سماج

مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی

ڈی ڈبليو اردو کے ليے اپنے اس بلاگ ميں وسعت اللہ خان پاکستان ميں ادويات کی صنعت کا حال احوال بيان کر رہے ہيں۔ کچھ اسکينڈلز اور ان کی تفتيش کی کہانياں اور کچھ حقائق، جنہيں شايد بھلا ديا گيا ہے۔

مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی
مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی 

یہ بات ہے دسمبر دو ہزار گیارہ کی، اس وقت کے وزیرِ اعلی شہباز شریف کی فلاحی اسکیم کے تحت پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی جانب سے حسبِ معمول دل کے ایک لاکھ سے زائد رجسٹرڈ مریضوں کو دواؤں کی مفت سپلائی جاری تھی۔ان دواؤں میں کراچی کی ایک فارماسيوٹیکل کمپنی ایفروز لیب کی فراہم کردہ آئسو ٹیب بھی شامل تھی۔ اچانک دل کے امراض ميں مبتلا افراد لاہور اور اس کے مضافات سے کارڈیالوجی کی ایمرجنسی میں پہنچے لگے۔جنوری کے وسط تک متاثرہ مریضوں کی تعداد پچیس ہزار تک پہنچ گئی ۔ڈاکٹروں کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ اس صورتحال سے کیسے نپٹیں۔اکثر مریضوں پر ڈینگی کے حملے کا شبہ تھا مگر ڈینگی کی کوئی علامات نہیں تھیں۔مریض مرنے لگے اور یہ تعداد دو سو سے اوپر چلی گئی جبکہ ایک ہزار مریضوں کی حالت غیر تھی۔

Published: undefined

طبی حکام نے عالمی ادارہِ صحت سے رابطہ کیا۔دواؤں اور مریضوں کے خون کے نمونے تشخِیص کے ليے بیرون ملک بھیجے گئے ۔اکتیس جنوری کو برطانوی ہیلتھ ریگولیٹری ایجنسی نے پتہ چلا لیا کہ آئسوٹیب کی گولیوں میں اینٹی پیراسیٹک دوا پائریمیتھامین کی بھاری مقدار پائی گئی ہے ۔تب تک انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اپنے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کے مطابق چھیالیس ہزار مریضوں میں آلودہ آئسو ٹیب گولیاں تقسیم کر چکا تھا ۔چنانچہ آخری دو بیچز کی دوا فوری طور پر ان مریضوں سے واپس لی گئیں۔جو مر گئے سو مر گئے۔باقی مریضوں کی جان بچانے کے ليے عالمی ادارہِ صحت کے ماہرین کے مشورے سے کیلشیم فولینیٹ کی بھاری ڈوز دی گئی ۔

Published: undefined

تحقیقات سے پتہ چلا کہ آئسو ٹیب کی آٹھ اعشاریہ آٹھ ملین گولیوں میں سے چار لاکھ آلودہ پائی گئیں۔فیکٹری میں ان کی تیاری کے دوران پچیس کلوگرام پائریمیتھامین کا ڈرم لیک ہو کے آئسو ٹیب کی پروڈکشن میں مکس ہو گیا ۔اور پھر اس اسٹاک کو حتمی معائنے کے بغیر پیکیجنگ کر کے لاہور بھیج دیا گیا۔

Published: undefined

اتنے بڑے انسانی المیے کے بعد نمائشی قانونی کارروائی ضرور ہوئی مگر کسی قصور وار کا بال بیکا نہ ہوا۔بس اتنا ہوا کہ اس سانحے کے بعد وفاقی سطح پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کا نگراں ادارہ وجود میں آ گیا تاکہ ڈرگز ایکٹ مجریہ انیس سو چھہتر کے تحت ہر طرح کی ادویات کی تیاری، فراہمی اور کوالٹی کنٹرول کو یقینی بنایا جا سکے۔

Published: undefined

ڈریپ کی موجودگی میں اپریل دو ہزار چودہ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے محکمہ صحت کی مدد سے لاہور میں دس مقامات پر چھاپہ مارا ۔ان جگہوں سے غیر رجسٹرڈ ناقص و آلودہ دوائیں، مشہور بین الاقوامی اور مقامی دوا ساز کمپنیوں کی جعلی پیکیجنگ، زائد المعیاد دوبارہ پیک کی گئی دوائیں، ایلوپیتھک اجزا کی ملاوٹ والی ہومیو پیتھک اور ہربل دوائیں، سرکاری و فوجی ہسپتالوں سے چرائی گئی دوائیں اور بیرونِ ملک سے اسمگلڈ دوائیں برآمد ہوئیں۔چھاپے کے دوران جو ریکارڈ ہاتھ آیا اس کے مطابق یہ مال لاہور ڈویژن کے ساڑھے چار سو میڈیکل اسٹورز پر سپلائی کیا جاتا تھا۔تیرہ ملزم گرفتار ہوئے۔اس کے بعد کیا ہوا خدا بہتر جانتا ہے ۔

Published: undefined

جنوری دو ہزار سترہ میں ایف آئی اے نے میو ہسپتال لاہور میں چھاپہ مار کے دل کی شریانوں میں ڈالے جانے والے سٹنٹس کی ایک غیر معیاری اور ایکسپائرڈ کھیپ قبضے میں لی ۔ حال ہی میں سندھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب نے جان بچانے والی ادویات کے دو درجن سے زائد سیمپلز ٹیسٹ کيے۔ کراچی اور حیدرآباد سے جمع کيے گئے سیمپلز میں سے اٹھارہ سیمپلز میں کوئی فارماسوٹیکل اجزا نہیں تھے۔کچھ گولیوں اور کیپسولز میں پسا ہوا چاک اور آٹا بھی پایا گیا۔

Published: undefined

قانون کے مطابق پاکستان میں مریضوں کو جو خون مہیا کیا جاتا ہے وہ بلڈ اسکریننگ کے بغیر فراہم کرنا جرم ہے۔مگر کچھ اچھی شہرت والے ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کے سوا ہنگامی طور پر جو خون مہیا کیا جاتا ہے اس کے بارے میں یقین سے کہنا مشکل ہے کہ يہ واقعی معیاری اسکریننگ کٹ سے گزارا گیا یا نہیں۔

Published: undefined

تازہ ترین اسکینڈل اووسٹین انجکشن کا سامنے آیا ہے ۔یہ دوا ویسے تو کینسر کی بعض اقسام کے علاج کے ليے استعمال ہوتی ہے مگر گزشتہ پندرہ برس سے پاکستان سمیت کئی ممالک میں ان مریضوں کو بھی آنکھ میں انجکشن کے ذریعے اس کی ایک معمولی مقدار دی جاتی ہے جن کی بینائی ضیابیطس کے سبب متاثر ہو رہی ہو۔ مگر اووسٹین کو موثر رکھنے کے ليے اس کی ڈوزیج ایک خاص ٹمپریچر میں ماہر فارماسسٹس کی نگرانی میں تیار کی جاتی ہیں اور انہیں چھ گھنٹے کے اندر استعمال کرنا ضروری ہے ورنہ افادیت کھو بیٹھتی ہیں۔نیز ڈوزیج کی تیاری بکٹیریا سے محفوظ ماحول میں ہی ہو سکتی ہے ۔

Published: undefined

اچانک سے پتہ چلا کہ گزشتہ دو ہفتے کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں اووسٹین کی آلودہ ڈوزیج کے سبب کم ازکم اڑسٹھ مریضوں کی بینائی چلی گئی۔ دو ہسپتالوں پر چھاپہ مارا گیا جہاں آلودہ ماحول میں یہ ڈوزیج تیار کی جاتی تھیں اور پھر ان کی بین الاضلاعی سپلائی برف کے تھرمس میں عام ٹرانسپورٹ کے ذریعے کی جاتی تھی۔

Published: undefined

حسبِ معمول درجن بھر ڈرگ انسپکٹرز اور دو تین اعلی افسروں کو تب تک کے ليے معطل کر دیا گیا جب تک میڈیا کے کیمروں کا رخ کسی اور اسکینڈل کی جانب نہیں مڑ جاتا اور جب تک ایک تحقیقاتی کمیٹی کے اوپر بننے والی ایک اور تحقیقاتی کمیٹی کے اوپر بننے والی ایک اور تحقیقاتی کمیٹی کی حتمی رپورٹ سامنے نہیں آ جاتی۔تب تک اووسٹین کا صوبہِ پنجاب کی حدود میں استعمال غیر معینہ مدت کے ليے روک دیا گیا ۔یعنی دوا دستیاب ہو تو مریض کی شامت، نہ دستیاب ہو تو مریض کی شامت۔

Published: undefined

وفاقی ڈرگز ریگولیٹری اتھارٹی، وفاقی و صوبائی وزارتِ صحت، ہیلتھ کمیشن اور کوالٹی کنٹرول بورڈ بدستور اپنی جگہ کام کر رہے ہیں۔ڈرگ انسپکٹرز کا پے اسکیل بظاہر بہت زیادہ نہیں پھر بھی اس آسامی پر بھرتی کے ليے بھاری سفارش کی ضرورت ہوتی ہے ۔ دوا ساز کمپنیاں ڈاکٹروں سمیت سب متعلقہ اداروں اور اہل کاروں کو خوش رکھتی ہیں اور یہ سب ان کمپنیوں کو خوش رکھتے ہیں۔رہے مریض تو ان کے ليے عرض ہے کہ:

بارِ حیات اٹھائیے تنہا اٹھائیے

یہ بوجھ آپ سے نہیں اٹھتا ، اٹھائیے

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined