کھیل

قومی کھیل ایوارڈ 2025 کا اعلان: تیجسون شنکر اور دیویا دیشمکھ سمیت 17 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ

کھیل کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 17 کھلاڑیوں کو ’ارجن‘ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی 3 کوچز کو ’دروناچاریہ‘ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

تصویر/آئی اے این ایس

 

نوجوانوں کے امور اور کھیل کی وزارت نے منگل (18 اگست) قومی کھیل ایوارڈ 2025 کا اعلان کر دیا ہے۔ کھیل کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 17 کھلاڑیوں کو ’ارجن‘ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی 3 کوچز کو ’دروناچاریہ‘ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے سابق جج (ریٹائرڈ) ارون کمار مشرا کی صدارت والی انتخابی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر حکومت نے مختلف زمروں میں کھلاڑیوں، کوچ اور اداروں کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

’ارجن‘ ایوارڈ 2025 کے لیے تیجسون شنکر (ایتھلیٹکس)، محمد اجمل وی (ایتھلیٹکس)، پرینکا گوسوامی (ایتھلیٹکس)، ٹریسا جولی (بیڈمنٹن)، گایتری گوپی چند پُلیلا (بیڈمنٹن)، نریندر (باکسنگ)، وِدت سنتوش گجراتی (شطرنج)، دیویا جتندر دیش مکھ (شطرنج)، دھنش شری کانت (ڈیف شوٹنگ)، لال ریم سیامی (ہاکی)، راج کمار پال (ہاکی)، سرجیت (کبڈی)، پوجا (کبڈی)، رودرانش کھنڈیلوال (پیرا شوٹنگ)، ایکتا بھیان (پیرا ایتھلیٹکس)، اروند سنگھ (روئنگ) اور اکھل شیوران (شوٹنگ) کے ناموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ’ارجن ایوارڈ‘ کھیل کے میدان میں گزشتہ 4 سالوں کے دوران بہترین کارکردگی اور قیادت، کھیل کے جذبے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے۔

’ارجن ایوارڈ (لائف ٹائم) 2025‘ آئی ارومنايگم (فٹبال) کو دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ان کھلاڑیوں کو اعزاز دینے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے دیا جاتا ہے، جنہوں نے کھیل کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہوں اور کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کسی نہ کسی صورت میں اس سے وابستہ رہ کر اس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہتے ہیں۔ ’دروناچاریہ ایوارڈ 2025‘ پرویر سنگھ (ایتھلیٹکس)، چھوٹے لال یادو (باکسنگ) اور نیہا نند کمار چوہان (شوٹنگ) کو دیا گیا ہے۔ ’دروناچاریہ‘ ایوارڈ ان کوچز کو دیا جاتا ہے جو مسلسل بہترین اور قابلیت سے بھرپور کام کرتے ہیں اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ ’دروناچاریہ ایوارڈ (لائف ٹائم) 2025‘ کے لیے دھرمندر سنگھ یادو (باکسنگ) اور ویریندر کمار (کشتی) کے نام طے کیے گئے ہیں۔

’قومی کھیل فروغ ایوارڈ 2025‘ آرمی پیرالمپک نوڈ، پونے کو دیا جائے گا۔ یہ اعزاز ان کارپوریٹ اداروں (سرکاری، پرائیویٹ) اور غیر سرکاری تنظیموں (این جی او) کو دیا جاتا ہے، جنہوں نے کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے شعبے میں اہم کردار ادا کیا ہو۔ قومی کھیل ایوارڈ ہر سال کھیلوں کے میدان میں بطور کھلاڑی اور کوچ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو دیے جاتے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔