دیگر ممالک

امریکہ نے چینی ٹیک کمپنی ’ہواوے‘ پر کسا شکنجہ، کاروباری راز چرانے سمیت 12 میں سے 10 الزامات میں قصوروار قرار!

’ہواوے‘ کے خلاف نیویارک کے بروکلین میں واقع وفاقی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا۔ اب سزا کے تعین کے لیے سماعت آئندہ سال یعنی 14 ستمبر 2027 کو مقرر کی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ہواوے، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@Huawei</p></div>

ہواوے، تصویر سوشل میڈیا @Huawei

 

امریکہ میں ٹیک کمپنی ہواوے کو بڑا قانونی دھچکا لگا ہے۔ ایک امریکی جیوری نے کمپنی اور اس کی 3 معاون کمپنیوں کو 12 میں سے 10 مجرمانہ الزامات میں قصوروار قرار دیا ہے۔ ان پر امریکی کمپنیوں کے کاروباری راز چرانے کی سازش، بینک فراڈ، وائر فراڈ اور امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے نتیجے میں کمپنی پر اربوں ڈالر کا جرمانہ لگ سکتا ہے۔ حالانکہ جیوری نے ’ریکٹیئرنگ‘ کے سب سے سنگین الزام سے بری کر دیا۔ اس کے علاوہ انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کے الزام میں بھی کمپنی کو قصوروار نہیں پایا گیا، جسے کمپنی نے اپنی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ کمپنی کے خلاف یہ مقدمہ نیویارک کے بروکلین میں واقع وفاقی عدالت میں چلایا گیا۔ اب سزا کے تعین کے لیے سماعت آئندہ سال یعنی 14 ستمبر 2027 کو مقرر کی گئی ہے۔ ہواوے پر طویل عرصے تک ٹیکنالوجی چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ چارج شیٹ میں کہا گیا کہ کمپنی نے مسابقت میں آگے بڑھنے کے لیے غیر قانونی طریقے اختیار کیے۔ کمپنی نے ٹی-موبائل، سسکو سسٹمز، موٹرولا سولیوشنز، کوئنٹل یو ایس اے اور فوجیتسو جیسی کمپنیوں کے کاروباری راز، سورس کوڈ، راؤٹر مینوئل اور اینٹینا/روبوٹ کی جانچ کی ٹیکنالوجی چوری کی یا اس کا غلط استعمال کیا۔

الزام ہے کہ ہواوے نے ایک مرتبہ اپنی حریف کمپنی سے نقل کیے گئے سورس کوڈ والے انٹرنیٹ راؤٹر فروخت کیے تھے۔ ایک اور معاملے میں کمپنی کا ایک ملازم شکاگو ٹریڈ شو میں ایک حریف کمپنی کے بوتھ میں گھس گیا اور چپکے سے دوسری کمپنی کے نیٹورکنگ ڈیوائس کے اندرونی سرکٹ کی تصویر کھینچ لی۔ جبکہ ایک دیگر حریف کمپنی کی لیب سے ایک روبوٹک آرم (مشینی بازو) ہٹا لیا گیا تاکہ اس کی تصویر کھینچی جا سکے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق کمپنی کے لیڈرز اور ایگزیکٹوز پر گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ یہ لوگ خود مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ انہوں نے امریکی کانگریس سے جھوٹ بولا، بینکوں کو دھوکہ دیا، امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی اور اسی مجرمانہ تفتیش میں مداخلت کرنے کی کوشش کی اور انہی الزامات کی بنیاد پر یہ مقدمہ درج ہوا۔

دوسری جانب ہواوے نے ان معاملات کو پرانے کاروباری راز سے متعلق تنازعات قرار دیا ہے۔ کمپنی کے وکلاء نے مقدمے کے دوران دلیل دی تھی کہ امریکی تفتیش کاروں نے کمپنی کے 2 لاکھ سے زائد ملازمین میں سے چند افراد کے غلط کاموں کو بنیاد بنا کر ایک بڑی سازش کی کہانی تیار کی۔ کمپنی نے ان الزامات کو بڑا چڑھا کر پیش کیا گیا قرار دیا۔ کمپنی کا ماننا ہے کہ حکومت کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ہواوے نے ہمیشہ کاروبار میں ایمانداری کا مظاہرہ کیا ہے اور تمام متعلقہ قوانین و ضوابط کی پابندی کے کے لیے پرعزم رہی ہے۔ امریکہ نے 2019 کے اوائل میں ہواوے کے خلاف مجرمانہ سازش کے الزمات عائد کیے تھے۔ ہواوے نے کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل کرے گی۔

مجموعی طور پر ہواوے کو 12 میں سے 10 الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق سزا کے تعین کے لیے سماعت 14 ستمبر 2027 کو مقرر کی گئی ہے۔ ہواوے کو مجرمانہ جرمانے، اثاثوں کی ضبطی اور ہرجانے کے طور پر اربوں ڈالر ادا کرنے پڑ سکتے ہیں۔ بروکلین کے امریکی اٹارنی جوزف نوسیلا جونیئر نے کہا کہ ہواوے نے طویل عرصے تک امریکی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے، امریکی کاروباری قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور قانون نافذ کرنے کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص یا کمپنی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔