
جنوبی امریکی ملک پیرو میں جمعرات کو زمین اس قدر زوروں سے لرز اٹھی کہ لوگوں کی چیخیں نکل گئیں۔ شدید زلزلے سے پیرو کے کئی علاقوں میں ایک افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور پہاڑوں پر کئی جگہ دھول کا دھواں اڑتا نظر آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ زلزلہ پیرو کے جنوبی اینڈیز پہاڑی علاقے میں آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.7 درج کی گئی ہے۔ پہلے یہ شدت 7.2 بتائی گئی تھی، لیکن بعد میں اسے کم کر کے 6.7 ہونے کی اطلاع دی گئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلہ سے فی الحال کسی طرح کے نقصان کی فوری اطلاع نہیں ہے۔ تاہم زلزلے کے جھٹکوں کا خوفناک منظر ضرور دیکھنے کو ملا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں عمارتوں کے کئی حصوں کو ٹوٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یو ایس جی ایس کے مطابق پیرو میں یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق رات تقریباً 11.30 بجے) آیا۔ اس کا مرکز پیرو کے ایاکوچو علاقے کے پریناکوچاس صوبے واقع اوپاہواچو شہر سے 38 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔ زلزلہ کی گہرائی 66.7 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ سوشل میڈیا پر زلزلے کے جھٹکوں کی کچھ ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جن میں زلزلے کا خوفناک منظر دیکھا جا سکتا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ جنوبی پیرو کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ان میں اکا اور اریکیپا بھی شامل ہیں۔ کئی سیکنڈ تک یہاں زمین ہلتی رہی۔ لوگوں کو جیسے ہی سمجھ آیا کہ یہ زلزلہ ہے، وہ اپنے گھروں سے چیختے ہوئے باہر نکلے اور خالی جگہوں اور سڑکوں کی طرف بھاگے۔ زلزلے کے جھٹکوں سے لوگوں میں زبردست افرا تفری مچ گئی۔ کئی لوگ ’بھاگو، بھاگو‘ کہتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر کی طرف بھاگے، اور کئی لوگ گھر میں ہی کہیں چھپ گئے۔
قابل ذکر ہے کہ پیرو میں زلزلے کے جھٹکے اکثر محسوس کیے جاتے ہیں۔ یہ ملک بحرالکاہل کے ’رنگ آف فائر‘ علاقے میں آتا ہے۔ یہ علاقہ دنیا میں سب سے زیادہ زلزلہ خیز سرگرمی والے علاقوں میں سے ایک ہے۔ پیرو 2007 زلزلہ کی زبردست تباہی دیکھ چکا ہے، جب سینکڑوں جانیں چلی گئی تھیں۔ پیرو کے اکا علاقے کے ایک صوبے میں اُس وقت 7.9 شدت کا زبردست زلزلہ آیا تھا۔ اس آفت میں تقریباً 600 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور سینکڑوں لوگ زخمی ہوئے تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔