پاکستان

پاکستان کا بوئنگ-737 طیارہ پرواز کے کچھ دیر بعد ہی لاپتہ، 36550 فٹ سے گرتے ہی رابطہ منقطع

پاکستان کے ایئرپورٹ اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ بحیرہ عرب میں لاپتہ ہونے والے طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

طیارہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
طیارہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس 

پاکستان ایئرویز کا 27 سال پرانا ’کے 2 بوئنگ 737‘ مال بردار طیارہ متحدہ عرب امارات کے شارجہ سے پرواز بھرنے کے بعد لاپتہ ہو گیا ہے۔ پاکستان کے ایوی ایشن حکام کے مطابق طیارے میں عملہ کے 5 ارکان سوار تھے۔ یہ طیارہ کراچی جا رہا تھا، لیکن منگل کی رات پرواز بھرنے کے بعد نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دینے کے کچھ ہی دیر بعد اس کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے منقطع ہو گیا۔ ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق رات 9.18 بجے طیارے نے کراچی کی جانب پرواز کرتے ہوئے اپنے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی۔ اس کے بعد طیارے کی بلندی میں مسلسل تبدیلیاں ریکارڈ کی گئیں۔ جب طیارہ سے رابطہ منقطع ہوا تو وہ کراچی سے تقریباً 287 کلومیٹر مغرب کی جانب پرواز کر رہا تھا۔

Published: undefined

مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق طیارہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے اورمارا کے قریب بحیرہ عرب کے اوپر پرواز کرنے کے دوران لاپتا ہو گیا۔ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے فلائٹ ٹریکنگ سروس، فلائٹ ریڈار24 کے ابتدائی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ کارگو ہوائی جہاز کراچی کے جنوب مغرب میں بحیرہ عرب میں گر کر تباہ  ہو گیا ہے۔ اس سے قبل طیارے کی بلندی میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھے گئے اور آخرکار وہ طیارہ تیزی سے نیچے گر گیا۔ فلائٹ ریڈار24 کے ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق لاپتا ہونے سے قبل آخری منٹوں میں طیارے نے انتہائی غیر معمولی پرواز کی۔ طیارہ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں تقریباً 5000 فٹ نیچے آگیا۔ اس کے بعد صرف 30 سیکنڈ میں تقریباً 6000 فٹ اوپر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے فوراً بعد طیارہ 36550 فٹ کی بلندی سے تیزی کے ساتھ نیچے گر گیا۔ اس کے بعد سے طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا اور اب تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

Published: undefined

پاکستان کے ایئرپورٹ اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ بحیرہ عرب میں لاپتا ہونے والے طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس مہم میں پاکستان کی فوجی اور شہری ایجنسیوں نے فضائی اور بحری وسائل تعینات کر دیے ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی)کے حوالے سے کئی حکام نے بتایا کہ پاکستانی بحریہ کے جنگی جہاز ’پی این ایس‘  ذوالفقار کو فوری طور پر اس علاقے کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے، جہاں طیارے کا رابطہ منقطع ہوا تھا۔ اس کے علاوہ پاکستانی فضائیہ نے بھی اپنے طیارے تلاشی مہم میں لگا دیے  ہیں۔ جبکہ پاکستانی بحریہ کا ’اے ٹی آر‘  طیارہ تربت سے روانہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستانی نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ایک تجارتی جہاز کو بھی راحت رسانی کی مہم میں شامل کیا گیا ہے۔ فی الحال اس حادثے کی مناسب وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

Published: undefined

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined