
جنوبی کوریا نے اپنے مشرقی جزیرے اُلّونگ کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔ اس کی وجہ کئی روسی طیاروں کا ملک کے ایئر ڈیفنس زون میں داخل ہونا بتایا جا رہا ہے۔ یہ طیارے جزیرہ نما کوریا اور جاپان کے درمیان سمندر کے اوپر پرواز کر رہے تھے۔ حالانکہ بعد میں جنوبی کوریا کی فوج نے واضح کیا کہ روسی طیارے ملک کی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوئے تھے۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف (جے سی ایس) نے منگل کو بیان جاری کر کے پہلے دی گئی معلومات میں اصلاح کی۔ اس سے پہلے وزارت داخلہ اور مقامی انتظامیہ نے کہا تھا کہ غیر ملکی طیاروں نے جنوبی کوریا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس وقت طیاروں کے شمالی کوریا کے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
جنوبی کوریا کی وزارت سلامتی نے صبح تقریباً 7.52 بجے اُلّونگ جزیرے کے لوگوں کو زیر زمین محفوظ مقامات پر چھپنے کا حکم دیا تھا۔ حالانکہ 3 منٹ بعد ہی یہ حکم واپس لے لیا گیا۔ وزارت نے بتایا کہ طیارے خطرے والے علاقے سے باہر نکل گئے ہیں۔ جے سی ایس کے مطابق، روسی طیاروں کی آمد کے بعد جنوبی کوریا نے اپنے لڑاکا طیارے تیار کر دیے تھے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔ روسی طیارے وہاں سے چلے گئے۔ تاہم، فوج نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے روسی طیارے آئے تھے اور وہ کس قسم کے تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔