کھیل

’آئندہ سال زبردست واپسی پر میری پوری توجہ‘، چوٹ کے باعث میدان سے دور نیرج چوپڑا کا عزم

نیرج چوپڑا نے میڈیا سے کہا کہ ’ابھی اولمپک میں وقت ہے، لیکن جیسا کہ آپ کو معلوم ہے، مجھے انجری ہو گئی تھی اور میں اب واپسی کر رہا ہوں۔ ٹخنے میں جو چوٹ لگی تھی، اب آہستہ آہستہ اس میں بہتری آ رہی ہے۔‘

<div class="paragraphs"><p>نیرج چوپڑا، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

نیرج چوپڑا، تصویر/آئی اے این ایس

 

ہندوستان کے اسٹار جویلن تھروور نیرج چوپڑا کو انجری کے باعث 2026 کا سیزن درمیان میں ہی روکنا پڑا۔ وہ 2027 میں شاندار واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ اپنے ہدف کے بارے میں بات کرتے ہوئے نیرج چوپڑا نے کہا کہ ابھی اولمپک میں وقت ہے۔ انہوں نے ایشین گیمز 2026 میں جویلن تھرو میں ہندوستان کی کارکردگی کی بھی تعریف کی، جہاں ان کی غیر موجودگی کے باوجود ہندوستانی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ممبئی میں 2026 آڈی کیو3 کی لانچنگ کے دوران میڈیا نے نیرج چوپڑا سے اولمپک کی تیاری کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’ابھی اولمپک میں وقت ہے، لیکن جیسا کہ آپ کو معلوم ہے، مجھے انجری ہو گئی تھی اور میں اب واپسی کر رہا ہوں۔ ٹخنے میں جو چوٹ لگی تھی، اب آہستہ آہستہ اس میں بہتری آ رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’اب میری توجہ صرف اس بات پر ہے کہ آئندہ سال زبردست واپسی کروں اور کیریئر کی بہتری کارکردگی پیش کروں۔‘‘

ایشین گیمز 2026 میں جویلن تھرو میں ہندوستان کی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’’میں اور کشور موجود نہیں تھے، اس کے باوجود اس بار ہمارے 2 تمغے آئے۔ ہمارے نوجوان ایتھلیٹس سامنے آ رہے ہیں، جو ہندوستان کے لیے ایک اچھا اشارہ ہے کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ میں ان نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں کہ وہ اپنا خیال رکھیں، انجری سے بچیں اور کھیل سے لطف اندوز ہوں۔‘‘

واضح رہے کہ ایشین گیمز 2026 میں حصہ نہ لے پانے پر نیرج چوپڑا کس قدر تکلیف میں تھے اس کا اندازہ ان کی ’لنکڈاِن‘ پوسٹ سے لگایا جا سکتا ہے جو انہوں نے 19 ستمبر کو کی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’’ایشین گیمز نے مجھے کیریئر کے چند سب سے بہترین لمحات دیے ہیں۔ اس بار ہندوستان کی نمائندگی نہ کر پانا مشکل ہے۔ میں ٹخنے کے لگامنٹ کی چوٹ سے دوچار ہوں۔ کافی سوچنے کے بعد مجھے تسلیم کرنا پڑا کہ میں مقابلے میں حصہ نہیں لے پاؤں گا۔ ملک کی امیدوں کو لے کر مقابلے میں جانا اعزاز کی بات ہے لیکن اس موقع کو گنوانا افسوسناک ہے۔ آپ کا اس پر کنٹرول نہیں ہوتا جو آپ کے ساتھ ہوتا ہے۔ آپ بس اس پر کیسے ردعمل کا اظہار کرنا ہے؟ اسے کنٹرول کر سکتے ہو۔ اس ردعمل کا ایک بڑا حصہ میرے آس پاس کے لوگ ہیں۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔