
مال بردار جہاز میں آگ کی علامتی تصویر، سوشل میڈیا
ایران نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 2 آئل ٹینکرز اور ایک ٹگ بوٹ میں آگ لگ گئی۔ ایران کے مطابق یہ جہاز غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے اور اسی دوران بارودی سرنگ سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں آگ لگنے کا یہ واقعہ پیش آیا۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ آئی آر جی سی کے مطابق ’’ایک غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کے دوران آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکرز اور ایک ٹگ بوٹ میں آگ لگ گئی۔‘‘
آئی آر جی سی کے بیان کے مطابق ’’بدھ کی شب آبنائے ہرمز کے جنوبی راستہ سے گزرتے وقت ایک بڑا آئل ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں اس میں آگ لگ گئی۔ وہیں، دوسرا سپر ٹینکر آبی گزرگاہ کے مشرقی حصے سے باہر نکلتے وقت آگ کی زد میں آ گیا، جبکہ آگ بجھانے کے لیے بھیجی گئی ایک ٹگ بوٹ میں بھی بعد میں آگ لگ گئی۔‘‘ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے جہازوں کو بارودی سرنگوں والے راستوں سے گزارنے کی ضد کے باعث امریکی ٹیکس دہندگان اور خطے کے اتحادیوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور بیمہ کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
اس دوران ایران کی الیکٹرانک وارفیئر یونٹس نے امریکہ کے 2 ’لوکاس‘ ڈرونز کو اپنے قبضے میں لینے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ آئی آر جی سی کی بحری الیکٹرانک وارفیئر یونٹس نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے امریکہ کے 2 ’لوکاس‘ ڈرونز کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ اس سے قبل بدھ کو بھی بحری یونٹ نے ایک امریکی ڈرون کو مار گرانے کی بات کہی تھی۔ بیان کے مطابق ’’آئی آر جی سی نے آبنائے ہرمز میں جزیرہ قشم کے اوپر ایک امریکی ایم کیو-1 ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا۔ یہ ایرانی فضائی دفاعی نظام کے ذریعہ گرایا جانے والا اپنی نوعیت کا 15واں طیارہ ہے۔‘‘
آئی آر جی سی کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پہلے ڈرون کی نقل و حرکت پر نظر رکھی گئی اور پھر ہمارے جدید فضائی دفاعی نظام نے اسے تباہ کر دیا۔ یہ نظام ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹورک کے تحت کام کرتا ہے۔ جاری کردہ بیان میں واقعہ کا صحیح وقت یا استعمال کیے گئے میزائل کی قسم کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔