سماج

ایڈ اور ایڈز میں فرق مشکل ہو گیا ہے

یہ انیس سو چورانوے کی بات ہے جب پاکستان میں ایچ آئی وی ( ایڈز ) کے بارے میں عمومی آگہی بڑھانے کے لئے بی بی سی ایجوکیشنل ٹرسٹ نے ایک ریڈیو سیریز کمیشن کی۔

ایڈ اور ایڈز میں فرق مشکل ہو گیا ہے
ایڈ اور ایڈز میں فرق مشکل ہو گیا ہے 

مجھے یہ جان کے خوشی ہوئی کہ بی بی ( بے نظیر بھٹو ) کی دوسری حکومت ( انیس سو ترانوے ۔ چھیانوے ) نے اس معاملے کو نہ صرف سنجیدگی سے لیا بلکہ باقاعدہ ایک نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام متعارف کروایا اور صوبائی سطح تک اس کا ڈھانچہ تشکیل دیا۔

Published: undefined

تب مجھے سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے انچارج ڈاکٹر اقبال احمد نے بتایا کہ پاکستان میں جسمانی مدافعتی نظام چوپٹ کر دینے والے ایچ آئی وی سے متاثر افراد کی تعداد لگ بھگ چالیس ہزار ہے۔ جو گروپ سب سے زیادہ خطرے میں ہیں، ان میں خلیجی ریاستوں میں کام کرنے والے تارکینِ وطن، اسپتالوں کے اردگرد منڈلانے والے پیشہ ور خون فروش، ایک ہی سرنج بار بار استعمال کرنے والے نشے باز، کثیر جنسی تعلقات رکھنے والے افراد اور غیر محفوظ جنسی عمل میں مبتلا زن و مرد، ٹرانس جینڈرز اور ٹرانسپورٹرز کمیونٹی ( ڈرائیور، کنڈکٹرز، کلینرز وغیرہ ) شامل ہیں۔

Published: undefined

تب ڈاکٹر اقبال احمد نے یہ بھی بتایا تھا کہ پیشہ ور خون دینے والوں کی حوصلہ شکنی اور بیرونِ ملک سے ڈی پورٹ ہونے والے تارکینِ وطن کی لازمی ایچ آئی وی اور ہیپٹائٹس اسکریننگ کا ایک قانون جلد نافذ ہونے والا ہے۔ ڈسپوز ایبل سرنجز کا سرکاری اسپتالوں میں استعمال لازمی ہو گا۔ ٹرانس جینڈر کمیونٹی اور پروفیشنل سیکس ورکرز کو طبی معائنے، علاج معالجے اور محفوظ جنسی عمل کی اہمیت کے بارے میں آگہی بھی ترجیحاتی فہرست میں شامل ہیں۔

Published: undefined

آج ڈاکٹر اقبال احمد ( مرحوم ) سے میری ملاقات کو لگ بھگ تیس برس ہو چلے ۔گزشتہ دس برس کے دوران پاکستان کو ایچ آئی وی کی آگہی اور روک تھام کی مد میں گلوبل فنڈ برائے ٹی بی، ملیریا، ایڈز سے ایک ارب ڈالر کی امداد ملی۔ حکومت ہر سال اس مد میں ایڈز کنٹرول پروگرام کو لگ بھگ دو ارب روپے فراہم کرتی ہے۔ اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت صحت کے امور صوبائی دائرہِ کار میں منتقل ہو چکے ہیں اور صوبائی حکومتیں اس بارے میں اپنی پالیسیاں وضع کرنے میں آزاد ہیں۔ مگر پلوں کے نیچے سے اتنا پانی گزرنے کے باوجود آج بھی مجال ہے کہ حالات میں کوئی بنیادی تبدیلی آئی ہو۔

Published: undefined

الٹا یہ ہوا ہے کہ پچھلے تیس برس میں آنے والی حکومتیں ایچ آئی وی سے متاثرہ پاکستانیوں کی تعداد ایک عرصے تک چالیس ہزار یا آس پاس ہی بتاتی رہیں۔ پھر متعلقہ سرکاری اداروں نے اعداد و شمار مشتہر کرنے کا تکلف بھی ترک کر دیا۔ ان اعداد و شمار کو بھی غالباً حساس قومی رازوں کے خانے میں ڈال دیا گیا۔

Published: undefined

ہمارے دوست اور سرکردہ ہیلتھ رپورٹر وقار بھٹی نے بہت مشکل سے ذاتی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے، جو تازہ اعداد و شمار برائے دو ہزار بائیس نکلوائے، ان کے مطابق ہر ماہ تقریباً نو سو نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ سالانہ ساڑھے دس ہزار سے اوپر مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہے۔ پھر بھی مریضوں کی کل تعداد چھپن ہزار سے آگے نہیں دکھائی جا رہی، ایسا کیوں ہے؟ کتنے مریض زیرِ علاج ہیں، کتنے صحت یاب ہو گئے۔کتنوں کا فالو اپ ہوتا ہے، کتنے کوچ کر گئے؟ اس بابت کوئی ریکارڈ کہیں کسی ویب سائٹ پر ہے بھی تو میرے علم میں نہیں۔ حالانکہ معلومات کی دستیابی کے قانون کے تحت یہ تفصیلات مفادِ عامہ میں عام آدمی کی امانت ہیں۔

Published: undefined

جو قوانین اب سے تیس برس پہلے بننے کی نوید سنائی گئی وہ آج بھی زیرِ تعمیر، زیرِ غور یا نافذ ہونے یا نافذ ہونے کے بعد نتائج کے منتظر ہیں۔ مثلاً گزشتہ برس بیرونی ممالک بالخصوص خلیجی ریاستوں سے چھیالیس ہزار پاکستانی باشندے ڈی پورٹ ہوئے۔ زیادہ تر طبی وجوہات کے سبب نکالے گئے۔ وہ قانوناً اپنی صحت کی کیفیت آرائیول لاؤنج یا سرحدی چوکیوں پر قائم ہیلتھ ڈیسک کو بتانے کے پابند ہیں مگر ظاہر ہے کہ یہ لازمی کے بجائے رضاکارانہ عمل ہے۔ ڈی پورٹ ہونے والوں کی لازمی بلڈ اسکریننگ کا قانون آج بھی کسی پارلیمانی کمیٹی کی دراز میں گرد چاٹ رہا ہے۔

Published: undefined

چنانچہ اگر حکومت کہتی ہے کہ پاکستان میں چھپن ہزار افراد ایچ آئی وی پازیٹو ہیں تو یہ اعداد و شمار کسی سرکاری اسکریننگ یا طبی سروے کے سبب حاصل نہیں ہوئے بلکہ مریضوں نے اس بارے میں رضاکارانہ تفصیل فراہم کی یا پھر وہ کسی اور بیماری کا ٹیسٹ کرانے گیا تو اچانک یہ بھی پتہ چل گیا کہ وہ دراصل ایچ آئی وی سے متاثر ہے۔ بظاہر صوبائی سطح پر بلڈ بینکس میں صرف اسکرین شدہ خون ذخیرہ کرنے کی اجازت ہے۔ انیس سو نوے کی دہائی میں عالمی ادارہِ صحت نے اسکریننگ کٹس بھی فراہم کیں لیکن یہ کٹس ہمیشہ ضرورت سے کم ہی رہیں۔ اس بابت بلڈ بینکس کی نگرانی کا کیا عملی انتظام ہے؟ آج تیس برس بعد بھی سوالیہ نشان ہے۔

Published: undefined

دیگر رسک گروپس، جسیے ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد، ٹرانس جنڈرز، کمرشل سیکس ورکرز وغیرہ کے میڈیکل چیک اپ یا اسکریننگ کے لئے کوئی الگ سے انتظام یا ضابطہ ہے؟ آج تیس برس بعد بھی اس سوال کا قطعی جواب کسی صحت عمل دار کے پاس نہیں۔

Published: undefined

جہاں تک قابلِ استعمال سرنجوں کے ذریعے ایچ آئی وی پھیلنے کا معاملہ ہے تو تیس برس قبل حکومت نے دعوی کیا کہ دوبارہ استعمال ہونے والی سرنجوں کی درآمد و تیاری پر مکمل پابندی لگا دی جائے گی۔ مگر دو ہزار انیس میں لاڑکانہ کی تحصیل رتو ڈیرو میں ایک مقامی چائلڈ اسپیشلسٹ مظفر گھانگرو کو اس وقت دھر لیا گیا، جب اس کے زیرِ علاج بیشتر بچوں کو ایچ آئی وی سے متاثر قرار دیا گیا۔ اس اسکینڈل میں ڈیڑھ ہزار کے لگ بھگ متاثرین کی نشاندہی ہوئی اور ایک سو سے زائد بچوں کی موت کا ذمہ دار ایچ آئی وی کو قرار دیا گیا۔

Published: undefined

رتو ڈیرو سانحے کا ذمہ دار ڈاکٹر ضمانت پر جیل سے باہر ہے اور اس اسکینڈل کا بھانڈا پھوٹنے کے باوجود یہ ضمانت نہیں دی جا سکتی کہ پاکستان کا طبی شعبہ ری یوز ایبل سرنجوں کے استعمال سے پاک ہو چکا ہے۔ رتو ڈیرو کے بچوں کے غریب والدین میں اتنی سکت نہیں کہ قانونی جنگ لڑ سکیں۔ انہیں تو اپنے جگرگوشوں کا علاج بھی خود کروانا پڑ رہا ہے۔ ریاست نے اس معاملے میں بہت پہلے ہی ہاتھ اٹھا لیے تھے۔

Published: undefined

شاید ہمیں کبھی بھی پتہ نہ چل سکے کہ پاکستان میں دراصل ایچ آئی وی کے متاثرین کی اصل تعداد کتنی ہے اور ان میں سے کتنے باقاعدہ کسی کوالیفائیڈ ڈاکٹر کے پاس یا مستند طبی مرکز میں زیرِ علاج ہیں۔ کیونکہ ایڈز کے پھیلاؤ سے وابستہ تصورات بیشتر مریضوں کو منظرِ عام پر آنے سے روکتے ہیں اور پھر وہ یہ مرض خاموشی سے گھر کی خواتین اور بچوں میں منتقل کرتے رہتے ہیں۔

Published: undefined

ان حالات میں ایچ آئی وی کے پنجے کتنے گہرے گڑ چکے ہیں، کون جانے اور کون جاننا چاہے گا؟یہاں اگر کسی سے پوچھیں بھی کہ آپ ایڈز کے بارے میں کتنا جانتے ہیں تو ممکنہ جواب یہ ہو گا کہ آخر ہم کب تک دوست ممالک کی ایڈز پر گزارہ کرتے رہیں گے؟

Published: undefined

نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined