
ایشین پیرا گیمز 2026، تصویر/آئی اے این ایس
ایشین پیرا گیمز 2026 میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے جمعہ (23 اکتوبر) کو تاریخ رقم کی۔ ہندوستان نے ایشین پیرا گیمز میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمغوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ہندوستان نے مجموعی طور پر 114 تمغے اپنے نام کیے ہیں۔ ایشین پیرا گیمز کی تاریخ میں یہ ہندوستان کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔ ہندوستان نے 30 طلائی، 35 نقرئی اور 49 کانسے کے تمغے جیتے ہیں۔ طلائی تمغوں کے لحاظ سے بھی یہ ہندوستان کی بہترین کارکردگی ہے۔
ایشین پیرا گیمز 2023 میں ہندوستان نے مجموعی طور پر 111 تمغے جیتے تھے، جن میں 29 طلائی تمغے شامل تھے۔ تاہم ہندوستانی کھلاڑیوں نے اس ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔ جمعہ کو ہندوستان نے مجموعی طور پر 9 طلائی تمغے اپنے نام کیے۔ ایشین پیرا گیمز 2026 میں ہندوستان نے 168 کھلاڑیوں کا دستہ بھیجا تھا، جو گزشتہ گیمز کے مقابلے میں تقریباً نصف تھا۔ اس کے باوجود کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ہندوستان نے تمغوں کی فہرست میں چوتھے مقام پر رہتے ہوئے اپنا سفر ختم کیا، جو ملک کے لیے ایک نئی کامیابی ہے۔
ایشین پیرا گیمز 2023 میں ہندوستان نے تمغوں کی فہرست میں پانچویں مقام پر رہتے ہوئے ٹورنامنٹ ختم کیا تھا۔ جاپان میں پیرا کھلاڑیوں کی تاریخی کارکردگی میں ایتھلیٹکس کا کردار سب سے اہم رہا۔ ایتھلیٹکس میں ہندوستان نے سب سے زیادہ 65 تمغے جیتے۔ یہ گزشتہ ایشین پیرا گیمز کے مقابلے میں 12 زیادہ ہیں۔ جمعہ کو جیولین تھرو میں سمت انتل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔ مہندر گرجر نے نقرئی اور سندیپ سرگر نے کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اس طرح جویلن تھرو کے پوڈیم پر ہندوستانی کھلاڑیوں کا غلبہ رہا۔
ہندوستانی پیرا بیڈمنٹن جوڑی تھلسیمتھی مروگیشن اور مانسی جوشی نے خواتین کے ڈبلز مقابلے میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔ تھلسیمتی نے نتیش کے ساتھ مل کر مکسڈ ڈبلز میں بھی نقرئی تمغہ اپنے نام کیا۔ مونا اگروال نے شوٹنگ میں ایشین پیرا گیمز 2026 کا دوسرا طلائی تمغہ جیتا۔ دوسری جانب بیڈمنٹن اور تیر اندازی میں بھی ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔