بالی ووڈ

بالی وڈ اداکارہ ’شمی آنٹی‘ کا انتقال

بالی وڈ میں شمی آنٹی کے نام سے مشہور نرگس ربادی آخری بار فرح خان اور بومن ایرانی کی فلم ’شیریں فرہاد کی تو نکل پڑی‘ میں نظر آئیں تھیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی بالی وڈ اداکارہ شمی آنٹی

ممبئی: بالی وڈ کی بزرگ اداکارہ شمی کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ وہ 89 برس کی تھیں۔ پیر کی شب رات تقریباً ایک بجے انہوں نے داعی اجل کو لبیک کہا۔

شمی بالی وڈ میں شمی آنٹی کے نام سے مشہور تھیں اور انہوں نے متعدد فلموں میں کریکٹر کردار ادا کئے۔ شمی آنٹی آخری بار فرح خان اور بومن ایرانی کی فلم ’ شیریں فرہاد کی تو نکل پڑی‘ میں نظر آئیں تھیں۔ ان کا اصلی نام نرگس ربادی تھا۔

ٹی وی سیریل ’دیکھ بھائی دیکھ‘ کے علاوہ شمی آنٹی ’زبان سنبھال کے‘، ’شریمان شریمتی ‘، ’کبھی یہ کبھی وہ ‘ اور ’فلمی چکر‘ جیسے ٹی وی پروگراموں میں بھی نظر آ چکی ہیں۔

بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن نے ان کے انتقال کی ٹوئٹ پر اطلاع دیتے ہوئے رنج وغم کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ بہترین اداکارہ اور پرفارمر اب ہمارے درمیان نہیں رہیں۔ وہ کافی وقت سے بیمار تھیں۔ آہستہ آہستہ سبھی جارہے ہیں۔

سنجے دت کی بہن پریا دت نے سوش میڈیا پر شمی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

شمی آنٹی کی زندگی کا سفر

شمی کا جنم ممبئی کے ایک پارسی خاندان میں ہوا تھا۔ جب وہ محض تین سال کی تھیں تو والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے خاندان کا گزارا کرنے کے لئے پارسی طبقہ سے وابستہ پروگراموں میں اپنی ماں کے ساتھ کھانا بنانا شروع کردیا۔ شمی کی ایک بڑی بہن تھیں جن کا نام نینا ربادی تھا اور وہ پیشہ سے فیشن ڈیزائنر تھیں۔ شمی نے 30 برس کی عمر میں فلم ساز سلطان احمد سے شادی کی لیکن 7 سال بعد ہی طلاق ہو گئی۔

شمی جب 18 سال کی تھیں تو انہیں فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا۔ 1949 میں انہوں نے اپنی پہلی فلم ’استاد پیدرو‘ سائن کی۔ اداکار اور پروڈیوسر شیخ مختار کی اس فلم میں وہ سیکنڈ لیڈ ایکٹر کے طور پر نظر آئیں۔ اس کے بعد انہوں نے اہم اداکارہ کے طور پر اپنی پہلی فلم ’ملہار‘سائن کی۔ فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہو پائی، لیکن ان کی اداکاری کو کافی سراہا گیا۔

بالی وڈ میں پہلے سے ہی چونکہ ایک اور نرگس موجود تھیں اس لئے انہیں اپنا نام شمی رکھنا پڑا۔ اس کے بعد یہ نام فلم انڈسٹری میں مشہورہو گیا۔ فلم ملہار کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ نرگس سے ان کی اچھی دوستی ہو گئی۔ دلیپ کمار اور مدھو بالا کی فلم ’سنگ دل‘ میں شمی کو کاسٹ کرنے میں نرگس نے کافی مدد کی تھی۔ اس کے بعد شمی کا فلمی کیرئر پروان چڑھنے لگا۔

شمی نے بالی وڈ میں مختلف قسم کا کام کیا۔ وہ ایک تجرباتی اداکارہ کی طرح تھیں جنہوں نے نہ صرف لیڈ ایکٹر یس کے طور پر بلکہ کامیڈی اور منفی کرداروں میں بھی اپنی پہچان بنائی۔ بعد کے دنوں میں انہوں نے فلموں میں ماں کا کردار ادا کرنا شروع کر دیا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔