دیگر ممالک

’تباہی اور بربادی کے مناظر دیکھ کر افسردہ ہوں‘، لبنان پر اسرائیلی حملوں کی گوٹیرس نے مذمت کی

انتونیو گوٹیرس نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’طاقت کے استعمال کا اختیار صرف لبنان کی حکومت کے پاس ہونا چاہیے۔ میں تمام فریقوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>انتونیو گوٹیرس، تصویر یو این آئی</p></div>

انتونیو گوٹیرس، تصویر یو این آئی

 

جنوبی لبنان میں اسرائیل کے بڑھتے حملے اور فوجی کارروائیوں پر اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے بدھ کو اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تل ابیب سے اپیل کی کہ وہ اپنی کارروائیوں پر روک لگائے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انتونیو گوٹیرس نے لکھا کہ ’’میں عام لوگوں کی موت، لوگوں کو جگہ خالی کرنے کے احکامات سے ہونے والی پریشانی اور نقل مکانی، نیز بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی اور بربادی کے مناظر دیکھ کر افسردہ ہوں اور اس کی مذمت کرتا ہوں۔‘‘

انتونیو گوٹیرس نے ’فوری طور پر لڑائی روکنے‘ کی اپیل کرتے ہوئے اسرائیل سے کہا کہ وہ لبنان کے علاقے سے اپنی فوج ہٹا لے۔ اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’’طاقت کے استعمال کا اختیار صرف لبنان کی حکومت کے پاس ہونا چاہیے۔ میں تمام فریقوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں۔‘‘ ان کے مطابق عام شہریوں اور شہری تنصیبات کا ہر وقت تحفظ کیا جانا چاہیے۔ انہیں حملوں کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے اور ان پر کیے جانے والے حملے ناقابل قبول ہیں۔ امن کی اپیل کرتے ہوئے انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ اقوام متحدہ تشدد کے خاتمے، شہریوں کے تحفظ اور اس تنازعہ کا مستقل حل تلاش کرنے کی کوششوں میں تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اسرائیل گزشتہ کافی عرصے سے حزب اللہ کے خلاف کارروائی کی بات کرتے ہوئے جنوبی لبنان کو نشانہ بناتا رہا ہے۔ بدھ کو بھی گولہ بارود سے حملوں کی خبر سامنے آئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے نبطیہ صوبہ کے جنوبی لبنانی قصبوں کفر ریمن اور کفر تبنیت پر توپوں سے گولے داغے۔ لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق مقامی لوگوں نے بنت جبیل ضلع کے حداثہ قصبے میں زوردار دھماکوں کی اطلاع دی۔ امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی ’جنگ بندی‘ کے باوجود اسرائیل روزانہ حملے کر رہا ہے اور جنوب میں اس کا قبضہ بھی برقرار ہے۔ دوسری جانب ایران بھی مسلسل کہتا رہا ہے کہ جب تک لبنان پر اسرائیلی حملے نہیں رکیں گے، وہ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔