مارجوری ڈیم کے نزدیک قائم کیا جانا ہے۔ ان دونوں بڑے منصوبوں کے لیے مقامی قبائلی آبادی اور دیہی باشندوں کو بڑے پیمانے پر بے دخل کرنا پڑے گا۔ حکومت کے اپنے وژن دستاویزات سے مطابقت رکھنے کے باوجود ٹاٹا پاور کی تجویز کو نظرانداز کردیا گیا۔
2025 میں ہندوستان کی مجموعی بجلی کا 27 فیصد صاف توانائی کے ذرائع سے پیدا ہوا، جس میں جوہری توانائی کا حصہ تقریباً تین فیصد تھا۔ ملک کی تقریباً نو فیصد بجلی پن بجلی کے منصوبوں سے حاصل ہوتی ہے، جبکہ شمسی توانائی نو فیصد اور ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی چھ فیصد، مجموعی طور پر 15 فیصد حصہ فراہم کرتی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ مختصر مدت میں شمسی اور ہوا سے بجلی کی پیداوار کو اچانک بڑے پیمانے پر بڑھانا تکنیکی طور پر آسان نہیں ہے۔ تاہم گرڈ سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی مشکلات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ تجارتی اور گھریلو دونوں ضروریات کے لیے بیٹری اسٹوریج شمسی اور ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی کو زیادہ قابل اعتماد اور پائیدار متبادل بنا سکتی ہے۔
زیادہ تر توانائی کے ماہرین کا خیال ہے کہ فوسل ایندھن کے متبادل ذرائع میں شمسی اور ہوا کی توانائی کو ترجیح دی جانی چاہیے، نہ کہ جوہری منصوبوں کو، جو مقامی غریبوں سے ان کی زمین اور روزگار چھین کر بڑے پیمانے پر بے دخلی کا سبب بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ جوہری تابکاری اور رساؤ کا سنگین خطرہ بھی موجود رہتا ہے، جس کے اثرات لاکھوں زندگیوں کو تباہ کرسکتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا اتنا بڑا اور جان لیوا خطرہ نجی کمپنیوں کے حوالے کیا جانا چاہیے؟ کیا اڈانی گروپ کو ترجیح دینے سے پہلے اڈیشہ حکومت نے اس کے فوائد اور نقصانات کا جائزہ لیا اور آزاد ماہرین سے مشورہ کیا؟
عوامی سلامتی کے نقطہ نظر سے کسی بھی جوہری بجلی گھر کے لیے غیرمعمولی احتیاط ضروری ہے۔ کسی بڑے جوہری حادثے کی صورت میں مالی نقصان اتنا زیادہ ہوسکتا ہے کہ اسی خطرے کے باعث جوہری بجلی کو کبھی بہت زیادہ منافع بخش اور محفوظ کاروبار نہیں سمجھا گیا۔ گزشتہ سات دہائیوں میں ہندوستان کسی بڑے جوہری بحران سے اس لیے محفوظ رہا کہ ملک کے تمام جوہری بجلی گھر سرکاری شعبے اور حکومت کی نگرانی میں رہے۔ جوہری خطرات اتنے حساس ہیں کہ امریکہ نے بھی آج تک نجی شعبے کو اس میدان میں مکمل طور پر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ ولادیمیر پوتن کے روس میں، جہاں کرونی سرمایہ داری ادارہ جاتی شکل اختیار کرچکی ہے، وہاں بھی صدر نے اپنے پسندیدہ صنعت کاروں کو جوہری شعبے میں قدم جمانے کی اجازت نہیں دی۔
جاپان اس معاملے میں ایک استثنا ہے، جہاں نجی کمپنیوں کو جوہری بجلی گھر قائم کرنے کی اجازت تو دی گئی، لیکن ان کے لیے مالی ذمہ داری کے قوانین انتہائی سخت رکھے گئے۔ 2011 کے فوکوشیما جوہری حادثے کے بعد دائیچی میں 1800 میگاواٹ کے بجلی گھر کی مالک ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی کو 187 ارب ڈالر، یعنی تقریباً 18 لاکھ کروڑ روپے کا معاوضہ ادا کرنا پڑا۔ اس کے برعکس ہندوستان میں 3000 میگاواٹ کے جوہری بجلی گھر میں حادثے کی صورت میں مودی حکومت نے نجی آپریٹرز کے لیے زیادہ سے زیادہ ذمہ داری کی حد محض 1500 کروڑ روپے مقرر کی ہے۔ یہ موازنہ انتہائی حیران کن ہے۔ جاپان کی کمپنی کو جس نقصان کے لیے ایک لاکھ روپے ادا کرنے پڑے، اسی تناسب سے ہندوستان میں نجی کمپنیوں کو محض 100 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
چونکہ قانون کے تحت 3600 میگاواٹ یا اس سے زیادہ صلاحیت کے بجلی گھروں کے لیے حادثے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ ذمہ داری 3000 کروڑ روپے مقرر ہے، اس لیے اڈانی گروپ نے حکمت عملی کے تحت اس سے ایک درجے کم صلاحیت والے منصوبے منتخب کیے ہیں۔
جب آپریٹرز کی مالی ذمہ داری اس قدر محدود کردی جائے تو نجی صنعتی گروپوں کا جوہری توانائی کے شعبے کی جانب بڑھنا حیرت کی بات نہیں۔ یہ اڈانی گروپ جیسے صنعتی گھرانوں کے لیے دوہرا فائدہ فراہم کرنے والا معاملہ ہے، جو بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ڈیٹا سینٹر کے کاروبار میں تیزی سے اپنا اثر بڑھا رہے ہیں۔ ڈیٹا سینٹرز بڑی مقدار میں بجلی استعمال کرتے ہیں اور جب بجلی کی طلب عروج پر ہوگی تو فائدہ کس کو پہنچے گا؟ جوہری بجلی گھر اور ڈیٹا سینٹر، دولت مند کارپوریٹ گروپوں کے لیے یہ باہمی تعلق منافع کا دوہرا موقع بن سکتا ہے۔
تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ صرف سرکاری ملکیت بھی مکمل تحفظ کی ضمانت نہیں ہوتی۔ اپریل 1986 کا چرنوبل حادثہ آج بھی جوہری توانائی کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ سوویت حکومت کے مکمل کنٹرول میں چلنے والے اس بجلی گھر میں دھماکہ تکنیکی خامیوں اور انسانی لاپرواہی کے خطرناک امتزاج کا نتیجہ تھا۔ گرین پیس کی جانب سے جمع کیے گئے عالمی شہرت یافتہ سائنس دانوں کے اندازوں کے مطابق تابکاری کے براہ راست اور بالواسطہ اثرات سے تقریباً 90 ہزار افراد کی قبل از وقت موت ہوئی۔ بجلی گھر کے اطراف کے علاقوں میں تابکاری کو انسانی برداشت کی سطح تک کم ہونے میں تقریباً 20 ہزار سال لگنے کا اندازہ لگایا گیا۔ اس حادثے کے کئی دہائیوں بعد تک یورپ کے مختلف علاقوں میں بچوں کو تھائرائڈ کینسر جیسی سنگین بیماریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
چرنوبل بجلی گھر جس شہر میں واقع تھا، وہاں کی پوری آبادی کو راتوں رات اپنے گھروں سے نکلنا پڑا۔ بجلی گھر کے گرد 30 کلومیٹر کا ممنوعہ علاقہ قرار دیا گیا اور ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد کو آباد کرنے کے لیے سلاوتچ نامی نیا شہر بسایا گیا۔ متاثرین کو زندگی بھر مالی اور طبی امداد فراہم کرنا پڑی۔ ملبے کی صفائی کے لیے فوجیوں، کان کنوں اور انجینئروں سمیت چھ لاکھ امدادی کارکنوں کو کام پر لگایا گیا۔ اس عمل میں وہ خود بھی خطرناک تابکاری کی زد میں آئے اور انہیں زندگی بھر خطرے کے معاوضے اور صحت کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ اندازہ ہے کہ تین دہائیوں کے دوران چرنوبل حادثے سے سوویت خزانے کو 700 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا، جو آج کی قیمتوں کے مطابق تقریباً 70 لاکھ کروڑ روپے بنتا ہے۔
اڈیشہ اور دیگر ریاستوں کو ’شانتی‘ قانون میں پوشیدہ ان سنگین خطرات کو سمجھنا ہوگا، جو منافع کو نجی ہاتھوں میں منتقل کرتا ہے، لیکن نقصان کا بوجھ عوام پر ڈال دیتا ہے۔ ہندوستان میں، خدا نہ کرے، اگر کوئی بڑا جوہری حادثہ پیش آتا ہے تو اس تباہی کی پوری قیمت نجی آپریٹر نہیں بلکہ عام ٹیکس دہندگان ادا کریں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔