
فائل تصویر آئی اے این ایس
امریکہ میں 'تھینکس گیونگ' یعنی یوم اظہار تشکر کے موقع پر تباہ کن طوفان نے تباہی مچا دی ہے۔ پروازیں اور بجلی سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ 1800 پروازوں میں تاخیر اور لاکھوں گھروں میں بجلی چلی گئی۔ جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں کافی اضافہ ہو گیا ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ کے اعداد و شمار کے مطابق صبح تک 417 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 1800 کے قریب پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ واشنگٹن اور نیویارک کے ہوائی اڈے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔8 لاکھ سے زائد گھروں کو بجلی کی سپلائی ٹھپ ہوگئی ہے۔ طوفان کے باعث کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔ ساحلی علاقے زیر آب آگئے اور لاکھوں لوگوں کو بجلی کے بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ طوفان کے دوران کئی ریاستوں میں ہوائیں 70 میل فی گھنٹہ (112 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار تک پہنچ گئیں۔
پاور کمپنیوں اور ریاستی انتظامیہ کے عہدیداروں نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ تیز ہوا اور تیز بارش کی وجہ سے درخت اور بجلی کی لائنیں گر سکتی ہیں۔ جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی میں خلل پڑنے کا خدشہ تھا۔یو ایس نیشنل ویدر سروس کے مطابق ورجینیا، میری لینڈ، ڈیلاویئر، نیو جرسی، نیویارک اور نیو انگلینڈ کے کچھ حصوں میں 50 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ نیویارک شہر کی مشہور تھینکس گیونگ ڈے پریڈ کی 100ویں سالگرہ بھی خراب موسم کے باعث ملتوی کرنا پڑی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ اس سالانہ پریڈ کی تاریخ کو شدید موسمی حالات کی وجہ سے تبدیل کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ امریکہ میں تھینکس گیونگ ایک بڑا تہوار ہے جو ہر سال نومبر کی چوتھی جمعرات کو منایا جاتا ہے۔ اس کے معنی ہیں 'شکر ادا کرنا'۔ یہ خاندان، دوستوں اور زندگی کی خوشیوں کے تئیں اظہار تشکر کرنے کا دن ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔