
مشیل اسٹارک، تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ @ICC
بنگلہ دیش کی پہلی اننگز محض 64 رنز پر سمٹ گئی ہے۔ آسٹریلیا کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں مشیل اسٹارک نے حاصل کیں، جنہوں نے 6 بلے بازوں کو آؤٹ کرکے ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ سال 2026 میں بنگلہ دیش پہلی ایسی ٹیم بن گئی ہے، جو کسی اننگز میں 100 یا اس سے کم رنز پر آل آؤٹ ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش کے 7 بلے باز تو رنز کے معاملے میں دہائی کا ہندسہ بھی نہیں چھو سکے۔ سیریز کے اس دوسرے مقابلے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ میچ کی پہلی ہی گیند پر اسٹارک نے شادمان اسلام کی وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد تو بلے بازوں کے آنے جانے کا سلسلہ جاری رہا اور 12 رنز تک بنگلہ دیش کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ اپنے اسپیل کے چوتھے اوور تک اسٹارک 5 وکٹیں حاصل کرچکے تھے۔
اب تک سال 2026 میں کسی ٹیسٹ اننگز میں سب سے کم اسکور بنانے کا ریکارڈ بنگلہ دیش کے نام جڑ گیا ہے۔ وہ ایسی پہلی ٹیم ہے، جو اس سال 100 سے کم اسکور پر سمٹ گئی ہو۔ اس سے قبل اس لسٹ میں سب سے اوپر سری لنکا کا نام تھا، جو جون میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 101 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ سب سے کم اسکور بنانے والی ٹیموں کی فہرست میں بنگلہ دیش 64 رنوں پرآسٹریلیا کے مقابلے آل آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا 101 رنوں پر ویسٹ انڈیز کے مقابلے آل آؤٹ ہوئی تھی۔ جب کہ تیسرے مقام پر افغانستان ہے، جو ہندوستان کے مقابلے 112 رنوں پر آل آؤٹ ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ 113 رنوں پر انگلیڈر کے مقابلے آل آؤٹ ہو گئی تھی۔
بنگلہ دیشی ٹیم کی حالت اس قدر خراب تھی کہ 12 رنز کے اسکور پر 5 وکٹیں گر چکی تھیں۔ پہلے 6 بلے بازوں میں سے 4 تو کھاتہ بھی نہیں کھول سکے اور اس کا سہرا مشیل اسٹارک کے سر جاتا ہے، جو مسلسل بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹ رہے تھے۔ وہ اپنے اسپیل کی پہلی 22 گیندوں میں 5 بلے بازوں کو آؤٹ کرچکے تھے۔21 رنز کے اسکور تک 6 وکٹیں گر چکی تھیں اور 35-40 رنز بھی مشکل ہی لگ رہے تھے۔ بتاتے چلیں کہ ٹیسٹ اننگز میں سب سے کم اسکور پر آل آؤٹ ہونے والی ٹیم نیوزی لینڈ ہے، جو انگلینڈ کے خلاف محض 26 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ وہ تو بھلا ہو آخری نمبروں پر آنے والے بلے بازوں کا، کیونکہ بنگلہ دیش کے لیے آخری 4 وکٹوں نے 43 رنز کا اضافہ کیا اور بنگلہ دیش کو سب سے کم اسکور پر آل آؤٹ ہونے سے بچا لیا۔
مشیل اسٹارک نے اننگز میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اب ٹیسٹ کرکٹ میں 441 وکٹیں ہوگئی ہیں اور اسی مقابلے میں انہوں نے ڈیل اسٹین کے 439 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے علاوہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے معاملے میں روی چندرن اشون (765 وکٹیں) سے بھی آگے نکل گئے ہیں۔ اسٹارک کی اب 767 وکٹیں ہوگئی ہیں۔ آسٹریلیا کے لیے کپتان پیٹ کمنز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے بھی ایک وکٹ لیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔