دیگر ممالک

وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد ٹرمپ کی پارٹی میں بغاوت، باغیوں کو دی جا رہی دھمکی

ریپبلکن نیشنل کمیٹی کے چیئرمین جو گروٹرز کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ تیز ہو گیا ہے۔ گروٹرز کو ٹرمپ کا قریبی ساتھی مانا جاتا ہے اور ٹرمپ انہیں عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ</p></div>

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ

 

وسط مدتی انتخابات میں شکسٹ کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی پارٹی میں بغاوت شروع ہو گئی ہے۔ ریپبلکن نیشنل کمیٹی (آر این سی) کے چیئرمین جو گروٹرز کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ تیز ہو گیا ہے۔ گروٹرز کو ٹرمپ کا قریبی ساتھی مانا جاتا ہے اور ٹرمپ انہیں عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ پارٹی کے کچھ لیڈران گروٹرز کی مدت کار میں ہونے والے اخراجات کی جانچ چاہتے ہیں۔ ان میں ٹرمپ اور دیگر عہدیداروں کے بال بنوانے اور میک اَپ پر ہونے والے اخراجات بھی شامل ہیں۔ ٹرمپ کی سابق چیف آف اسٹاف سوسی وائلز کی بیٹی کیرولین وائلز کو ملازمت دینے پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پارٹی کے مختلف گروپ ایک دوسرے کے خلاف ای میلز اور خفیہ معلومات لیک کر رہے ہیں۔ وہیں وائٹ ہاؤس نے باغی لیڈران کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ پیچھے نہیں ہٹے تو پارٹی کو ملنے والی مالی امداد بند کی جا سکتی ہے۔

آر این سی کی دوسری سب سے بڑی آفیسر اور کینٹکی کی لیڈر کراسبی اس مہم کی قیادت کر رہی ہیں۔ انہوں نے 5 نومبر کو خط لکھ کر انتخاب میں شکست کو سنگین مسئلہ قرار دیا تھا اور نتائج کا ایماندارانہ جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔ وہ ٹرمپ کی ایم اے جی اے پالیسی کی حمایت کرتی ہیں۔ ٹینیسی سے آر این سی کے رکن آسکر بروک نے ان کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کا کام سبھی ریپبلکن امیدواروں کو کامیاب بنانا ہے، نہ کہ ہمیشہ کسی ایک شخص کی حمایت کرنا۔ ورجینیا کی پیٹی لائمن نے بھی قیادت میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ روڈ آئی لینڈ کی سو سینکی کے مطابق جنوری میں ہونے والی میٹنگ میں کراسبی کو 10 ریاستوں کے کم از کم 20 ارکان کی حمایت مل سکتی ہے۔ ان کی امیدواری کے لیے اتنے ارکان کی حمایت ضروری ہے۔

کراسبی کے خط سے ٹرمپ ناراض ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر گروٹرز کو ’ایم اے جی اے واریر‘ قرار دیتے ہوئے مکمل حمایت دی ہے۔ حالانکہ گروٹرز کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ٹیکساس، جنوبی کیرولینا اور مسیسیپی جیسی ریپبلکن کی مضبوط ریاستوں میں بھی پارٹی کی ہار ہوئی ہے۔ گروٹرز کے حمایتی لارین لیپیج نے ان کے کاموں کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گروٹرز نے ان کی مدد کی، جس وجہ سے ان کے والد پال لیپیج کانگریس کی سیٹ جیت سکے۔ یہ انتخاب میں پارٹی کے لیے اچھی خبر ہے۔

گروٹرز نے بتایا کہ گولف ٹورنامنٹ پریسیڈنٹ کپ میں مہمانوں کے لیے مقامات کے انتظامات میں 22500 ڈالر خرچ ہوئے، جس میں 25 لاکھ ڈالر کا نیا چندہ ملا۔ کیرولین وائلز کو ان کے پیشرو مائیکل وٹلی نے 6 ماہ کے لیے رکھا تھا۔ ان کا معاہدہ گروٹرز کے صدر منتخب ہونے پر ختم ہو گیا۔ انہوں نے ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور سابق پریس سکریٹری کیرولین لیوٹ کے بال بنوانے اور میک اَپ پر ہونے والے اخراجات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرکاری خزانے پر کوئی بوجھ نہیں پڑا۔ گروٹرز نے ارکان سے فون پر بات کر کے ان کی شکایات بھی سنیں۔ آر این سی کے نئے چیئرمین کا انتخاب جنوری میں ایریزونا میں ہونے والی میٹنگ میں کیا جائے گا۔ پارٹی کے اندر جاری اختلاف 2028 کے صدارتی انتخابات کی تیاریوں کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔