پریس ریلیز

بابری مسجد فیصلے اور ’پلیسز آف ورشپ ایکٹ 1991‘ پر تحقیقی رپورٹ جاری

جمعیۃ علماء ہند و ساملہ کے زیر اہتمام سیکولرازم اور عدالتی انصاف پر اہم مباحثہ، بابری مسجد مقدمہ میں مندر توڑنے کا کوئی ثبوت نہیں، عبادت گاہ ایکٹ 1991 پر سختی سے عمل درآمد کا مطالبہ۔

<div class="paragraphs"><p>رپورٹ جاری کیے جانے کا منظر</p></div>

رپورٹ جاری کیے جانے کا منظر

 

تصویر: پریس ریلیز

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کا ذیلی ادارہ جسٹس اینڈ ایمپاورمنٹ آف مائناریٹیز اور ساؤتھ ایشین مائناریٹیز لائیر ایسوسی ایشن (ساملہ) کے اشتراک سے ڈپٹی اسپیکر ہال، کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا، نئی دہلی میں ایک اہم پروگرام منعقد ہوا جس میں بابری مسجد فیصلے اور عبادت گاہ ایکٹ 1991 پر تحقیقی رپورٹ کا اجرا عمل میں آیا۔ پروگرام کی صدارت جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے کی جس میں ملک کے ممتاز سینئر وکلاء، ماہرین قانون، سابق جج صاحبان اور اسکالرس نے شرکت کی۔

Published: undefined

جاری کردہ رپورٹ میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عبادت گاہ ایکٹ 1991 ہندوستان کے سیکولر ڈھانچے، مذہبی ہم آہنگی اور آئینی استحکام کے تحفظ کے لیے مرکزی حیثیت کا حامل ہے تاکہ تاریخ کے جھگڑوں کو زندہ نہ کیا جا سکے۔ رپورٹ میں سپریم کورٹ کے اہم فیصلوں خصوصاً اسماعیل فاروقی مقدمہ (1994) اور ایم صدیق (ایودھیا فیصلہ 2019) کا تفصیلی تجزیہ کرتے ہوئے یہ استدلال کیا گیا ہے کہ اسماعیل فاروقی مقدمہ میں مسجد کو اسلام کا لازمی جز قرار نہ دینے والی تعبیر نے بعد کے مقدمات پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایودھیا فیصلہ 2019 میں عدالت نے بابری مسجد کی شہادت کو غیر قانونی قرار دینے کے باوجود متنازع زمین عقیدے کی بنیاد پر ہندو فریق کے حوالے کر دی۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ عبادت گاہ ایکٹ 1991 پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور سیکولرازم و مذہبی مساوات کے اصولوں کو مزید مستحکم کیا جائے۔

Published: undefined

رپورٹ کی رسمِ اجرا کے بعد صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ بابری مسجد فیصلے پر ایک سنجیدہ اور تنقیدی مطالعے کی سخت ضرورت تھی تاکہ آنے والی نسلیں یہ دیکھ سکیں کہ ایک طبقے نے اس فیصلے کو مختلف زاویے سے دیکھتے ہوئے اپنے موقف کو علمی اور آئینی انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔ مولانا مدنی نے کہا کہ یہ رپورٹ دراصل ہندوستان کے سیکولر تشخص، آئینی اقدار اور باہمی ہم آہنگی کے تحفظ کی ایک سنجیدہ اور مخلصانہ کوشش ہے۔ بابری مسجد مقدمے میں یہ کہیں ثابت نہیں ہوا کہ مسجد کسی مندر کو منہدم کرکے تعمیر کی گئی تھی، بلکہ خود سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے کے پیراگراف 788 اور اس کے بعد کے حصوں میں واضح کیا کہ اس دعوے کے حق میں کوئی قطعی ثبوت موجود نہیں۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد ہندوستانی مسلمانوں نے صبر، ذمہ داری اور آئینی وفاداری کا مظاہرہ کیا، مگر اس کے باوجود گیان واپی، متھرا عیدگاہ، کمال مولی مسجد اور دیگر مذہبی مقامات سے متعلق نئے تنازعات کھڑے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف کسی ایک طبقے کا مسئلہ نہیں بلکہ ہندوستان کے آئینی تشخص، عدالتی ساکھ اور انصاف کے بنیادی اصولوں کا معاملہ ہے، اس لیے حکومت کو اقلیتوں کے حقوق غصب کرنے والی طاقتوں کا سہارا بننے سے باز آنا چاہیے۔

Published: undefined

ازیں قبل ساملہ کے سکریٹری جنرل ایڈوکیٹ فیروز غازی نے کلماتِ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ ہمیشہ اُن لوگوں کو عزت دیتی ہے جو انصاف، دیانت اور انسانی وقار کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئینی اخلاقیات اور ستیہ میو جیتے کا اصول آخرکار غالب آئے گا۔

Published: undefined

پٹنہ ہائی کورٹ کے سابق جسٹس اقبال احمد انصاری نے بابری مسجد سے متعلق رپورٹ جاری کرنے پر مولانا محمود اسعد مدنی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک جج کی اصل طاقت اس کا ضمیر، بے خوفی اور انصاف پسندی ہوتی ہے، کیونکہ اگر جج خوف کا شکار ہو جائے تو انصاف متاثر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق بابری مسجد کے مقدمے میں عدالت کا فیصلہ (decision) تھا، ججمنٹ نہیں، کیونکہ ججمنٹ کے لیے معقول دلیل کی ضرورت ہوتی ہے، جب کہ فیصلے کے لیے کسی معقول دلیل کا ہونا ضروری نہیں ہے۔

Published: undefined

سینئر ایڈوکیٹ اندرا جے سنگھ نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ بابری مسجد فیصلے اور عبادت گاہ ایکٹ سے متعلق مقدمات صرف کسی ایک مذہبی مقام یا تنازع کا مسئلہ نہیں بلکہ ملک کے آئینی مستقبل کا سوال ہیں جس کا تعلق ہندو اور مسلمان دونوں سے یکساں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر اور جمہوری ملک میں جج کا اصل فرض آئین، قانون اور مساوات کے مطابق فیصلہ کرنا ہے، نہ کہ مذہبی عقیدے کی بنیاد پر۔

Published: undefined

چانکیہ نیشنل لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر فیضان مصطفیٰ نے کہا کہ پلیسز آف ورشپ ایکٹ 1991 ملک میں مذہبی مقامات کی تاریخی حیثیت کو برقرار رکھنے کی ایک آئینی کوشش ہے۔ تاہم یہ حقیقت ہے کہ کوئی قانون بذاتِ خود مکمل ضمانت نہیں ہوتا۔ اصل ضرورت یہ ہے کہ مذہبی مقامات کی دستاویزات، تاریخی ریکارڈ اور قانونی حیثیت مضبوط انداز میں محفوظ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بابری مسجد مقدمے میں کئی تاریخی اور قانونی پہلو ایسے تھے جنہیں عدالت نے تسلیم بھی کیا، جبکہ بعض مشاہدات پر علمی اختلاف کی گنجائش موجود ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ مستقبل میں حساس مذہبی تنازعات کے حل کے لیے محض عدالتی محاذ آرائی کے بجائے سنجیدہ مکالمہ، مصالحت اور زمینی حقائق کو بھی پیشِ نظر رکھا جائے تاکہ ملک میں باہمی اعتماد، امن اور انصاف کی فضا برقرار رہ سکے۔

Published: undefined

سینئر قانون داں سلمان خورشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ بابری مسجد فیصلے کا ایک بڑا حصہ مسلمانوں کے قانونی موقف کی تائید کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اے ایس آئی کی رپورٹوں میں کہیں یہ واضح طور پر ثابت نہیں کیا گیا کہ کسی مندر کو گرا کر مسجد تعمیر کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پائیدار حل محض قانونی یا سیاسی راستوں سے نہیں بلکہ باہمی گفتگو، تعمیری مکالمے اور اعتماد کی بحالی سے ہی ممکن ہوگا۔

Published: undefined

سینئر ایڈوکیٹ ایم آر شمشاد نے خبردار کیا کہ عبادت گاہ ایکٹ کو کمزور کرنے یا اے ایس آئی قانون کے ذریعے نئے تنازعات پیدا کرنے کی کوششیں ملک کے سیکولر اور آئینی ڈھانچے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینی حقوق صرف کتابوں تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کا عملی نفاذ یقینی بنایا جائے اور عدالتی نظام کی خامیوں پر مسلسل توجہ دی جائے تاکہ ناانصافیوں کا تدارک ہو سکے۔

Published: undefined

سینئر ایڈوکیٹ نظام پاشا نے کہا کہ بابری مسجد کے معاملے میں میری رائے واضح ہے کہ مسجدیں صرف اینٹ اور پتھر کی عمارتیں نہیں ہوتیں بلکہ وہ امت کی دینی و تاریخی شناخت کی علامت ہیں، اس لیے مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی مساجد اور مذہبی شعائر کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں۔ بابری مسجد مقدمے کو بعض لوگ عقیدے بمقابلہ عقیدے کا مسئلہ قرار دیتے ہیں حالاں کہ حقیقت میں یہ مقام بمقابلہ مقام کا مقدمہ تھا۔ عدالت نے ہندو فریق کے عقیدے کو اس مخصوص مقام سے وابستہ مان کر قانونی اہمیت دی، جب کہ مسلمانوں کے موقف کو محض عبادت کی جگہ سمجھا گیا۔ اسی بنیاد پر مسجد کی لازمی حیثیت کی بحث سامنے آئی۔ حالاں کہ مسلمانوں کی جانب سے وقف اور تاریخی ملکیت کے دلائل مکمل طور پر پیش کیے گئے تھے، لیکن عدالت نے ان پر تفصیلی غور نہیں کیا۔

Published: undefined

سینئر ایڈوکیٹ اعجاز مقبول نے کہا کہ تاریخ میں اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو اسے دیانت داری کے ساتھ یاد رکھنا اور بیان کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے جمعیۃ علماء ہند کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج مسلمانوں کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ اپنے آئینی حقوق، خصوصاً آرٹیکل 30 کے تحت مذہبی و تعلیمی آزادیوں کا تحفظ ہے۔ ریسرچ اسکالر ڈاکٹر نظام الدین احمد صدیقی نے اس رپورٹ کے پس منظر پر تفصیلی روشنی ڈالی، جب کہ ایڈوکیٹ رؤف رحیم نے کہا کہ موجودہ وقت میں وقف کے تحفظ کی جدوجہد انتہائی ناگزیر ہے۔ ایڈوکیٹ طاہر حکیم نے ہر سطح پر عدل و انصاف کی ضرورت پر زور دیا۔

Published: undefined

ان مذکورہ بالا شخصیات کے علاوہ آج کے پروگرام میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی، سکریٹری جمعیۃ علماء ہند مولانا نیاز احمد فاروقی، ایڈوکیٹ روبینہ جاوید، ساملہ کے سابق صدر ایڈوکیٹ جے ایچ جعفری، ایڈوکیٹ فضیل ایوبی، ایڈوکیٹ رخسانہ چودھری، ایڈوکیٹ اے سراج الدین، پروفیسر حسینہ حاشیہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی دہلی، پروفیسر مجیب الرحمن، ایڈوکیٹ طیب خان، ایڈوکیٹ محمد نوراللہ سمیت ملک کے ممتاز وکلاء شریک ہوئے۔ کلماتِ تشکر ایڈوکیٹ منصور علی خاں نے پیش کیے۔ اجلاس کی نظامت ساملہ کے صدر ایڈوکیٹ ناصر عزیز نے کی۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined