
ملک بھر میں کورونا وائرس کی دہشت کے درمیان کانگریس صدر سونیا گاندھی نے جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ میٹنگ میں سونیا گاندھی نے کہا کہ ہمارے سامنے کورونا کی شکل میں صحت سے متعلق سب سے بڑا چیلنج درپیش ہے۔ اس پر فتح حاصل کرنے کے لیے ہمارے عزائم زیادہ ہونے چاہئیں۔
پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد اور اموات میں بہت تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ آخری اعداد شمار حاصل ہونے تک پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی 9 لاکھ 35 ہزار سے زیادہ تعداد ہو گئی ہے جبکہ اس سے ہونے والی اموات 47 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔ دنیا کے طاقتور ترین ملک امریکہ میں ایک دن میں ایک ہزار اموات ہوئی ہیں جبکہ امریکہ میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار سے
زیادہ ہوچکی ہے۔
کورونا وائرس کے روک تھام کے لئے نافذ کیا گیا لاک ڈاؤن اب کئی نئے طرح کے مسائل سے دو چار ہے۔ جہاں متعدد شہروں سے پولیس کی طرف سے عام لوگوں کو زدو کوب کیے جانے کی خبریں گشت کر رہی ہیں وہیں مظفر نگر سے پولیس والوں کو زد و کوب کر کے زخمی کیے جانے کی اطلاع ملی ہے۔
اتر پردیش میں کورونا وائرس انفیکشن کے مریضوں کی تعداد 100* کے پار ہو چکی ہے اور لاک ڈاؤن کے درمیان اتر پردیش میں پولس کی زیادتیوں کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔ ایک خبر سامنے آئی ہے جس میں پولیس کے مظالم کا شکار ایک دلت نوجوان بتایا جا رہا ہے۔
اسرائیل کے وزیر صحت یاکوف لیتزمین اور ان کی اہلیہ چاوا کو بھی عالمی وبا کورونا وائرس ’كووڈ 19‘ کا پازیٹو پایا گیا ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یاکوف لیتز مین کے دفتر نے بدھ کی رات کو ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یاکوف لیتزمین اور ان کی اہلیہ کی صحت فی الحال مستحکم ہے۔
تفصیلی خبروں کے لئے مندرجہ بالا یو ٹیوب ویڈیو لنک پر کلک کریں۔
* تصیح:اتر پردیش میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی تعداد کی 100 کے پار ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Apr 2020, 9:56 PM IST