
ایپل ہیڈکوارٹر میں اسپیشل ایونٹ کے دوران نمائش کے لیے رکھا گیا نیا آئی فون 17 / Getty Images
نئی دہلی: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے دسمبر 2025 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں عالمی سطح پر اپنی آمدنی کا نیا ریکارڈ قائم کیا، جس میں ہندستانی مارکیٹ میں آئی فون کی غیر معمولی فروخت نے اہم کردار ادا کیا۔ کمپنی کی مجموعی سہ ماہی آمدنی سالانہ بنیاد پر 15 فیصد اضافے کے ساتھ 143.76 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جو اس کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
اس سہ ماہی میں آئی فون سے حاصل ہونے والی آمدنی 85.27 ارب ڈالر رہی، جب کہ میک کی فروخت سے 8.39 ارب ڈالر اور آئی پیڈ سے 8.6 ارب ڈالر کی کمائی ہوئی۔ اس کے علاوہ ویئریبل مصنوعات اور دیگر آلات سے بھی خاطر خواہ آمدنی حاصل ہوئی۔
Published: undefined
فروخت کے بعد خدمات، جن میں سافٹ ویئر، سبسکرپشن اور دیگر سہولیات شامل ہیں، ان سے کمپنی کو 30.01 ارب ڈالر حاصل ہوئے، جو اس شعبے میں بھی ایک نیا ریکارڈ ہے۔ سہ ماہی کے دوران ایپل کا خالص منافع 42.1 ارب ڈالر رہا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 16 فیصد زیادہ ہے۔
ایپل کے چیف فنانشل آفیسر کیون پاریکھ کے مطابق ہندستان میں نہ صرف نئے صارفین کی تعداد بڑھ رہی ہے بلکہ پہلے سے موجود صارفین بھی زیادہ مصنوعات اور خدمات خرید رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئی فون 17 کی مضبوط مانگ کے باعث عالمی سطح پر آئی فون کی آمدنی میں سال بہ سال 23 فیصد اضافہ ہوا۔ امریکہ، چین، لاطینی امریکہ، مغربی یورپ، مشرقِ وسطیٰ، آسٹریلیا اور جنوبی ایشیا میں بھی آئی فون کی فروخت نے مثبت رجحان دکھایا، تاہم ہندستان میں دسمبر کی سہ ماہی خاص طور پر غیر معمولی رہی۔
Published: undefined
ہندستانی مارکیٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹِم کُک نے کہا کہ دسمبر کی سہ ماہی میں کمپنی نے ہندستان میں آمدنی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔ ان کے مطابق آئی فون، میک اور آئی پیڈ کے ساتھ ساتھ فروخت کے بعد خدمات میں بھی سب سے زیادہ آمدنی حاصل ہوئی۔ انہوں نے ہندستان کو دنیا کی دوسری سب سے بڑی اسمارٹ فون مارکیٹ اور چوتھی سب سے بڑی پی سی مارکیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی حصے داری ابھی کم ہے، جس کی وجہ سے مستقبل میں ترقی کے بڑے مواقع موجود ہیں۔
ٹِم کُک نے مزید بتایا کہ ایپل جلد ہی ممبئی میں اپنا ایک اور اسٹور کھولے گی، جو ملک میں کمپنی کا چھٹا اسٹور ہوگا۔ کمپنی کے مطابق فی شیئر آمدنی 2.84 ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے، اور یہ اعداد و شمار ایپل کی مضبوط عالمی اور ہندستانی کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined