
تقریب نکاح کا منظر
تصویر: پریس ریلیز
مالیگاؤں: جمعیۃ علماء ہند کے سینئر آرگنائزر مولانا شفیق احمد قاسمی کے صاحبزادے مولانا حافظ محمد طلحہ انصاری کا نکاح انصاری شکیل احمد کی صاحبزادی کے ساتھ 3 نومبر 2026ء، بروز منگل، بعد نماز عصر یوسفیہ مسجد، مالیگاؤں میں انجام پایا۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے خصوصی شرکت کی اور مولانا شفیق احمد قاسمی کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا محمود اسعد مدنی کی جانب سے بھی دونوں خاندانوں کو مبارک باد اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
اس نکاح کی نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ تقریب مکمل طور پر سادگی کے ساتھ انجام پائی۔ یعنی نہ بارات نکالی گئی، نہ جہیز کا لین دین ہوا اور نہ ہی کسی قسم کی فضول خرچی کی گئی۔ دونوں خاندانوں نے اسلامی تعلیمات کے مطابق سادگی کو ترجیح دے کر معاشرے کے سامنے ایک قابلِ تقلید مثال پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ناظم عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے فرمایا کہ نکاح اسلام میں ایک عبادت اور سنتِ نبوی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم نکاح کو آسان اور سادہ بنائیں اور غیر ضروری رسم و رواج اور فضول خرچی سے اجتناب کریں۔ نکاح کو مشکل بنانے کے نتیجے میں ملت کو متعدد سماجی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لیے معاشرے کے ہر فرد کو نکاح آسان بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
نکاح محض 2 افراد کا رشتہ نہیں، بلکہ دو خاندانوں کے درمیان محبت اور تعلق کا ذریعہ بھی ہے۔ ازدواجی زندگی کی کامیابی کا اصل راز حسنِ اخلاق، باہمی احترام، صبر اور ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھنے میں ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی گھریلو زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی ازواجِ مطہرات کے ساتھ محبت و شفقت کا معاملہ فرماتے، ان سے مشورہ کرتے اور ان کے جذبات کا پورا خیال رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی حسنِ اخلاق کا مظاہرہ انسان کے گھر میں ہوتا ہے کہ وہ اپنی بیوی، بچوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ کس طرح پیش آتا ہے۔ نکاح کو سادہ اور آسان بنانا چاہیے اور غیر ضروری رسم و رواج اور اخراجات سے بچنا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں کی نکاح سے قبل تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لڑکے اور لڑکیوں کو ازدواجی زندگی کی ذمہ داریوں، ایک دوسرے کے حقوق اور دونوں خاندانوں کے احترام کے حوالے سے تربیت دینا ضروری ہے، تاکہ ان کی زندگی محبت، سکون اور خوش حالی کے ساتھ گزرے۔
اس موقع پر مولانا افتخار سالک قاسمی (خلیفہ و مجاز حضرت مولانا قمرالزماں صاحب الہ آبادی دامت برکاتہم)، مولانا جمال ناصر ایوبی اور قاری حفظ الرحمن شمسی نے بھی نکاح کو آسان بنانے، جہیز کی رسم ختم کرنے اور رشتوں میں دینداری کو ترجیح دینے کی ضرورت پر اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ نکاح میں غیر ضروری اخراجات اور معاشرتی رسوم کی حوصلہ شکنی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مولانا غلام محمد وستانوی لائبریری مالیگاؤں کی جانب سے بھی مولانا شفیق احمد القاسمی اور دونوں خاندانوں کو مبارک باد پیش کی گئی اور نومنتخب جوڑے کے لیے دعائے خیر کی گئی کہ اللہ تعالیٰ انہیں محبت، سکون، خوش حالی اور برکتوں بھری زندگی عطا فرمائے۔ آمین۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Thakur Prem Singh