
نیپال: تصویر/آئی اے این ایس
نیپال کے رسوا ضلع کے بھوٹے کوشی علاقے میں آنے والے بھیانک سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ تباہی کی تصویر آہستہ آہستہ سامنے آ رہی ہے۔ نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی آر آر ایم اے) کی سرکاری اپ ڈیٹ کے مطابق سیلاب کے بعد اب تک 734 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 2498 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو مہم چلائی جا رہی ہے۔
’نیپال نیوز‘ نے این ڈی آر آر ایم اے کے حوالے سے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ کئی اضلاع سے اب تک 734 لاشیں اور انسانی باقیات برآمد کی گئی ہیں۔ ان میں چتون سے 259، نول پراسی (بردگھاٹ سستا ایسٹ) سے 184، نول پراسی (بردگھاٹ سستا ویسٹ) سے 82، گورکھا سے 58، نوواکوٹ سے 52، دھادنگ سے 50، تنہوں سے 36 اور رسوا سے 13 لاشیں شامل ہیں۔ سیلاب میں زخمی ہونے والے 242 افراد زیر علاج ہیں یا علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی پا چکے ہیں۔
لاپتہ افراد کی فہرست بھی کافی طویل ہے۔ ان میں 933 ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے کارکن اور 589 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔ غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ سفر کرنے والے 127 نیپالی شہری بھی لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ رسوا کے 562 مقامی باشندے، نوواکوٹ کے 115، مکوان پور کے 65 اور لَانگ ٹانگ نیشنل پارک میں 3 افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ اس فہرست میں مختلف سرکاری محکموں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
سیلاب کے بعد بڑے پیمانے پر بچاؤ مہم چلائی جا رہی ہے۔ مجموعی طور پر 19895 سیکورٹی اہلکار ریسکیو آپریشن میں تعینات ہیں۔ ان کی کوششوں سے اب تک 8186 افراد کو محفوظ نکالا جا چکا ہے۔ ان میں نیپالی فوج نے 2974، نیپال پولیس نے 2699 اور مسلح پولیس فورس نے 2513 افراد کو بچایا ہے۔ مشکل علاقوں تک پہنچنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ ہیلی کاپٹر آپریشن کے دوران ہائیڈرو پاور پروجیکٹوں کی سرنگوں میں پھنسے 279 کارکنوں کو باہر نکالا گیا۔ اس کے علاوہ 227 غیر ملکی شہریوں کو بھی ایئر لفٹ کر محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ریسکیو کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے کا کام بھی جاری ہے۔ 37 ٹرکوں اور ہیلی کاپٹر کی 7 پروازوں کے ذریعے کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ دیگر ضروری امدادی سامان بھیجا جا رہا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں خصوصی سرجیکل میڈیکل ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ متاثرہ مقامی بلدیات میں حکومت کی جانب سے نقد امدادی رقم بھی تقسیم کی جا رہی ہے۔ سیلاب کے بعد جاری اس مہم کا ایک بڑا حصہ اب بھی لاپتہ افراد کی تلاش پر مرکوز ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2498 افراد کی تلاش جاری ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں اب تک ہزاروں افراد کو محفوظ نکال چکی ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔