
برطانیہ کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
برطانیہ میں 8 ستمبر کو فضائی نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ’ فلائٹ ریڈار24‘ کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے پورے ملک میں کام کاج متاثر ہوا، جس کے سبب برطانیہ کے ہوائی اڈوں پر تقریباً 1000 پروازوں کو رد کر دیا گیا۔ نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (این اے ٹی ایس) کی جانب سے تکنیکی خرابی سے متعلق اطلاع دی گئی، اس کے مطابق فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں ایک بڑے مسئلہ کی شناخت کر لی گئی اور انجینئر اسے ٹھیک کرنے کے لیے تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
’فلائٹ ریڈار24‘ کے مطابق لندن میں واقع ’ہیتھرو ایئرپورٹ‘ سمیت برطانیہ کے دیگر ایئر پورٹ سے آمد و رفت کرنے والی تقریباً 1000 فلائٹیں رد کر دی گئیں، اس کی وجہ سے برٹش ایئرویز، ایزی جیٹ، کے ایل ایم اور لفتھانسا جیسی بڑی ایئر لائنز کی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ پروازوں کے متاثر ہونے کی وجہ سے برطانیہ کے مسافروں کو بے پناہ دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تکنیکی خرابی کے باوجود ہوائی خدمات جاری رہیں اور برٹش ایئر اسپیس کھلا رہا، لیکن رکاوٹ کی وجہ سے آپریشنز کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ این اے ٹی ایس نے بعد میں بتایا کہ اس نے مسئلے کے حل پر عمل درآمد کیا ہے اور سسٹم اب معمول پر آگئے ہیں۔
این اے ٹی ایس کی جانب سے کہا گیا کہ اس نے اپنے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم کو ٹھیک کر لیا ہے، حالانکہ برطانیہ کے 15 ایئر پورٹس اور دیگر مقامات پر پروازوں کا مسئلہ برقرار رہا، کیونکہ ایئر لائنس اور ہوائی اڈے خلل پڑنے والی پروازوں کا ایک بہت بڑا بیک لاگ صاف کرنے میں مصروف تھے۔ خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق این اے ٹی ایس نے کہا کہ ہمیں پریشانی پتہ ہے، مسئلہ ہمارے فلائٹ پروسیسنگ سٹم میں تھا۔ ہمارے انجینئر موقع پر لگے ہیں اور جلد از جلد مسئلہ حل کرنے میں مصروف ہیں۔ مزید کہا کہ کئی فلائٹس اب بھی پرواز کر رہی ہیں اور ایئر اسپیس کھلا ہے، لیکن حالات معمول پر آنے میں وقت لگے گا۔
برطانیہ کے سب سے بڑے ایئر پورٹ اور ہیتھرو ایئرپورٹ نے کہا کہ وہ دقتوں کو حل کرنے کے لیے این اے ٹی ایس کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ’فلائٹ ریڈار24‘ نے بتایا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے لندن فلائٹ انفارمیشن ریجن میں ہوائی اڈوں سے آمد و رفت کرنے والی پروازوں کو کنٹرول کیا جا رہا تھا۔ فلائٹ اویئر کے ڈاٹا سے پتہ چلا ہے کہ ہیتھرو میں تقریباً 100 فلائٹس کو رد کرنا پڑا ہے، جبکہ 367 فلائٹس میں تاخیر ہوئی۔ ہیتھرو کے علاوہ گیٹوک میں تقریباً 250 فلائٹ میں تاخیر ہوئی، جو کہ ایئر پورٹ کی مجموعی پروازوں کا تقریباً 31 فیصد ہے۔ منگل کے روز دوپہر تک متاثرہ ایئرپورٹس پر تقریباً 300 پروازوں کے رد ہونے کی اطلاع ملی، جبکہ این اے ٹی ایس کے سسٹم معمول پر آنے لگے ہیں۔
لندن کے باہر ایئر پورٹ پر بھی اثر پڑا ہے۔ ایڈنبرا ایئرپورٹ نے اپنے مسافروں کو آگاہ کیا ہے کہ تکنیکی خرابی سے کام کاج پر اثر پڑ سکتا ہے۔ ڈبلن ایئرپورٹ نے بتایا کہ برطانیہ سے آمد و رفت کرنے والی پروازوں میں بھی رکاوٹ آرہی ہے۔ لوٹن اور برمنگھم ہوائی اڈوں کے ساتھ ساتھ ابرڈین اور گلاسگو ہوائی اڈوں پر پروازوں کے تاخیر یا منسوخ ہونے کی خبر ہے۔ ایزی جیٹ کا کہنا ہے کہ اس مسئلہ کی وجہ سے پورے یورپ میں پروازوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔ رد ہوئیں پروازوں میں سب سے زیادہ 96 پروازیں برٹش ایئرویز کی تھیں، جب کہ ایزی جیٹ کی 92، کے ایل ایم کی 20، لفتھانسا کی 12 اور سوئس ایئر لائنز کی 11 پروازیں رد ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے بھی تکنیکی خرابی کی وجہ سے برطانیہ ایوی ایشن نیٹ ورک میں بڑی رکاوٹیں آئی ہیں۔ 2024 میں بھی برطانیہ ایوی ایشن نیٹ ورک ریگولیٹر نے کہا تھا کہ این اے ٹی ایس کو اپنے ہنگامی انتظامات کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ گزشتہ سال فلائٹ پلان پروسیسنگ میں خرابی کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔ ایئرلائن افسران کا اندازہ ہے کہ گزشتہ بار جب اس طرح کی رکاوٹیں آئیں تو ہوا بازی کی صنعت کو 100 ملین پاؤنڈ سے زیادہ کی رقم کی واپسی اور معاوضے کا نقصان ہوا تھا۔ گزشتہ سال جولائی میں ریڈار سے متعلق تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہیتھرو اور دیگر ایر پورٹ پر 4 گھنٹے سے زیادہ پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔