
معصوم لڑکی کی موت کا دل دہلا دینے والا واقعہ چھتیس گڑھ میں پیش آیا ہے۔ واقعہ بیجا پور کا ہے جہاں معصوم جمالو اپنے گھر سے تقریباً 11 کلو میٹر دور موت کی نیند سو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ جمالو تقریباً دو مہینے پہلے اپنے کچھ رشتہ داروں کے ساتھ مرچ کے کھیتوں میں کام کرنے تلنگانہ گئی تھی۔ چونکہ پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہے اس لیے وہ اپنے گھر کے لیے 100 کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرنے کے ارادہ سے نکلی تھی۔ اتوار کو گھر لوٹنے کی کوشش کے درمیان ہی جمالو کی موت 11 کلو میٹر پہلے ہی ہو گئی۔
دہلی میں کورونا وائرس کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں، دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بتایا کہ نبی کریم میں 3 پولیس اہلکار کا کورونا ٹسٹ پازیٹو آیا ہے اس کے علاوہ 78 نئے اور معاملے سامنے آئے ہیں۔
اتر پردیش کے ضلع مراد آباد سے مزید ایک موت کی خبر سامنے آئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کووڈ-19 پازیٹو ایک خاتون کی موت واقع ہو گئی ہے جس سے علاقے میں دہشت کا ماحول ہے۔ مراد آباد میں کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے اب تک یہ تیسری موت ہے۔
اترپردیش کے ضلع بجنور میں واقع نہٹور پولیس اسٹیشن کے ایک داروغہ میں کورونا کے انفیکشن کی تصدیق ہونے کے بعد تھانہ کے ایک کلومیٹر کے علاقے کو سیل کر دیا گیا، ساتھ ہی تھانہ کو دوسری جگہ منتقل بھی کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، 60 افراد کو کوارنٹائن بھی کر دیا گیا ہے۔ بجنور کے ایس پی سنجے کمار نے بتایا کہ ’’نہٹور میں ایک سب انسپکٹر پازیٹو پائے گئے تھے۔ اس کے بعد، تھانے میں موجود تمام لوگوں کا معائنہ کرایا گیا۔ اس کے علاوہ، 4 دیگر افراد کو مکمل طور پر ہوم کوارنٹائن کے لئے بھیجا گیا ہے۔
پون کپور نے قابل اعتراض ٹوئٹ پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ "ہندوستان اور یو اے ای تفریق نہ کرنے کے اقدار کو ساجھا کرتے ہیں۔ تفریق ہمارے اخلاقی تانے بانے اور قانون کے ضابطوں کے خلاف ہے۔ یو اے ای میں موجود ہندوستانی شہریوں کو اس کا خیال رکھنا چاہیے۔"
تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تارک راما راؤ نے ہندو دوست کی آخری رسومات انجام دینے والے پانچ مسلم نوجوانوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ہر کوئی یہ سمجھتے ہوئے کہ کورونا سے یہ موت ہوئی ہے، اس سے دور رہ رہا تھا، ایسے وقت میں یہ مسلم نوجوان آگے آئے جنہوں نے آخری رسومات انجام دی۔ واضح رہے اس ہندو نوجوان کی ٹی بی سے موت واقع ہوئی تھی لیکن کورونا کے خوف سے کوئی اس کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے تیار نہیں تھا۔
کورونا وائرس انفیکشن سے پوری دنیا میں تباہی کا عالم ہے اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) تقریباً روزانہ اس سلسلے میں اہم جانکاریاں اور مشورے سبھی ممالک کو دے رہا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے ایک تازہ بیان میں سبھی ممالک کو سنبھل جانے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ "اس سے بھی برا وقت ابھی آنے والا ہے"۔ ڈبلیو ایچ او کا یہ بیان کئی ممالک کے لیے فکر کا باعث ہے۔ خصوصاً ایشیائی اور افریقی ممالک کو ڈبلیو ایچ او نے خصوصی طور پر کورونا سے متعلق بیدار رہنے کو کہا ہے۔
قومی آواز کے قارئین سے گزارش: لاک ڈاؤن ہمارے اور آپ کے لئے ہی ہے، اس کی پابندی ہم پر لازم ہے۔ ماہ رمضان میں بھی عبادات گھر میں ہی ادا کریں، آپ پر سب کی نظریں ہیں اس لئے اچھے انسان ہونے کا ثبوت دیں، کورونا اور منافرت پھیلانے والوں کوشکست دیں۔ شکریہ
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Apr 2020, 8:00 PM IST