
ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس
ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے ’ایشین گیمز 2026‘ میں تمغہ یقینی کر لیا ہے۔ بدھ کو جاپان کے کاکامی گہارا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ کے میچ میں جگہ بنا لی۔ اب خطابی مقابلہ میں ہندوستان کا سامنا چین سے ہوگا۔ 1982 کے بعد خواتین ہاکی میں اپنا پہلا ایشین گیمز گولڈ میڈل جیتنے کی کوشش کر رہی ہندوستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنا شاندار ریکارڈ برقرار رکھا۔ سلیمہ ٹیٹے کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم نے زیادہ تر وقت گیند پر قبضہ برقرار رکھا، لیکن جنوبی کوریا کے مضبوط دفاع کی وجہ سے اسے گول کرنے کے لیے تیسرے کوارٹر تک انتظار کرنا پڑا۔
ہندوستان کو پہلے کوارٹر میں کئی پنالٹی کارنر ملے، لیکن کسی بھی موقع کو گول میں تبدیل نہیں کیا جا سکا۔ ٹیم اوپن پلے سے بھی گول کے قریب پہنچی، لیکن نونیت کور کے بہترین پاس کے بعد لالریمسیامی ہمرجوٹے گول نہیں کر سکیں۔ جنوبی کوریا نے بھی دونوں جانب سے اٹیک کر کے ہندوستانی دفاع کو آزمانے کی کوشش کی، لیکن ہندوستان کا دفاع مضبوط رہا اور پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ ہندوستان نے دوسرے کوارٹر میں بھی دباؤ برقرار رکھا اور پنالٹی کارنر سے دوبارہ گول کے قریب پہنچا۔ نونیت نے زبردست شاٹ لگایا، لیکن جنوبی کوریا کی گول کیپر نے گول کے سامنے ڈائیو لگا کر شاندار دفاع کیا۔ ہندوستان کے مسلسل دباؤ کے باوجود جنوبی کوریا ڈٹا رہا اور ہاف ٹائم تک اسکور 0-0 رہا۔
ہاف ٹائم کے بعد بھی ہندوستان نے گیند پر قبضہ بنائے رکھا۔ مڈفیلڈ سے تحمل کے ساتھ اٹیک کیے اور دونوں جانب سے مواقع تلاش کیے۔ تاہم جنوبی کوریا کا دفاع ہندوستانی فارورڈز کو پریشان کرتا رہا۔ آخرکار 44ویں منٹ میں کامیابی ملی، جب ایشیکا نے شاندار فنش کے ساتھ گول کیا اور تیسرے کوارٹر کے اختتام پر ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد ہندوستان نے آخری کوارٹر کے آغاز میں اپنی برتری دگنی کر دی، جس کی شروعات کپتان سلیمہ ٹیٹے کی ایک بہترین موو سے ہوئی تھی۔ کپتان نے دائیں جانب سے گیند کو شوٹنگ سرکل میں پہنچایا اور بیس لائن سے اسے پیچھے کی جانب موڑا۔ گیند کوریائی ڈیفنڈر کی اسٹک سے ٹکرا کر اپنا رخ بدلتے ہوئے نیٹ میں چلی گئی۔
جنوبی کوریا نے واپسی کی کوشش کی، لیکن ہندوستان نے تحمل برقرار رکھا اور دباؤ بنانا جاری رکھا۔ کوریائی کھلاڑیوں نے مضبوطی کے ساتھ ہندوستان کے ایک اور پنالٹی کارنر کا دفاع کیا، جس سے اسکور 2-0 پر ہی برقرار رہا۔ اس نتیجے نے ایشین گیمز میں خواتین کی ہاکی میں دوسرا گولڈ میڈل جیتنے کے ہندوستان کے 44 سالہ انتظار کو ختم کرنے کی امید زندہ رکھی ہے۔ ہندوستان پول مرحلے میں ازبکستان کو 19-0، انڈونیشیا کو 17-1 اور تھائی لینڈ کو 20-1 سے شکست دینے کے ساتھ میزبان جاپان کو 3-1 اور سنگاپور کو 7-0 سے ہرا کر بغیر کوئی میچ ہارے سیمی فائنل میں پہنچا تھا۔ پول-اے میں دوسرے مقام پر رہی جنوبی کوریا کی ٹیم نے بدھ کے سیمی فائنل سے قبل اپنے 5 میں سے 4 میچ جیتے تھے، اسے واحد شکست چین کے خلاف ملی تھی۔ اب ہندوستانی ٹیم جمعہ کو فائنل میں چین کا سامنا کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیت کر اپنی مہم کو کامیاب بنانے کی کوشش کرے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔