
عمران خان / آئی اے این ایس
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے جیل میں اپنی صحت کی بگڑتی صورت حال پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مسلسل قیدِ تنہائی اور مناسب طبی سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث شاید وہ زندہ جیل سے باہر نہ آ سکیں۔ عمران خان نے اپنے ساتھ اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاج کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں قید عمران خان نے پیر، 16 نومبر کو پاکستان کی وفاقی آئینی عدالت (ایف سی سی)، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو یہ خط تحریر کیا۔ ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خط کی تفصیلات شیئر کیں۔ ان کے مطابق عمران خان نے 11 نومبر کو جیل میں ملاقات کے دوران یہ خط متعلقہ ججوں تک پہنچانے کی ہدایت دی تھی۔
عمران خان نے خط میں کہا ہے کہ انہیں روزانہ تقریباً 22 گھنٹے تنہائی میں رکھا جاتا ہے۔ اس دوران اہل خانہ، وکلا اور بیرون ملک مقیم اپنے بیٹوں سے رابطے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی۔ ان کے مطابق کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی بھی محدود کر دی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلسل تنہائی نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے، جبکہ جیل کے میڈیکل بورڈ نے بھی ان کی بے چینی اور اضطراب کا ذکر کرتے ہوئے اہل خانہ سے زیادہ رابطے کی سفارش کی تھی، جس پر عمل نہیں کیا گیا۔
عمران خان نے اپنی جسمانی صحت کے حوالے سے بتایا کہ تنہائی کے باعث ان کا بلڈ پریشر مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ پہلے 130، پھر 150 اور 170 تک پہنچا، جب کہ گزشتہ ہفتے 192 اور 10 نومبر کو 193 ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹروں نے انہیں دماغی شریان پھٹنے (برین ہیمرج) اور دل کا دورہ پڑنے کے سنگین خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ ان کے بقول ان کا دل پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے اور 74 سال کی عمر میں یہ صورت حال ان کی زندگی کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔
عمران خان نے اپنی بینائی کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کی۔ ان کے مطابق فروری میں وکیل سلمان صفدر سے ملاقات کے دوران انہیں معلوم ہوا کہ ان کی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس سنگین صورت حال سے ان کے اہل خانہ اور وکلا کو بھی بروقت آگاہ نہیں کیا گیا۔
خط میں عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کے مطابق اپریل میں آنکھوں کی تکلیف کے بعد بشریٰ بی بی کی سرجری ہوئی تھی، لیکن اس ماہ ملاقات کے دوران ان کی حالت تشویش ناک نظر آئی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ روشنی برداشت نہیں کر پا رہی تھیں اور آنکھیں بھی ٹھیک سے نہیں کھول سکتی تھیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ دوبارہ سرجری نہ ہونے کی صورت میں بشریٰ بی بی کی بینائی مستقل طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔
عمران خان نے خط میں کہا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو انہیں دو دن کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ماہر ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا تھا، لیکن اس پر اب تک عمل نہیں ہوا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی خصوصی رعایت کے طلب گار نہیں، بلکہ صرف عدالتی احکامات پر عمل درآمد اور اپنے و اہلیہ کے لیے مناسب طبی سہولتیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے ججوں سے اپیل کی کہ صورت حال مزید خراب ہونے اور بہت دیر ہو جانے سے پہلے انہیں طبی امداد اور انصاف فراہم کیا جائے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔