
سویندو ادھیکاری / آئی اے این ایس
مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے لیونل میسی سے متعلق ہنگامے کا ذکر کرتے ہوئے بڑا بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’یوا بھارتی اسٹیڈیم‘ میں میسی کے پروگرام میں بد انتظامی کے لیے ٹکٹ خریدنے والے 33000 شائقین کو ریاست کے کھیل بجٹ سے رقم واپس کی جائے گی۔ ’وزارڈ آف ہاکی‘ میجر دھیان چند کی سالگرہ کے موقع پر نبنّا میں منعقد نیشنل اسپورٹس ڈے کی تقریب میں اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے شوبھیندو ادھیکاری نے کہا کہ ’’میسی کے بہت سے مداح ہیں۔ انہوں نے 4000 اور 6000 روپے کے ٹکٹ خریدے تھے۔ میری خواہش ہے کہ ان 33000 کھیل شائقین کی رقم واپس کی جائے۔ میں نے اندرونی طور پر کارروائی شروع کر دی ہے۔ مجھے امید ہے کہ میں ایسا کر پاؤں گا۔‘‘
واضح رہے کہ لیونل میسی 13 دسمبر 2025 کو کولکاتا کے ’یوا بھارتی اسٹیڈیم‘ آئے تھے، لیکن پروگرام میں کافی بدنظمی ہوئی تھی۔ اس بدنظمی کے لیے ترنمول کانگریس حکومت میں کھیل کے وزیر اروپ بسواس کی حد سے زیادہ مداخلت کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ حالانکہ اس دن اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن یہ مطالبہ اب تک پورا نہیں ہوا ہے۔ ہفتے کے روز منعقدہ اس تقریب میں سابق ہاکی کھلاڑی گربخش سنگھ، کھیل کے وزیر اندرنیل خان، آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کے صدر کلیان چوبے اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بہترین کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا گیا اور انہیں تقرری نامے بھی سونپے گئے۔ کھیل کے شعبے کو نظرانداز کرنے پر سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ جن کھلاڑیوں کو آج تقرری نامے ملے ہیں، ان میں سے کئی کے کاغذات 11 برس سے وزیر اعلیٰ کے دفتر میں دھول پھانک رہے تھے۔‘‘
بنگال کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں اولمپکس، ایشیائی کھیلوں یا قومی ٹیموں میں مغربی بنگال کی شرکت تقریباً نہ ہونے کے برابر رہی ہے، جبکہ اڈیشہ اور جھارکھنڈ جیسی ریاستیں اپنے کھلاڑی بھیجتی ہیں۔ بنگال میں صلاحیت، سمجھ بوجھ موجود ہے، لیکن ضروری سسٹم، اقدامات اور سیاسی عزم کی کمی ہے۔ ہر کھیل کے شعبے یا تنظیم پر سیاست کا کنٹرول کیوں ہونا چاہیے؟ اس بار جو تبدیلی آئے گی، وہ اسی نظام کو مکمل طور پر بدل دے گی، ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ ایسا ہو۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔