امریکہ-ایران جنگ، قومی آواز گرافکس
امریکہ کی جانب سے ایران پر تازہ فضائی حملوں کے بعد مغربی ایشیا میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر حملہ کیا ہے۔ اس کے بعد قطر سمیت کئی خلیجی ممالک میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ قطر کی وزارت داخلہ نے دوحہ سمیت پورے ملک میں موبائل فون پر ایمرجنسی سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تمام شہریوں اور غیر ملکی باشندوں سے گھروں یا محفوظ مقامات میں رہنے کی اپیل کی ہے۔ قطر کی وزارت داخلہ نے سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فی الحال سیکورٹی خطرہ بہت زیادہ ہے۔ وزارت نے تمام شہریوں اور غیر ملکی باشندوں سے کہا ہے کہ کسی ضروری کام کے بغیر باہر نہ نکلیں اور صرف محفوظ مقامات پر رہیں۔
وزارت کے مطابق یہ فیصلہ دوحہ میں عینی شاہدین کی جانب سے زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے اور ایران کی جوابی کارروائی کے بعد لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کویت، بحرین اور اردن میں بھی دھماکوں کی اطلاعات مل رہی ہیں، جس کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ حکومت نے لوگوں سے سیکورٹی اداروں کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ اس دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، اور یہ ایرانی بیلسٹک میزائلوں، کروز میزائلوں اور حملہ آور ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کے دوران کی آوازیں ہیں۔
وزارت کے مطابق ’ایئر ڈیفنس سسٹم‘ نے ایران کی جانب سے داغی گئیں میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں کامیابی کے ساتھ تباہ کر دیا، جس کی وجہ سے ممکنہ نقصان ٹل گیا۔ ’فارس‘ نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی اڈوں پر ایرانی فوج کی جوابی کارروائی کے بعد پورے خلیجی خطے میں سیکورٹی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔ یو اے ای اور قطر کے علاوہ کویت، بحرین اور اردن میں بھی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر خلیجی ممالک نے اپنے سیکورٹی انتظامات اور فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط کر دیا ہے، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی پر پوری دنیا کی نظر برقرار ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔