
پیٹ ہیگسیتھ، تصویر سوشل میڈیا
امریکہ کے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ ایران کے خلاف پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر جنگ شروع کرنے اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزامات کے تحت ان کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش کی گئی ہے۔ امریکی پارلیمنٹ کے ایوان نمائندگان میں اسی ہفتے اس تحریک پر ووٹنگ ہونے کا امکان ہے۔ تاہم صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہیگسیتھ کا بھرپور دفاع کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ مواخذے کی تحریک منظور ہونے کی صورت میں بھی وہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق کینٹکی سے ریپبلکن رکن پارلیمنٹ تھامس میسی نے پیر (9 نومبر) کو ہیگسیتھ کے خلاف 8 الزامات پر مشتمل مواخذے کی تحریک پیش کی۔ ان میں کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال جیسے الزامات شامل ہیں۔ تحریک پیش ہونے کے بعد آئندہ 2 روز کے اندر ایوان نمائندگان میں اس پر ووٹنگ کا عمل شروع ہو سکتا ہے۔
تھامس میسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ ریپبلکن پارٹی کے رہنما طریقۂ کار سے متعلق کسی تحریک کے ذریعے مواخذے کے معاملے پر براہ راست ووٹنگ سے بچنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 8 الزامات پر ایوان میں سنجیدہ بحث ہونی چاہیے اور اراکین پارلیمنٹ کو ووٹ دینے کا موقع ملنا چاہیے۔ کانگریس سے وابستہ ذرائع کے مطابق ایوان نمائندگان میں مواخذے کی تحریک منظور کرانے کے لیے کافی حمایت مل سکتی ہے۔ فی الحال ایوان پر ریپبلکن پارٹی کا کنٹرول ہے، جبکہ 3 جنوری سے ڈیموکریٹک پارٹی اکثریت سنبھال لے گی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ہیگسیتھ کا دفاع کیا۔ ایران اور وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’’انہوں نے 2 جنگیں جیتی ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ آپ ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی کیسے چلا سکتے ہیں۔‘‘ اس کے بعد وائٹ ہاؤس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی تحریک منظور بھی ہو جاتی ہے، تب بھی وہ ان کی حمایت کریں گے۔ ٹرمپ نے مواخذے کی تحریک پیش کرنے والے ریپبلکن رکن پارلیمنٹ تھامس میسی کو ’مکمل طور پر ناکام شخص‘ بھی قرار دیا۔ ٹرمپ نے کانگریس کے اراکین سے ہیگسیتھ کی حمایت میں کھڑے ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں وزیر دفاع کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کے بجائے کانگریس کو ان کا ساتھ دینا چاہیے۔ ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے بھی اس کوشش کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک فوجی تنازعات جاری رہنے کے دوران وزیر دفاع کے خلاف مواخذے کی کارروائی امریکہ کے اتحادیوں اور مخالفین، دونوں کو غلط پیغام دے گی۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی تاریخ میں محکمۂ دفاع کے کسی سویلین سربراہ کے خلاف مواخذے کی کارروائی انتہائی نایاب رہی ہے۔ 1876 میں اس وقت کے وزیر دفاع ولیم بیلکنپ کانگریس میں مواخذے کا سامنا کرنے والے پہلے اور اب تک واحد امریکی فوجی محکمے کے سویلین سربراہ بنے تھے۔ پیٹ ہیگسیتھ خود کو ’سیکریٹری آف وار‘ یعنی وزیر جنگ کہلانا پسند کرتے ہیں۔ گزشتہ سال عہدہ سنبھالنے کے بعد سے انہوں نے امریکی فوج کی شبیہ بدلنے پر زور دیا ہے۔ اب اگر ایوان نمائندگان ان کے خلاف مواخذے کی تحریک منظور کر لیتا ہے تو ان کا نام بھی امریکی تاریخ کے اس نادر واقعے سے جڑ جائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔