زلزلہ سے متاثر ایک عمارت، ویڈیو گریب
انڈونیشیا کے ساحل کے قریب ہفتہ کی علی الصبح 7.7 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا۔ اس زلزلہ کے بعد سنامی کے خدشہ کو دیکھتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ 7.7 شدت کے زلزلہ کے بعد مزید کئی جھٹکے محسوس کیے گئے، جسے آفٹر شاکس بتایا جا رہا ہے۔ یورپی-میڈیٹیرینین سسمولوجیکل سینٹر یعنی ’ای ایم ایس سی‘ کے مطابق زلزلہ کا مرکز سمندر کے اندر تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 35 کلومیٹر تھی۔
ای ایم ایس سی کا کہنا ہے کہ یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 4.58 بجے ریکارڈ کیا گیا۔ بڑے زلزلہ کے بعد کم از کم 3 آفٹر شاک یعنی بعد کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس سے واضح ہے کہ زمین کے اندر ہلچل ابھی تھمی نہیں ہے اور آنے والے وقت میں مزید جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
انڈونیشیا کی موسمیاتی اور جیو فزکس ایجنسی ’بی ایم کے جی‘ نے اس سمندری زلزلے کے بعد ملک کے کچھ علاقوں کے لیے فوری طور پر سنامی کی وارننگ جاری کر دی۔ ایجنسی کی ٹیمیں اب حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ زلزلہ اور اس کے بعد آنے والے جھٹکوں کا اثر کن علاقوں پر سب سے زیادہ پڑ سکتا ہے۔ زلزلہ سے ہوئے نقصانات سے متعلق فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے، لیکن سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز ایسی ضرور پوسٹ کی گئی ہیں، جن میں عمارتوں کو تیزی سے ہلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ ویڈیوز میں عمارتوں کے حصے ٹوٹتے ہوئے اور عمارتوں کے اندر لوگوں کو خوفزدہ حالت میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری طرف آسٹریلیا کی سنامی وارننگ ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ اس زلزلہ سے آسٹریلیا کی مرکزی سرزمین، وہاں کے جزائر یا دیگر علاقوں کو سنامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ یعنی آسٹریلیا میں فی الحال راحت کی صورت حال برقرار ہے۔ زلزلہ سمندر کے اندر آیا تھا، اس لیے انڈونیشیا میں زمین پر اس کا کیا اثر ہوا، یہ ابھی واضح نہیں ہو سکا ہے۔ جانی و مالی نقصان یا کسی بھی طرح کے نقصان کی اطلاع ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔ حکام صورت حال پر باریکی سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا زلزلوں اور آتش فشانی سرگرمیوں کے حوالے سے حساس خطہ ہے۔ ایسا اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ یہ بحرالکاہل میں آتش فشاں پہاڑوں اور فالٹ لائنوں کے ایک قوس یعنی ’رِنگ آف فائر‘ پر واقع ہے۔ بہرحال، تازہ زلزلہ کے بعد مقامی لوگوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ساحل سمندر اور ندی کے کناروں سے دوری بنا کر رکھیں۔ مقامی افسران نے متاثرہ علاقوں کے باشندوں کو اونچے مقامات پر جانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔ سنامی کے خدشات کے پیش نظر سمندری لہروں کی باریکی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔