
سونا اور چاندی / تصویر آئی اے این ایس
نئی دہلی: سونا اور چاندی کی قیمتوں میں شدید گراوٹ کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ مرکزی بجٹ کے دن بھاری مندی کے بعد ہفتے کے پہلے کاروباری دن پیر کو بھی قیمتی دھاتوں پر دباؤ برقرار رہا۔ ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج پر وعدہ کاروبار شروع ہوتے ہی چاندی اور سونا دونوں مزید سستے ہو گئے، جس سے سرمایہ کاروں میں تشویش کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
Published: undefined
پیر کی صبح ایک کلو چاندی کی قیمت میں اچانک 10 ہزار روپے کی گراوٹ درج کی گئی۔ گزشتہ کاروباری دن میں شدید اتار چڑھاؤ کے بعد چاندی 2,65,652 روپے فی کلو پر بند ہوئی تھی لیکن پیر کو جیسے ہی بازار کھلا، یہ پھسل کر 2,55,652 روپے فی کلو تک آ گئی۔ اس تیز گراوٹ نے حالیہ دنوں کی تمام تیزی کو تقریباً ختم کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے جمعرات کو چاندی نے تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پہلی بار چار لاکھ روپے فی کلو کی سطح عبور کی تھی اور 4,20,048 روپے کے آل ٹائم ہائی پر پہنچی تھی۔ تاہم اس ریکارڈ کے فوراً بعد مندی کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ اب تک چاندی کی قیمت میں 1,64,396 روپے کی کمی آ چکی ہے۔ جس رفتار سے حالیہ دنوں میں چاندی اوپر گئی تھی، اس سے کہیں زیادہ تیزی سے اس کی قیمت نیچے آئی ہے۔
Published: undefined
چاندی کے ساتھ ساتھ سونا بھی دباؤ میں نظر آ رہا ہے۔ بجٹ کے دن سونے کی قیمت میں ایک ہی جھٹکے میں 13 ہزار روپے تک کی گراوٹ دیکھی گئی تھی، اگرچہ اس کے بعد معمولی بحالی بھی ہوئی۔ اتوار کو سونا 1,47,753 روپے فی دس گرام پر بند ہوا تھا، لیکن پیر کو ایم سی ایکس پر کاروبار شروع ہوتے ہی یہ پھسل کر 1,43,501 روپے فی دس گرام تک آ گیا۔ اس طرح صرف ایک سیشن میں دس گرام چوبیس قیراط سونا 4,001 روپے سستا ہو گیا۔
اگر بلند ترین سطح سے موازنہ کیا جائے تو سونے میں بھی بڑی کمی سامنے آئی ہے۔ گزشتہ جمعرات کو سونا زبردست تیزی کے ساتھ 1,93,096 روپے فی دس گرام کی نئی بلندی پر پہنچا تھا لیکن اس کے بعد مسلسل گراوٹ کے نتیجے میں اب تک سونے کی قیمت میں 49,595 روپے کی کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی عوامل، منافع خوری اور پالیسی سے جڑی غیر یقینی کیفیت کے باعث قیمتی دھاتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined