
بینکاک کے پب میں آتشزدگی کا منظر، ویڈیو گریب
تھائی لینڈ کی راجدھانی بینکاک میں 13 جولائی کی علی الصبح خوفناک آگ لگنے سے علاقہ میں افرا تفری مچ گئی۔ یہ آگ ایک پب میں لگی، جس کی وجہ سے 27 افراد جاں بحق ہو گئے اور 60 لوگوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ زخمیوں کو بغرضِ علاج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ آگ شہر کے شمالی حصے میں موجود ایک پب میں لگی، جو دھیرے دھیرے پوری عمارت میں پھیل گئی۔ حادثہ کی جانکاری ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے ساتھ ریسکیو کا عمل بھی شروع ہو گیا۔
تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چارنویراکل نے حادثہ کی جانکاری ملنے کے فوراً بعد پب کا دورہ کیا ہے۔ انھوں نے اسپتال میں داخل زخمیوں سے بات چیت بھی کی اور متعلقہ افسران کو ان کے بہتر علاج کی ہدایت دی ہے۔ ’دی گارجین‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے حادثہ کی جانکاری لینے کے بعد کہا کہ ’’آگ لگنے کے بعد پب میں تیزی سے دھواں بھر گیا تھا جس سے کئی لوگ جان بچانے کے لیے پب کے پچھلے حصے میں باتھ روم کی طرف بھاگنے کو مجبور ہو گئے۔ 27 لاشیں برآمد کی گئی ہیں، زخمیوں کو اسپتال بھیجا جا رہا ہے۔‘‘
بینکاک میٹروپولیٹن ایڈمنسٹریشن کے ایک افسر سُریاچائی نے بتایا کہ اس حادثہ میں زخمی ہوئے دیگر 63 لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بینکاک کے گورنر چڈچارٹ ستّی پُنٹ نے کہا کہ زخمی اور اسپتال میں داخل لوگوں میں سے بیشتر کی حالت سنگین ہے۔ انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ جب تک ریسکیو ٹیم حادثے والی جگہ پہنچی، تب تک آگ پورے علاقہ میں پھیل چکی تھی۔ شمالی بینکاک کے چتوچک میں موجود یہ پب (رانگ بیئر نا لات فراو) ایک مقبول ریسٹورینٹ اور تفریح کی جگہ ہے۔ اس حادثہ کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئی ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔