
اسپین ٹرین حادثہ، ویڈیو گریب
وسطی اسپین کے صوبہ ٹولیڈو میں 2 تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان دردناک تصادم نے کئی خاندانوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑا دی ہے۔ اس حادثہ میں اب تک تقریباً 64 افراد کی موت سے متعلق تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 179 افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ قبل میں تقریباً 50 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی تھی، لیکن راحت رسانی کے دوران مزید لاشیں برآمد ہونے سے یہ تعداد 60 کے پار چلی گئی ہے۔ ہلاکتوں کی یہ تعداد مزید بڑھنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حادثہ کے بعد میڈرڈ، سیوداد رئیل اور اندلس کے درمیان ریل سروس روک دی گئی ہے۔ اس سے ریلوے خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
کاسٹیلا لا مانچا خطہ کی ترجمان ایسٹر پاڈیلا کا کہنا ہے کہ رینفے ٹرین میں 397 مسافر تھے، جبکہ ایریو ٹرین میں 147 مسافر سوار تھے۔ گویا کہ دونوں ٹرینوں میں مجموعی طور پر تقریباً 550 مسافر تھے، جن میں اب تک تقریباً 250 مسافروں کے متاثر ہونے کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ اسپین میں اس سال تیز رفتار ریل نیٹورک پر پیش آنے والا یہ دوسرا خوفناک حادثہ ہے۔ اس سے قبل آداموز میں ایک ٹرین پٹری سے اتر گئی تھی، جس میں 45 افراد کی جان چلی گئی تھی۔ 2013 میں پیش آنے والے ایک حادثہ میں 80 افراد کی موت ہوئی تھی۔ ایسے میں اب اسپین سمیت پورے یورپ میں تیز رفتار ریل نیٹورک کی حفاظت پر سوال اٹھنا لازمی ہے۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اسپین کے لیے ’2026‘ ٹرین حادثات کا سال رہا ہے۔ رواں سال ٹولیڈو سے قبل کم از کم 4 ٹرین حادثات اسپین میں پیش آ چکے ہیں، جن کی مختصر تفصیل ذیل میں پیش کی جا رہی ہے۔
آداموز ریل حادثہ (18 جنوری): میڈرڈ-سیویل لائن پر آداموز میں ریل کی پٹری کا ویلڈ ٹوٹنے کے سبب ایک تیز رفتار ایریو ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ چند ہی سیکنڈ بعد جنوب کی جانب جا رہی ایک رینفے ٹرین پٹری سے اترے ہوئے ڈبوں سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں 46 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 292 افراد زخمی ہوئے۔
گیلیدا ٹرین حادثہ (20 جنوری): ایک مسافر ٹرین ’اسٹورم ہیری‘ (طوفان ہیری) کے باعث گرنے والی ایک دیوار سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں ایک زیر تربیت ڈرائیور کی موت ہو گئی، جبکہ کم از کم 37 افراد زخمی ہوئے۔
کارٹیجینا ٹرین حادثہ (22 جنوری): کارٹیجینا میں ایک مسافر ٹرین پٹری پر موجود کرین کے ایک حصے سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں 6 افراد زخمی ہوئے، تاہم کسی کی جان نہیں گئی۔
تالاویرا لا رئیل حادثہ (12 فروری): تالاویرا لا ریئل میں پیش آنے والے ایک اور ریل حادثے نے بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال کرنے والے ادارے ’ایڈیف‘ پر دباؤ مزید بڑھا دیا۔
ٹولیڈو میں پیش آیا حادثہ رواں سال پانچواں حادثہ ہے، جو 2026 کا سب سے دردناک حادثہ بھی ہے۔ رواں سال پانچوں حادثات میں مجموعی طور پر کم از کم 111 افراد کی جان جا چکی ہے۔ اس سے پہلے پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 335 افراد زخمی ہوئے تھے۔ ٹولیڈو میں پیش آنے والا حادثہ اسی ریلوے لائن پر ہوا ہے جہاں 18 جنوری کو آداموز میں ریل حادثہ پیش آیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔