دیگر ممالک

فرانسیسی صدر میکرون نے ٹرمپ کے ’مسلم شہر‘ والے بیان کو احمقانہ قرار دیا

میکرون نے بدھ کے روز غیر ملکی لیڈران کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے کئی شہروں میں ہوئی لوٹ مار کے بعد اطلاعات کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

 

فرانس میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ مہنگائی کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج آتش زنی اور لوٹ مار میں تبدیل ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فرانس کی اس صورتحال پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیرس بہت جلد ایک ’مسلم شہر‘ بن جائے گا۔ اس بیان کے بعد فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون برہم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کشیدہ سماجی صورتحال سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

میکرون نے تشدد معاملہ سے متعلق ہو رہے تبصروں کو لے کر بدھ کے روز غیر ملکی لیڈران کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے کئی شہروں میں ہوئی لوٹ مار کے بعد اطلاعات کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ میکرون نے کہا کہ اسی وجہ سے کئی لوگوں، جن میں غیر ملکی لیڈران بھی شامل ہیں، ان کی جانب سے بیانات دیے گئے ہیں۔ کچھ بیانات نہ صرف احمقانہ ہیں، بلکہ مکمل طور پر ناقابل قبول بھی ہیں۔ جب ایک صحافی نے میکرون سے پوچھا کہ کیا ان کا اشارہ ٹرمپ کی جانب ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ’’دیگر لوگوں کے ساتھ ساتھ ان کی جانب بھی ہے۔‘‘

میکرون نے مہاجرین اور اسلام پسندوں کی جانب سے فرانس پر حملوں کے بارے میں ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر غلط قرار دیا۔ میکرون نے مزید کہا کہ اے آئی سے بنی تصاویر ایسی دکھائی جا رہی ہیں، جس میں ایسے مناظر ہیں، جو حقیقت میں فرانس میں کبھی نہیں ہوئے تھے۔ کچھ لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ فرانس پر مہاجرین اور اسلام پسندوں نے حملہ کر دیا ہے، جو مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط ہے۔

اس دوران فرانس کے وزیر خارجہ جین نول بیروٹ نے کہا کہ ان کا دفتر متعلقہ ممالک کو ضروری وضاحتیں دے سکتا ہے، تاکہ انہیں سوشل میڈیا پر غلط اطلاع پھیلانے یا اسے فروغ دینے اور بے بنیاد دعوے کرنے سے روکا جا سکے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے ایک ریلی کے دوران فرانس کے حوالے سے تبصرہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پیرس بہت جلد ایک مسلم ملک بن جائے گا، اور وہاں مہاجرین، اسلام پسندوں اور کمیونسٹوں کا قبضہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہاں لوٹ مار ہو رہی ہے، سب کچھ جلایا جا رہا ہے۔ ہم اپنے ملک میں ایسا ہونے نہیں دیں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔