
مولانا ارشد مدنی
تصویر: پریس ریلیز
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے آج صدر دفتر سے تعلیمی سال 26-2025 کے لیے میرٹ کی بنیاد پر منتخب ہونے والے 1199 طلبہ کے لیے ایک کروڑ اسی لاکھ روپے کے وظائف جاری کیے ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ ان طلبہ میں اس بار بھی 65 غیر مسلم طلبہ شامل ہیں۔ وظائف کی رقم طلبہ کے اکاؤنٹ میں براہِ راست منتقل کی جا رہی ہے۔ واضح ہو کہ مالی طور پر کمزور مگر ذہین بچوں کی اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیم کے حصول میں مدد کرنے کے مقصد سے جمعیۃ علماء ہند اور ایم ایچ اے مدنی چیریٹیبل ٹرسٹ 2012 سے ہر سال وظائف جاری کر رہی ہے۔ اس کے لیے مولانا حسین احمد مدنی چیریٹیبل ٹرسٹ، دیوبند اور جمعیۃ علماء ہند ارشد مدنی پبلک ٹرسٹ کی جانب سے باضابطہ طور پر ایک تعلیمی امدادی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ تعلیم کے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی بھی ہے جو ہر سال میرٹ کی بنیاد پر وظائف کے لیے طلبہ کا انتخاب کرتی ہے۔
Published: undefined
غور طلب بات یہ ہے کہ وظائف کے لیے مذہب کی کوئی قید نہیں ہے، چنانچہ ہر سال ایک بڑی تعداد میں غیر مسلم طلبہ بھی اس کے لیے درخواستیں ارسال کرتے ہیں اور اگر وہ میرٹ پر پورا اترتے ہیں تو ان کا بھی انتخاب بلا تفریق کیا جاتا ہے۔ اس سال سب سے زیادہ 65 ایسے غیر مسلم بچوں کا انتخاب ہوا ہے جو میرٹ پر پورا اترتے ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند مذہب کی بنیاد پر کوئی کام نہیں کرتی بلکہ وہ جو کچھ کرتی ہے انسانیت کی بنیاد پر کرتی ہے۔ اس کے پیچھے ایک ہی مقصد کارفرما ہے کہ غربت اور مالی پریشانی کی وجہ سے ذہین بچے کسی رکاوٹ کے بغیر اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکیں۔
Published: undefined
اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ “دور اندیش قومیں اپنی تاریخ سیاست سے نہیں بلکہ تعلیم سے مرتب کرتی ہیں۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں وہی قومیں عروج کی منزلیں طے کرتی ہیں جن کی نوجوان نسل تعلیم یافتہ ہوتی ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد ہم بحیثیت قوم تاریخ کے ایک انتہائی نازک موڑ پر آ کھڑے ہوئے ہیں۔ ہمیں ایک طرف طرح طرح کے مسائل میں الجھایا جا رہا ہے تو دوسری طرف ہم پر اقتصادی، سماجی، سیاسی اور تعلیمی ترقی کی راہیں بند کی جا رہی ہیں۔
Published: undefined
اس سازش کو اگر ہمیں ناکام بنانا ہے اور سربلندی حاصل کرنی ہے تو ہمیں اپنے بچوں اور بچیوں کے تعلیمی ادارے خود قائم کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی تاریخ شاہد ہے کہ ہر دور میں ترقی کی کنجی تعلیم رہی ہے۔ اس لیے ہم ایک بار پھر قوم کے مخیر اور صاحبِ حیثیت افراد سے یہ اپیل کریں گے کہ وہ آگے بڑھ کر بچوں اور بچیوں کے لیے الگ الگ تعلیمی ادارے قائم کریں، جہاں وہ کسی ڈر یا خوف کے بغیر اپنی مذہبی شناخت اور اسلامی تربیت کے ساتھ تعلیم حاصل کر سکیں۔
Published: undefined
یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے، اس کے لیے ہمیں اپنی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی اداروں کو ایک مثالی ادارہ بنانے کی کوشش ہونی چاہیے تاکہ ان میں غیر مسلم والدین بھی اپنے بچوں اور بچیوں کو پڑھانے پر آمادہ ہو جائیں۔ اس سے نہ صرف باہمی میل جول اور بھائی چارہ میں اضافہ ہوگا بلکہ ان غلط فہمیوں کا بھی خاتمہ ہو جائے گا جو مسلمانوں کے خلاف فرقہ پرست عناصر کی طرف سے منصوبہ بند طریقے سے پھیلائی جا رہی ہیں۔
Published: undefined
اسی منصوبے کے تحت مدنی چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیر انتظام منظم طریقے سے بچوں اور بچیوں کے علیحدہ اسکول، آئی ٹی آئی کالج، بی ایڈ کالج اور لا کالج چلائے جا رہے ہیں اور اس کے حوصلہ افزا نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ ہمیں یہ یاد رکھنا ہوگا کہ گھر بیٹھے کوئی انقلاب نہیں آتا۔ تاریخ شاہد ہے کہ جو قوم اپنی شناخت، تہذیب اور مذہب کے ساتھ زندہ رہنا چاہتی ہے، اسے قربانی دینی پڑتی ہے۔
Published: undefined
مولانا مدنی نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات اس قدر تشویشناک ہیں، خاص طور پر اقتدار کی تبدیلی کے بعد یکے بعد دیگرے جو واقعات پیش آ رہے ہیں، اس سے اب اس میں کوئی شبہ نہیں رہ گیا کہ ہندوستان فسطائیت کی گرفت میں چلا گیا ہے، جہاں نفرت کو حب الوطنی کا لبادہ پہنایا جا رہا ہے اور ظالموں اور فرقہ پرستوں کو قانون کی گرفت سے بچایا جا رہا ہے۔ ملک میں فرقہ واریت کی آگ میں صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ ملک کا وجود بھی جھلس رہا ہے۔
Published: undefined
مولانا مدنی نے اس سال یو پی ایس سی میں 53 مسلم نوجوانوں کی شاندار کامیابی پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری قوم کے بچے نامساعد حالات میں بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ نہ صرف پیشہ ورانہ بلکہ مسابقتی تعلیم میں بھی کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ اس بار ٹاپ 100 میں 4 مسلم طلبہ بھی شامل ہیں۔
Published: undefined
یہ بات ذہن نشین رہے کہ ان بچوں نے یہ کامیابی تب حاصل کی ہے جب ان کے لیے تعلیم اور آگے بڑھنے کی راہیں مزید دشوار بنائی جا رہی ہیں۔ مولانا آزاد فاؤنڈیشن سمیت مسلمانوں کی تعلیمی ترقی کے لیے چلائی گئی کئی اہم اسکیمیں بند کی جا چکی ہیں اور تعلیمی اداروں میں ان کے ساتھ امتیاز بھی برتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان رکاوٹوں کے باوجود مسلمانوں میں تعلیم کا تناسب بڑھا ہے تو یہ ایک غیر معمولی بات ہے اور ایک بڑی مثبت تبدیلی کی علامت بھی ہے۔ مسلمان مجموعی طور پر اقتصادی پسماندگی کا شکار ہیں، یہی وجہ ہے کہ مختلف رپورٹوں میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بہت سے مسلم بچے درمیان میں ہی تعلیم چھوڑ دیتے ہیں کیونکہ ان کے والدین تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔ اس افسوسناک حقیقت کا انکشاف برسوں پہلے سچر کمیٹی کی رپورٹ میں بھی کیا گیا تھا، جس میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ملک میں مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بدتر ہے۔
Published: undefined
اس عرصے میں مسلمانوں کی اقتصادی حالت میں کوئی نمایاں بہتری نہیں آئی بلکہ 2014 کے بعد یہ مزید خراب ہوئی ہے۔ ایسے میں یو پی ایس سی جیسے اہم امتحان میں 53 مسلم نوجوانوں کی کامیابی ایک طرح سے اجتماعی بیداری کی روشن مثال ہے۔ ان میں سے کئی امیدوار ایسے ہیں جنہوں نے مالی تنگی اور محدود وسائل کے باوجود اپنی محنت اور لگن سے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
Published: undefined
مولانا مدنی نے کہا کہ ان نوجوانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلمان تمام تر مشکلات اور امتیاز کے باوجود قومی دھارے میں شامل ہیں، ان میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور اگر انہیں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلمان کسی شعبے میں آگے بڑھتا ہے تو بعض فرقہ پرست عناصر اسے متنازع بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ میڈیا ٹرائل کے ذریعے ان کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، جس سے نوجوانوں میں مایوسی پیدا ہوتی ہے۔
آخر میں مولانا مدنی نے کہا کہ اگر لگن سچی ہو تو کوئی بھی رکاوٹ ترقی کی راہ میں دیوار نہیں بن سکتی۔ آج کے حالات کا تقاضا ہے کہ مسلمان اتحاد، علم اور جدوجہد کا راستہ اختیار کریں، کیونکہ یہی راستہ انہیں عزت، کامیابی اور روشن مستقبل کی طرف لے جا سکتا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز