دیگر ممالک

آئزن کوٹ گروپ کے متن کہانا اسرائیلی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب، نیتن یاہو کے قریبی ہٹائے گئے

متن کہانا کے اسپیکر بننے سے آئزن کوٹ کی قیادت والی جماعتوں کو اپنے ترجیحی بلوں کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔ ان میں 7 اکتوبر 2023 میں حماس کے حملے کی آزادانہ جانچ کرانے کی تجویز بھی شامل ہے۔

<div class="paragraphs"><p>متن کہانا، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/NadavPerry">@NadavPerry</a></p></div>

متن کہانا، تصویر ’ایکس‘ @NadavPerry

 

اسرائیلی پارلیمنٹ میں اسپیکر کی کرسی تبدیل ہو گئی ہے۔ یہ جگہ بنجامن نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے امیر اوہانا کی جگہ اب متن کہانا نے لے لی ہے۔ کہانا گادی آئزن کوٹ کی پارٹی یاشر کے رکن ہیں۔ اس تبدیلی سے پارلیمنٹ میں آئزن کوٹ کی قیادت والے گروپ کی گرفت مضبوط ہوئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق 17 نومبر بروز منگل ہونے والے انتخاب میں متن کہانا کو 66 ووٹ ملے، جبکہ دوسرے امیدوار کو 52 ووٹ ہی مل سکے۔ اکتوبر میں ہونے والے انتخاب کے دوران گادی آئزن کوٹ نیتن یاہو کے اہم حریف کے طور پر سامنے آئے تھے۔ حالانکہ اس انتخاب میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کو کنیسیٹ کہا جاتا ہے، اس میں کل 120 اراکین ہوتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر کا عہدہ کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اسپیکر کے پاس یہ طے کرنے کا اہم اختیار ہوتا ہے کہ کون سا بل ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ متن کہانا کے اسپیکر بننے سے آئزن کوٹ کی قیادت والی جماعتوں کو اپنے ترجیحی بلوں کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔ ان میں 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کی آزادانہ جانچ کرانے کی تجویز بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ نیتن یاہو اس جانچ کی مخالفت کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم کی مدت کار کی حد طے کرنے کی بھی تجویز شامل ہے۔ آئزن کوٹ کا گروپ نیتن یاہو کی گزشتہ حکومت کے ان قوانین کی واپسی کا بھی مطالبہ کر رہا ہے، جس کی وجہ سے ناقدین کے مطابق عدلیہ کے اختیارات کم ہو گئے ہیں۔

اسپیکر کے انتخاب پر نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ متن کہانا کو ان ارکان پارلیمنٹ کے ووٹوں سے منتخب کیا گیا ہے، جو دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران نیتن یاہو نے اسرائیل کی عرب قیادت والی جماعتوں کو ملک کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا تھا۔ ان جماعتوں نے ان کے بیانات کو نسل پرستانہ اور امتیازی قرار دیا تھا۔ اسپیکر کے انتخاب کے ساتھ ہی آئزن کوٹ کی قیادت والے گروپ کے ارکان کو پارلیمنٹ کی کئی اہم کمیٹیوں کا چیئرمین بھی بنایا گیا ہے۔ یہ کمیٹیاں نئے قوانین کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ایسے میں پارلیمنٹ کے کام کاج میں اس گروپ کا کردار اہم ہو گیا ہے۔ حالانکہ اسپیکر کے انتخاب کے باوجود اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل نہیں ہو سکی ہے۔ 27 اکتوبر کو ہونے والے عام انتخابات میں نیتن یاہو اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔ دوسری جانب آئزن کوٹ اور ان کی اتحادی جماعتیں بھی حکومت بنانے کے لیے ضروری حمایت حاصل نہیں کر پائی ہیں۔ پارلیمنٹ نے 10 نومبر کو حلف لیا تھا، لیکن نئی حکومت کی تشکیل کا راستہ اب بھی صاف نہیں ہو سکا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔