
سچن کھلاری، تصویر/آئی اے این ایس
ہندوستان نے ایشین پیرا گیمز میں بدھ (21 اکتوبر) کو 3 طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا ہے۔ صبح آیوش شرما نے مردوں کے شاٹ پُٹ ایف53 ایونٹ میں دن کا پہلا طلائی تمغہ جیتا۔ ان کے بعد پروین کمار مردوں کے ہائی جمپ ٹی64 میں اور سچن کھلاری مردوں کے شاٹ پُٹ ایف46 میں ہندوستان کو طلائی تمغہ دلایا۔ جاپان کے ناگویا میں جاری پیرا ایشین گیمز کے تیسرے دن ہندوستانی کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 12 تمغے جیتے، جن میں 3 طلائی، 6 نقرئی اور 3 کانسے کا تمغہ شامل ہے۔ ہندوستان کے اب 12 طلائی سمیت مجموعی طور پر 47 تمغے ہو گئے ہیں۔ ان میں 17 چاندی اور 18 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ ہندوستانی ٹیم میڈل ٹیلی میں 5ویں نمبر پر آ گئی ہے۔
طلائی تمغہ حاصل کرنے والے آیوش شرما 8.16 میٹر تھرو کے ساتھ پہلے مقام پر رہے۔ ایران کے علی رضا ہمامی نے 8.09 میٹر تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ قزاقستان کے مخامبیٹ سیریک کلیئیف 6.81 میٹر کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے۔ ایف 53 کیٹیگری ان فیلڈ ایتھلیٹس کے لیے ہے، جن کے دھڑ اور پیروں کی نقل و حرکت متاثر ہوتی ہے۔ کھلاڑی بیٹھ کر مقابلہ کرتے ہیں، اس کیٹیگری میں ہاتھوں کی پکڑ پر اثر کم ہوتا ہے۔
مردوں کے ہائی جمپ ٹی64 مقابلے میں پروین کمار نے 2.05 میٹر کی چھلانگ لگا کر طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے اپنا گزشتہ گیمز کا 2.02 میٹر کا ریکارڈ توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔ بنٹی نے 1.92 میٹر کی ذاتی بہترین چھلانگ لگا کر چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اس کیٹیگری میں وہ پیرا ایتھلیٹ حصہ لیتے ہیں، جو نچلے حصے (جیسے ٹخنے کے نیچے) میں معذوری کی وجہ سے پروستھیسس (مصنوعی اعضاء) کا استعمال کر کے ٹریک اور فیلڈ ایونٹ (جیسے اونچی چھلانگ یا لمبی چھلانگ) میں حصہ لیتے ہیں۔
سچن نے ایشین پیرا گیمز میں مردوں کے شاٹ پُٹ ایف46 مقابلے میں اپنا طلائی تمغہ برقرار رکھا۔ اسی مقابلے میں محمد یاسر نے چاندی اور پروین نے کانسہ کا تمغہ کا جیت کر ہندوستان کو تینوں تمغے دلائے۔ اس کے علاوہ شیتل دیوی اور پایل ناگ نے پیرا کمپاؤنڈ خواتین ڈبلز میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ ہندوستانی جوڑی طلائی تمغہ کے میچ میں چینی جوڑی سے 150-141 سے ہار گئی۔ شیتل دیوی اور پایل ناگ چینی کھلاڑیوں کی برابری نہیں کر سکیں۔ ہندوستانی جوڑی نے پورے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی، لیکن فرق کم نہیں کر پائیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔